Norway; Hazrat Datta Ganj Buksh urs Mubarak celebrated by Pakistani community in Oslo
حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؓ کے عرس مبارک کی پُرنور محفل میں معروف ثناء خواں شہزاد حنیف مدنی کی خصوصی شرکت
اوسلو(نمائندہ پوٹھوار ڈاٹ کوم,عقیل قادر) زہرہ منظور ویلفیئر سوسائٹی ہر سال بڑے پیمانے پر حضرت داتا گنج بخش ؓ کے عرس کی تقریب منعقد کرتی ہے جس میں پاکستان یا یورپ سے کسی خاص شخصیت کو مدعو کیا جاتا ہے تاکہ عرس کی رونق کو دوبالا کیا جا سکے۔ اس سال تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان کے معروف ثناء خواں شہزاد حنیف مدنی تھے جبکہ عرس کی صدارت زہرہ منظور ویلفیئر سوسائٹی کے بانی افتخار محمود نے کی۔ تقریب کا آغاز حسن عامر نے تلاوت قرآن پاک سے کیا جبکہ ہارون قیوم، قاری عبدالمنان، قاری عنصر علی قادری اور عبدالسلام نے بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں عقیدتوں کے پھول نچاور کیے۔ معروف مذہبی اسکالر مفتی طاہر عزیز باروی اور علامہ اقبال فانی نے مختصر اور جامع گفتگو فرمائی۔ انہوں نے کہا کہ خالق کائنات نے مختلف اقوام کی اصلاح کے لیے اپنے برگزیدہ بندے بھیجے اور انکو مختلف ذمہ داریوں سے نوازا۔ ان ہی برگزیدہ شخصیات میں ایک نام حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری ؓ کا ہے جو ایک ہزار سال گذرنے کے باوجود بھی پوری آب و تاب کے ساتھ چمک رہا ہے۔ عرض وطن پاکستان سے معروف ثناء خواں شہزاد حنیف مدنی نے اپنے مخصوص اور منفرد انداز میں اردو اور پنجابی میں بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں عقیدتوں کے پھول نچاور کر کے تقریب کو چار چاند لگا دیئے۔ محفل نعت کے دوران حاضرین پر روحانی کیفیت طاری رہی اور وہ اپنے جذبات کا اظہار نعرہ تکبیر و رسالت سے کرتے رہے۔ زہرہ منظور ویلفیئر سوسائٹی کے بانی افتخار محمود نے خطاب کرتے ہوئے تمام مہمانوں اور حاضرین کا تقریب کی رونق بننے پر شکریہ ادا کیا۔ ٹریول ایجنسی ایئر ٹکٹ کے منیجنگ ڈائریکٹر عامر رؤف کی جانب سے ایک عمرے کاٹکٹ قرعہ اندازی کے ذریعے ایک خوش نصیب کو دیا گیا۔ قاری محمد عامر اور قاری اسرار احمد نے درودو سلام کا نذرانہ پیش کیا اور علامہ نور احمد نور نے دعا کرائی۔ حافظ صداقت علی قادری اور علامہ نصیر احمد نوری نے نقابت کے فرائض احسن انداز میں انجام دیئے۔ پروگرام کے آخر پر ضیافت کا بھرپور انتظام کیا گیا تھا۔