Norway; Function held at the Embassy of Pakistan in Oslo, to observe Kashmir self determination day
سفارتخانہ پاکستان اوسلو میں کشمیر کے یوم حق خودارادیت کے حوالے سے ایک خوبصورت تقریب
اوسلو(نمائندہ پوٹھوار ڈاٹ کام, عقیل قادر) سفارتخانہ پاکستان اوسلو میں کشمیر کے یوم حق خودارادیت کے حوالے سے ایک خوبصورت تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اوسلو اور گردنواح سے کشمیری و پاکستانی تنظیمات کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب سے سفیر پاکستان ظہیر پرویز خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کو 155 دنوں سے قید میں رکھا ہوا ہے اور پوری دنیا خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اقوام متحدہ اپنی ساکھ کو بچانا چاہتی ہے تو اس کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے سنجیدہ کوششیں کرنا پڑیں گی۔ سفارتخانہ پاکستان کی ہیڈ آف چانسلری زیب عباسی نے یوم حق خودارادیت کے حوالے سے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے پیغامات پڑھ کر سنائے۔ ایگزیکٹیو ڈائریکٹر آف کشمیری سکینڈینوین کونسل سردارعلی شہنواز خان نے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی مظالم کی پرزور مذمت کی اور کہا کہ کشمیر کے مسئلے کو اجاگر کرنے کے لیے ناروے میں مقامی کمیونٹی کے ساتھ مل کر کام کرنا ہو گا تاکہ اس جہدوجہد کے بہتر ثمرات حاصل ہو سکیں۔ مذہبی رہنما پیر سید نعمت علی شاہ بخاری، اسلام آباد راولپنڈی ویلفیئر سوسائٹی ناروے کے جنرل سیکریڑی راشد علی اعوان، معروف تاجر شیخ طارق محمود، فضل حسین، طلعت بٹ، طیب چوہدری، سید فواد علی شاہ اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اس بات کا عہد کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے ہر سطح پر کوششوں کو جاری رکھیں گے۔