DailyNewsHeadlinePothwar.com
Chakswari, AJK: Two kanals of land were approved for the Chakswari Press Club and the plot papers were handed over
چکسواری پریس کلب کے لئے دو کنال اراضی کی منظوری ہو کر پلاٹ کے کاغذات دئیے گئے

چکسواری ؛ (پوٹھوار ڈاٹ کام، اللہ دتہ بسمل ،04 ,جنوری، 2023)—ڈی جی ایم ڈی ایچ اے چودھری محمد منشاء نے کہا ہے کہ چکسواری پریس کلب ایک پرانا ادارہ ہے جس کے لئے آج دو کنال اراضی کی منظوری ہو کر آپ کو پلاٹ کے کاغذات دئیے گئے ہیں۔ میں نے یہ پلاٹ دینے کا اعلان گزشتہ سال اسلام گڑھ پریس کلب کی حلف برداری کی تقریب میں کیا تھا۔آج اس کی تکمیل ہو رہی ہے۔اس پریس کلب کی بنیاد میں بانی پریس کلب صوفی محمد رشید احمد اور دیگر صحافیوں کی قربانیاں موجود ہیں۔سابق وزیر اعظم چودرھری عبدالمجید،یاسر ممتاز اور محمد ظفیر بابا کی کاوشیں بھی شامل ہیں۔ ادارہ بن جائے تو وہ ایک یاد گار بن جاتا ہے۔جیسے یہ ریسٹ ہاؤس بنا ہوا ہے۔آپ بھی پریس کلب کو ایک مثالی ادارہ بنائیں۔ڈی جی اطلاعات راجہ اظہر اقبال نے کہا کہ چکسواری پریس کلب کے لئے پلاٹ سابق وزیر اعظم چودھری عبدالمجید نے مختص کیا تھا جس کے لئے خصوصی تحریک جناب موجودہ ڈی جی چودھری محمد منشاء نے کی۔انھوں نے چکسواری اور اسلام گڑھ پریس کلبوں کے لئے پلاٹ الاٹ کروائے۔اب آپ کی ذمہ داری بنتی ہے کہ آپ اس پریس کلب کی خوبصورت عمارت بنائیں۔اس عمارت کو بنوانے سے پہلے دیگر اداروں کا وزٹ کریں اور اس پریس کلب کو مثالی پریس کلب بنائیں۔محمد ظفیر بابا مرکزی صدر سنٹرل یونین آف جرنلسٹس نے کہا کہ اس پلاٹ کیلئے سابق وزیر اعظم چودھری عبدالمجید،سابق میڈیا ایڈوائزر یاسر ممتاز چودھری،سابق وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیاز ی،ڈی جی اطلاعات راجہ اظہر اقبال اور دیگر دوستوں کا بھی حصہ شامل ہے۔آپ کو پلاٹ مل گیا ہے اب اس پر شاندار عمارت بنائیں۔ اس سے قبل میں آپ سے گزارش کروں گا کہ اپنے قلم قبیلہ سے تعلق رکھنے والے تمام صحافیوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کریں۔ممبر بورڈ آف گورنر حاجی خالد حسین چودھری نے کہا کہ اس سے بڑی خوشی کیا ہو گی کہ ایک شخس کو جب اپنا گھر بنانے کے لئے جگہ میسر آئے۔آج آپ کی خوشی جائز ہے کہ 28سال بعد آپ کو اپنے پریس کلب کی عمارت بنانے کے لئے ایک پلاٹ دیا جا رہا ہے۔اب آپ مل کر اسے ایک ادارہ بنائیں کیوں کہ عمارت بنانا آسان ہے اور اسے ایک ادارہ بنانا زیادہ مشکل ہے۔اس سے قبل نو منتخب صدر اللہ دتہ بسمل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس پریس کلب کی بنیاد صوفی محمدرشید احمد،حاجی محمد ادریس،مرزا محمد نذیر، محمد اقبال خواجہ،محمد رفیق بھٹی،مسعود احمد چودھری اور شبیر حسین رچیال نے رکھی۔آج یہ پودا ایک تناور درخت بن چکا ہے۔یہ پریس کلب اب یہ ادارہ رجسٹرڈ بھی ہو چکا ہے اور آج اس پریس کلب کو ایک پلاٹ دیا جا رہا ہے تا کہ قلم قبیلہ کے لوگ اس میں بیٹھ کر عوامی مسائل لکھ سکیں گے۔ اس پلاٹ کے حصول کے لئے میں سابق وزیرا عظم آزاد کشمیر چودھری عبدالمجید،سابق میڈیا ایڈوائزر یاسر ممتاز چودھری،ایم ایل اے چودھری قاسم مجید اور سینئر نائب صدر چودھری ظفر انور کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں جن کی وجہ سے ہمارا ایک دیرینہ مطالبہ پورا ہو سکا ہے۔سیکرٹری جنرل عنصر محمود غزالی نے کہا کہ چکسواری پریس کلب ایک مثالی ادارہ ہے جس کے کسی بھی صحافی نے آج تک زرد صحافت نہیں کی اورنہ ہی کسی پر ایسا کوئی الزام لگا ہے۔اس پریس کلب کو بنانے میں صوفی محمد رشید سے لے کر آج تک ہر صحافی کی خدمات ہیں۔انھوں نے بانی ارکان کی قربانیوں کا بھی ذکر کیا۔اس تقریب میں سابق کونسلر لیڈز چودھری عارف حسین،صدر ریاست کے اعزازی مشیر چودھری کرامت حسین،حاجی فضل حسین،حاجی گودڑ حسین،حاجی امیر حسین،ڈسٹرکٹ آفیسراطلاعات ملک جاوید،شاہد گورسی،چنار پریس کلب اسلام گڑھ کے صدر چودھری امجد علی،عمران بلال،مفتی وسیم رضا،نو منتخب ڈسٹرکٹ کونسلر خوشنود چودھری،نو منتخب کونسلر حاجی بشیر پرواز چودھری اور دیگر معززین علاقہ نے شرکت کی۔چکسواری پریس کلب کے تمام ممبران و عہدیداران نے اس تقریب میں بھرپور شرکت کی۔تقریب کے آخر میں چکسواری پریس کلب کے صدر راجہ نثار احمد خان نے ڈی جی ایم ڈی ایچ اے الحاج چودھری منشاء اور ڈی جی اطلاعات راجہ اظہار اقبال کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کیں۔




