DailyNewsHeadlineKallar SyedanPothwar.com
Kallar Syedan; Alleged accused killed in police custody at Chauk Pindori police post in Kallar Syedan
کلر سیداں کی پولیس چوکی چوکپنڈوری میں پولیس حراست میں مبینہ ملزم ہلاک ہو گیا،
کلرسیداں(نمائندہ پوٹھوار ڈاٹ کوم، اکرام الحق قریشی،13جولائی,2022)—کلر سیداں کی پولیس چوکی چوکپنڈوری میں پولیس حراست میں مبینہ ملزم ہلاک ہو گیا،نعش کو ٹی ایچ کیو ہسپتال کلر سیداں لایا گیا جہاں ڈاکٹر نے مبینہ ملزم محمد افضل کی ہلاکت کی تصدیق کردی، راتوں رات نعش لاہور منتقل کرکے تدفین مکمل کر لی گئی۔ سی پی او راولپنڈی نے چوکی انچارج عمران نذیر کو معطل کرکے تحقیقات کا حکم دے دیا،یہ افسوسناک واقعہ عید کی شب پیش آیا۔تفصیلات کے مطابق ایک مقامی شہری نے چوری کے مقدمہ گمنام ملزمان کے خلاف درج کرا رکھا تھا عید کے روز انہوں نے لاہور سے تعلق رکھنے والے محمد افضل کو اس میں نامزد کیا محمد افضل چوکپنڈوری میں کرائے کے مکان میں رہتا تھا اور اپنا کاروبار کرتا تھا اسے اس کے بیٹے کے ہمراہ رات کو پولیس چوکی لایا گیا جہاں وہ شدید ذہنی دباؤ کے باعث دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گیا۔جس کے فوری بعد اس کے زیرحراست بیٹے کو رھا کرنے کے بعد اس کی اہلیہ کے ہمراہ نعش کو لاہور منتقل کرکے اس کی تدفین مکمل کر لی گئی۔ادہر ضلعی پولیس کے مطابق متوفی محمد افضل زیر حراست ملزم نہ تھا اسے ایک شہری کی درخواست کے بعد انکوائری کے لئے بلوایا گیا تھا،متوفی کے اہل خانہ کے مطابق وہ عارضہ قلب، شوگر اور دیگر امراض میں مبتلا تھا،طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال بھجوایا گیا جو اس دوران وفات پا گیا۔متوفی کے اہل خانہ کے بیان کے مطابق وہ بیماری کی وجہ سے فوت ہوئے اور اہل خانہ کو کسی قسم کا شک و شبہ نہیں ہے اور نہ ہی وہ کوئی کارروائی کروانا چاہتے ہیں۔ہسپتال کی رپورٹ کے مطابق بھی ظاہری طور پر تشدد کے شواہد سامنے نہیں آئے۔تاہم میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے سی پی او سید شہزاد ندیم بخاری نے ایس ایس پی آپریشنز کو معاملہ کی مکمل انکوائری کا حکم دیا ہے، اور انکوائرء میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے انچارج چوکی چوک پنڈوری سب انسپکٹر عمران نذیر کو معطل کرتے ہوئے انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے، میرٹ پر انکوائری کرتے ہوئے حقائق کو سامنے لایا جائے گا۔
Kallar Syedan (Pothwar.com, Ikram-ul-Haq Qureshi, July 13, 2022) Alleged accused Mohammad afzal was killed in police custody at Chauk Pindori police post in Kallar Syedan According to the hospital report, there was no apparent evidence of violence. However, to ensure merit and transparency, CPO Syed Shehzad Nadeem Bukhari has ordered SSP Operations to conduct a full inquiry into the matter. In order to ensure merit and transparency in the inquiry, the inquiry has been started by suspending Chauk Pindori Sub-Inspector Imran Nazir.
تمام پولنگ اسٹیشنوں پر مقامی لوگوں کو ووٹ پول کرنے کے حق سے محروم کردیا گیا
Locals are denied the right to vote at all polling stations
کلرسیداں(نمائندہ پوٹھوار ڈاٹ کوم، اکرام الحق قریشی،13جولائی,2022)—الیکشن کمیشن ضلع راولپنڈی کی کلرسیداں کے عوام سے ایک بار پھر دشمنی!شہر کے تمام پولنگ اسٹیشنوں پر مقامی لوگوں کو ووٹ پول کرنے کے حق سے محروم کردیا گیا ہر وارڈ اور گاؤں کے لوگ اپنی قریبی پولنگ اسٹیشن کی بجائے بارہ سے اٹھارہ کلومیٹر تک دور جا کر ووٹ پول کر سکیں گے۔تفصیلات کچھ یوں ہے کہ کلرسیداں سے تیرہ کلومیٹر دور گاؤں درکالی حاجی میاں بگا شیر کا پولنگ اسٹیشن گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کلرسیداں شہر قائم کیا گیا ہے میرا سنگال کے ووٹر نو کلومیٹر موہڑہ بنی والا،درکالی شیر شاہی ون کے ووٹر موہڑہ بنی والا اور درکالی شیر شاہی 2 کے ووٹر کمبیلی صادق،کلرسیداں شہر کے ووٹر شہر کے باہر کلر بدھال اور موہڑہ پھڈیال جا کر ووٹ ووٹ پول کریں گے۔ وارڈ کلرسیداں شہر ٹو کے ووٹر کو بوائز ہائی سکول منگلورہ،کلر سیداں سٹی تھری کے ووٹر کلر بدھال ووٹ پول کرسکیں گے،گاؤں کمبیلی صادق میں پولنگ اسٹیشن کی موجودگی کے باوجود کمبیلی صادق کے لوگ مقامی پولنگ اسٹیشن کی بجائے چھ سات کلومیٹر دور گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کلرسیداں شہر میں حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ وارڈ موہڑہ مرید کے ووٹر کلر بدھال اور کلرسیداں شہر ووٹ پول کرسکیں گے سروہا چوہدریاں پنڈ اور پرانا سروہا کے سینکٹروں ووٹر بارہ کلو میٹر دور پھلینہ اور ڈریال میں جا کر حق رائے دہی استعمال کریں گے اور پھلینہ ڈریال کے لوگ مقامی پولنگ اسٹیشن کی بجائے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول سروھا جا کر ووٹ پول کریں گے منگال کے ووٹر کلرسیداں ووٹ پول کرنے آئیں گے دوبیرن اور بھلاکھر روڈ تک پھیلی وارڈ جوچھہ ممدوٹ کے ووٹر گورنمنٹ سکول منگال میں ووٹ پول کر سکیں گے طوطا کے لوگ تیرہ کلومیٹر جوچھہ ممدوٹ ووٹ پول کریں گے۔کلرسیداں شہر کے ووٹر مقامی سطع پر سات پولنگ اسٹیشن موجود ہونے کے باوجود بیرون شہر بیول روڈ پر واقع سکول منگلورہ میں ووٹ پول کریں گے۔ کلرسیداں کی تمام سیاسی جماعتوں نے الیکشن کمیشن کی اس پولنگ اسکیم کو مسترد کرتے ہوئے چیف الیکشن کمیشن اور چیف جسٹس سپریم کورٹ سے الیکشن کمیشن ضلع راولپنڈی کی اس غفلت لاپرواہی اور غیر ذمہ داری کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔
جولائی کے ضمنی انتخابات میں پنجاب بھر میں مسلم لیگ ن کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے
In the July by-elections, PML-N candidates across Punjab will win by a landslide
کلرسیداں(نمائندہ پوٹھوار ڈاٹ کوم، اکرام الحق قریشی،13جولائی,2022)—مسلم لیگ ن کے ڈویژنل صدر ملک ابرار احمد نے کہا ہے کہ سترہ جولائی کے ضمنی انتخابات میں پنجاب بھر میں مسلم لیگ ن کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے پیپلزپارٹی،جے یو آئی سمیت دیگر اتحادی ہمارے ساتھ ہیں مریم نواز کا 14 جولائی کو کلرسیداں میں تاریخی استقبال کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز کلرسیداں میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا،تقریب کے میزبان سابق چیئرمین راجہ ندیم احمد تھے۔ملک ابرار احمد نے کہا کہ پی ڈی ایم اتحادیوں نے اپنی سیاست کو داؤ پر لگا کر حکومت سنبھالی اور ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا ہم ملک کو درپیش چیلنجوں سے باہر نکال لے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز 14 جولائی کی سہ پہر کلرسیداں میں تاریخی جلسہ سے خطاب کریں گی۔مسلم لیگ ن کے صوبائی نائب صدر حافظ عثمان عباسی نے کہا کہ کلرسیداں کا علاقائی سیاست میں ہمیشہ کلیدی کردار رھا ہے ہمارا ماضی گواہ ہے کہ ہمیشہ یہاں سے مسلم لیگ ن ہی کامیاب ہوتی رہی۔پیپلزپارٹی ضلع راولپنڈی کے صدر چوہدری ظہیر محمود نے کہا کہ پیپلز پارٹی ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ہم نہ صرف چودہ جولائی کو مریم نواز کا کلر سیداں میں بھرپور استقبال کریں گے بلکہ سترہ جولائی کو پیپلزپارٹی کا ہر کارکن شیرکے نشان پر مہریں لگا کر اپنی جماعت کے بھگوڑے کو عبرتناک شکست دیں گے۔جمعیت علمائے اسلام تحصیل کلرسیداں کے امیر مولانا احسان اللہ چکیالوی نے کہا کہ جے یو آئی مسلم لیگ نے ساتھ ہے۔مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر شوکت اقبال جنجوعہ نے کہا کہ مریم نواز کا دورہ حلقہ کے ہر گھر میں پیغام لے کر جائے گا،سابق رکن اسمبلی محمود شوکت بھٹی نے کہا کہ جلسہ اور الیکشن کو کامیاب ہر باشعور کارکن کی ذمہ داری ہے،محمد ظریف راجا نے کہا ہم روزاول سے راجہ صغیر کے ساتھ ہیں۔تقریب سے مسلم لیگ ن فرانس کے جنرل سیکرٹری شیخ وسیم اکرم،سٹی صدر حاجی اخلاق حسین،شاید گجر،حاجی طارق تاج،راجہ عبدالوحید اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
سموٹ کی ڈھوک بابا فیض بخش میں چوہدری معین فولاد کے زیراہتمام ایک اجتماع
Public rally was held in dhok Baba Faiz Buksh at the residence of Ch Mohin
کلرسیداں(نمائندہ پوٹھوار ڈاٹ کوم، اکرام الحق قریشی،13جولائی,2022)—مسلم لیگ ن کے سابق صوبائی وزیر چوہدری محمد ریاض نے کہا کہ ملکی تعمیر و ترقی،سیاسی رواداری کے لیئے ضروری ہو گیا ہے کہ عوام ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو کامیاب بنا کر پی ٹی آئی کی نفرت تشدد اور دشمنیوں پر مبنی سیاست کو شکست فاش دیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کی شام کو سموٹ کی ڈھوک بابا فیض بخش میں چوہدری معین فولاد کے زیراہتمام ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر چوہدری محمد ایوب،راجہ داؤد اکبر،چوہدری فیاض اختر،چوہدری توقیر اسلم، چوہدری تنویر اختر شیرازی،ماسٹر راجہ ساجد اور دیگر بھی موجود تھے۔امیدوارصوبائی اسمبلی راجہ صغیر احمد نے دعویٰ کیا کہ انہیں سابق صوبائی وزیر محمد بشارت راجہ نے اٹھارہ کروڑ رشوت کی پیشکش کی مگر میں نے ملک اور علاقے کے مفاد میں یہ پیشکش ٹھکرا کر حمزہ شہباز کا ساتھ دیا،راجہ بشارت حلفیہ وضاحت کریں کہ انہوں نے مجھے اٹھارہ کروڑ کی پیشکش کیوں کی تھی؟انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پاس وزارت اعلی کا اپنا امیدوار ہی نہ تھا ہمیں ق لیگ کو ووٹ دینے کو کہا گیا میں نے بہتر سوچا کہ ق لیگ کی بجائے ن لیگ کی سپورٹ کی جائے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں میں نے ن لیگ کی مدد سے کامیابی حاصل کی تھی پی ٹی آئی نے مجھے نہیں اپنے امیدوار کو ووٹ دیئے تھے میں آزاد حیثیت میں جیت کر پی ٹی آئی کو پانچ ووٹ دیئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ پنجاب میں وزیراعلی عثمان بزدار نہیں فرح گوگی تھیں وہ بیرون ملک سے حاصل کرنے والے قرضے بھی ساتھ لے گئیں۔ عمران خان نے ملکی تاریخ کے ریکارڈ قرضے حاصل کرکے کوئی موٹروے بنائی نہ میٹرو بنی سب کھا لیا گیا،افسوس ہے کہ پی ٹی آئی نے نوجوانوں کو گالم گلوچ پر لگا رکھا ہے یہ باپ بیٹے اور بھائیوں کو کیوں لڑانا چاہتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی کامیابی یقینی ہو چکی ہے تقریب سے پیپلزپارٹی کے ضلعی صدر چوہدری ظہیر محمود،چوہدری اشتیاق حسین،صوبیدار محمد الیاس اور دیگر نے خطاب کیا۔
کرپٹ حکمرانوں کا ٹھکانہ اڈیالہ جیل ہو گا۔
Adiala Jail will be the abode of corrupt rulers
کلرسیداں(نمائندہ پوٹھوار ڈاٹ کوم، اکرام الحق قریشی،13جولائی,2022)—) پی ٹی آئی تحصیل کلر سیداں کے سابق صدر راجہ ساجد جاوید نے کہا ہے کہ ملک ایک نئے معاشی بحران کی طرف بڑھ رہا ہے،آئی ایم ایف نے حکومت کی ایک تجویز کو بھی تسلیم نہیں کیا۔عوام عمران خان کا ساتھ دیں اور 17 جولائی کے ان کے نامزد امیدوار کے حق میں حق رائے دہی استعمال کر کے عمران خان کے ہاتھ مضبوط کریں۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے،گورنر اسٹیٹ بنک نے شرح سود میں 1.25 فیصد اضافہ کر دیا ہے،اس ریٹ آف انٹرسٹ میں کون سرمایہ کاری کرے گا؟انہوں نے کہا کہ اب لوٹوں کی جگہ اسمبلی میں نہیں،لوگ بھوکے مر رہے ہیں اور گورکن تماشہ دیکھ رہے ہیں۔حکومت آئی ایم ایف کے جال میں پھنس چکی ہے،امپورٹڈ حکومت عوامی مسائل حل کرنے نہیں بلکہ اپنے کیسز کو ختم کروانے آئی ہے۔انشاء اللہ کرپٹ حکمرانوں کا ٹھکانہ اڈیالہ جیل ہو گا۔
چودہ جولائی کو مریم نواز کے دورہ کلرسیداں میں ان کا زبردست استقبال کریں گے
We will give a warm welcome to Maryam Nawaz during her visit to Kallar Syedan on July 14
کلرسیداں(نمائندہ پوٹھوار ڈاٹ کوم، اکرام الحق قریشی،13جولائی,2022)—مسلم لیگ ن کے سابق وائس چیئرمین چوہدری شاہد اکبر گجر اور صدر مسلم لیگ ن یوسی کنوہا عاصم صدیق نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ کلرسیداں کے کارکنان چودہ جولائی کو مریم نواز کے دورہ کلرسیداں میں ان کا زبردست استقبال کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کلرسیداں ہمیشہ سے مسلم لیگ ن کا گڑھ رھا ہے آج بھی یہاں سے مسلم لیگ ن ہی فتح یاب ہوگی کیونکہ ہماری سیاست رواداری اور باہمی احترام کی ہے جبکہ مخالفین کی ساری سیاست جھوٹ تشدد اور نفرت پر مبنی ہے علاقے کے عوام نفرت کی سیاست کو مسترد کرتے ہوئے ضمنی الیکشن میں راجہ صغیر احمد کو بھاری قوت سے کامیاب کریں گے۔