گورنمنٹ ہائی سکول بھڈانہ میں جشن عید میلاد النبی ﷺ انتہائی عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے سے منایا گیا
Gujar Khan; Eid Miladun Nabi was celebrated at Government High School Bhadana, with utmost devotion and religious zeal. The school was decorated as the students read naat and Talawat Quran. The head Teacher Jhangir Afzal gave a speech on the special day. Mirza Ansar Yasin, performed the ceremony while the collective prayer was offered by the ,Muhammad Ashraf.
بیول(نمائندہ پوٹھوار ڈاٹ کوم)۔گورنمنٹ ہائی سکول بھڈانہ میں جشن عید میلاد النبی ﷺ انتہائی عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ مقدس دن کی مناسبت سے سکول ہال کو خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ جماعت نہم کے طالب علم خواجہ شاہ میر نے خوبصورت آواز میں تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی۔رسول پاک ؐ کی ذات اقدس پر نعت پڑھنے کی سعادت راحیل اسرار، مزمل شفیق، اویس عزیز، سجیل احمد، فیضان ناظم، محمد معین اور متین حیدر نے حاصل کی۔ رسول اللہ ﷺ کی حیات طیبہ کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالنے والے طلبہ میں حماد ابرار، عبدالرحمٰن، دانش محمود اور شہر یار نوید شامل تھے۔ تمام طلبہ نے بڑے پرُ اثر انداز میں سیرت النبی ؐ کے مختلف پہلووں پر لب کشائی کی او ر سامعین کے قلوب کو منور کیا۔ رئیس مدرسہ جہانگیر افضل ہاشمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم رسول پاک ؐ کا میلاد ہرسال جوش و خروش سے اس لئے مناتے ہیں کہ دین اسلام آپؐ کے وسیلہ سے ہم تک پہنچا۔آپ کی حیات طیبہ ہم سب کے لئے مشعل راہ ہے۔ غیر مسلم بھی آپ کی سیرت سے استفادہ کرتے ہیں۔ حضور ؐ نے ہمیں عدل وانصاف کا درس دیا اور دوسروں کی حق تلفی کی سختی سے ممانعت کی۔ اسلام کی بنیادی تعلیمات میں ہے کہ ہمیشہ حق بات کہیں او رہمیشہ حق کا ساتھ دیں۔آپ ؐ نے بچپن سے ہی اپنے اعلیٰ اخلاق سے دوسروں کو متاثر کیا۔انہوں نے کہا کہ ہماری بد قسمتی ہے کہ ہم حق بات کے لئے کھڑے نہیں ہوتے اور معاشرے میں ہونے والی زیادتیوں پر خاموش رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر مسلم اسلامی اصولوں کو اپنا کر ترقی یافتہ ہو گئے ہیں اور مہذب کہلاتے ہیں کیونکہ وہاں انسانیت کی قدر کی جاتی ہے۔ ہماری پستی کی وجہ اسلامی اصولوں اور اقدار سے دوری ہے۔ تقریب کی نقابت کے فرائض سینئر مدرس مرزا انصر یاسین نے سرانجام دیئے جبکہ اجتماعی دعا مدرس محمد اشرف نے کرائی۔