Kallar Syedan; Government Boys High School Drakali Sher Shah poor cleaning arrangements concerns
گورنمنٹ بوائز ہائی سکول درکالی شیر شاہی کی صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات پر سخت برہمی کا اظہار
کلرسیداں (نمائندہ پوٹھوار ڈٖاٹ کوم,اکرام الحق قریشی) اسسٹنٹ کمشنر کلر سیداں ملک ناصر ولایت لنگڑیال نے گزشتہ روز گورنمنٹ بوائز ہائی سکول درکالی شیر شاہی کا اچانک دورہ کیا اور صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔حاضری رجسٹر کی چیکنگ کے دوران سکول ہیڈ ماسٹر ڈیوٹی سے غیر حاضر پایا گیا۔انہوں نے اساتذہ کو ہدایت جاری کی کہ وہ طلباء کو پوری محنت اور توجہ سے تعلیم دیں۔دریں اثناء اے سی نے بنیادی مرکز صحت پھلینہ کا بھی دورہ کیا اور صفائی کے بہترین انتظامات پر خوشی کا اظہار کیا۔میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عماد محسن نے اے سی کا استقبال کیا۔اس موقع پر اے سی نے بی ایچ یو کے کمروں کامعائنہ کیا اور ادویات چیک کیں اور بنیادی مرکز صحت میں آئے مریضوں سے علاج معالجہ کے بارے میں استفسار کیا۔ادھر اسسٹنٹ کمشنر کلر سیداں نے پرائس چیکنگ کے دوران دو دہی اور دودھ فرشوں اور سبزی فروشوں کو بھی جرمانے کئے۔
چیک ڈس آنر ہونے پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔
Ch Gul Khan of Balakhar registers police case over dishonoured cheque
کلرسیداں (نمائندہ پوٹھوار ڈٖاٹ کوم,اکرام الحق قریشی) چیک ڈس آنر ہونے پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔ چوہدری گل خان سکنہ بھلاکھر نے تھانہ کلر سیداں پولیس کو بتایا کہ میں گاڑیوں اور پراپرٹی وغیرہ فروخت کرنے کا کاروبار کرتا ہوں۔3 ستمبر 2018کو میں نے اپنی گاڑی ایکس ایل آئی جو کہ میری ذاتی ملکیت تھی،مسمی محمد خالد سیف اللہ سکنہ کلر سیداں کو مبلغ 28 لاکھ روپے میں فروخت کی تھی جس نے مجھے مبلغ پانچ لاکھ روپے نقددہئے اور بقایا رقم مبلغ 23 لاکھ روپے 03 مارچ 2019کو دینے کا وعدہ کیا اور اس کا چیک لکھ کر دیااور اس کے بدلے میں،میں نے گاڑی،رجسٹریشن بک اور ٹرانسفر لیٹر مذکورہ شخص کے حوالے کر دہئے گئے لیکن جب چھ ماہ بعد مقررہ تاریخ پر مطلوبہ بنک میں چیک کیش کروانے گیا تو اکاؤنٹ میں رقم نہ ہونے کی وجہ سے چیک ڈس آنر ہو گیا۔
نوجوان پولیس اہلکار روات کلر سیداں روڈ پر گاڑی کی زد میں آ کر جاں بحق
Policemen Wasim Khan of Dhok Pathan, Samot, killed in fatal accident in Sagri
کلرسیداں (نمائندہ پوٹھوار ڈٖاٹ کوم,اکرام الحق قریشی) نوجوان پولیس اہلکار روات کلر سیداں روڈ پر گاڑی کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گیا،وسیم عباس راولپنڈی میں اپنی ڈیوٹی ختم کر کے گزشتہ شب واپس اپنے گاؤں جا رہا تھا کہ روات کلر سیداں روڈ پر ساگری کے مقام پر عقب سے آنے والی ایک گاڑی نے اسے ٹکر ماری اور فرار ہو گئی وسیم عباس سڑک پر گرا اور اسی اثنا میں عقب سے آنے والی ایک دوسری گاڑی اس کے اوپر سے گزر گئی جس سے اس کی موت واقع ہو گئی۔روات پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا جبکہ وسیم عباس کو سموٹ کے قریب ڈھوک پٹھان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔