Norway; Al Haj Hazrat Khawaja Mohammad Masoom Tajdar Darbar Allia Moori Shareef urs Mubarak celebrated in Oslo
ناروے۔ الحاج حضرت خواجہ محمد معصوم ؒ تاجدار دربار عالیہ موہری شریف کا عرس مبارک
اوسلو(نمائندہ پوٹھوار ڈاٹ کوم,عقیل قادر)الحاج حضرت خواجہ محمد معصوم ؒ تاجدار دربار عالیہ موہری شریف کے عرس مبارک کی ایک خوبصورت تقریب کا انعقاد بزم نقشبند کی مسجد میں کیا گیا جس میں دورو نزدیک سے بڑی تعداد میں محبان، مریدین اور اہل اسلام نے شرکت کی۔ پروگرام کی صدارت صاحبزادہ خواجہ محمد معصوم زبیر اور صاحبزادہ محمد سعید زبیر نے کی جبکہ خصوصی خطاب پروفیسر محمد ارشد ضیاء نے کیا۔تقریب میں اوسلو کے تمام ممتاز علمائے کرام، مشائخ عظام اور قراء حضرات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ قاری رحمت اللہ اور قاری نور علی سیالوی نے عرس کی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا۔ قاری انصرعلی قادری، ہارون قیوم، عبدالمنان اور موہری شریف سے فیض یافتہ نوجوان نعت خواں صاحبزادہ یاسین سعید نے نعت رسول مقبول ﷺ پیش کر کے محفل میں سماں باندھ دیا اور حاضرین پر روحانی کیفیت طاری رہی۔ مفتی طاہر عزیز باروی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت خواجہ محمد معصوم ؒ کی تعلیمات سے پتا چلتا ہے کہ انہوں نے ہمیشہ مخلوق سے محبت کی اور پوری دنیا میں اسلام کے پُرامن پیغام کو پھیلایا۔ پروفیسر ارشد ضیاء نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کامل ولی وہی ہے جو مرید کے دل سے دنیا کی محبت کو نکال کر اللہ اور اسکے رسول ﷺ کی محبت کو ڈال دے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حضرت خواجہ محمد معصوم ؒ ان بزرگوں میں سے تھے جنہیں قرب الہٰی حاصل تھا اور ان کی کوششوں سے دنیا بھر میں لوگوں کی زبانیں اللہ کے ذکر کی مٹھاس سے شناسا ہوئیں۔ صا حبزادہ خواجہ محمد معصوم زبیرنے خطاب کرتے ہوئے علمائے کرام، محبان موہری شریف اور تقریب میں شرکت کرنے والے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کے جد امجد نے زندگی بھر رنگ، نسل اور مذہب کی تفریق کے بغیر انسانوں سے محبت کی اور اللہ ہو کی صدا کو پوری دنیا میں بلند کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حضرت خواجہ محمد معصوم ؒ صوفیاء کے صحیح ترجمان اور انکی زندگی کی چلتی پھرتی تصویر تھے۔ حاجی محمد اسلم گوندل صدر بزم نقشبند نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بزم نقشبند اوسلو بھی موہری شریف کے فیضان یافتہ مراکز میں سے ایک مرکز ہے جو ناروے میں عرصہ تیس سال سے اسلام کی خدمت سر انجام دے رہا ہے۔ مسجد ہذا کے امام و خطیب علامہ نصیر احمد نوری نے نقابت کے فرائض احسن انداز میں سر انجام دیئے۔ صاحبزادہ سعید زبیر نے بارگاہ نبوی ﷺ میں درودوسلام کا نذرانہ پیش کیا جبکہ پیر سید فراست علی شاہ بخاری نے خصوصی دعا کرائی۔