Chakswari, AJK; Farewell party held for Master Ikhlaq Ahmed Danish at boys middle school, Adh Plahi
گورنمنٹ بوائز مڈل سکول آدھ پلائی کے انچارج صدرمعلم اورسٹاف کوپروقار الوداعی پارٹی کااہتمام
چکسواری (نمائندہ پوٹھوار ڈاٹ کوم)سیدابرار حسین شاہ ڈویژنل ڈائریکٹرسکولز میرپور ڈویژن میرپور نے کہاہے کہ موجودہ دور میں علم کی کمی نہیں بلکہ تربیت کی کمی ہے آپ ﷺ بھی استاد تھے جنہوں نے اپنی تریسٹھ سالہ حیات مبارکہ میں علمی انقلاب برپا کیاضرورت اس امر کی ہے کہ ہم صحیح معنو ں میں استاد بن کرنئی نسل کی تربیت کریں استاد وہی ہے جوطالب کی روح کومتاثر کرے اخلاق احمددانش (ر) صدر معلم وسابق اے ای او چکسواری کوان کی خدمات کابہترین صلہ آج کی تقریب میں خوب صورت الفاظ یاد کرمل رہاہے اخلا ق احمددانش کی اپنی زندگی کی 35 بہاریں اس قوم کے نونہالوں کی آبیاری میں لگادیں یہ ایک بہت بڑاعرصہ ہے انہیں بہترین خدمات پرخراج تحسین پیش کرتاہوں گورنمنٹ بوائز مڈل سکول آدھ پلائی کے انچارج صدرمعلم اورسٹاف کوپروقار الوداعی پارٹی کااہتمام کرنے اورپرخلوص جذبات کااظہار کرنے پرمبارک بادپیش کرتاہوں میں آج کی پارٹی اورتقریب میں شرکت کرکے بے حدخوشی محسوس کرتاہوں انہوں نے ان خیالات کااظہار گورنمنٹ مڈل سکو ل آدھ پلائی لڈر چکسواری کے اساتذہ کی جانب سے ادارے سے ریٹائرہونے والے صدرمعلم حاجی ا خلاق احمددانش کے اعزاز میں دی گئی الوداعی پارٹی کی موقع پرمنعقدہ پروقار تقریب سے بحیثیت صدر تقریب خطاب کرتے ہوئے کیا
چکسواری (نمائندہ پوٹھوار ڈاٹ کوم)نا معلوم ڈاکوؤں نے نوجوان تاجر کو گن پوائنٹ پر لوٹ لیا۔34000روپے نقدی اور اے ٹی ایم کارڈ سمیت قیمتی اشیاء لوٹ کر ڈاکو رفو چکر ہو گئے۔ ڈاکوؤں نے جاتے جاتے عدیل اعظم پر تشدد بھی کیا۔ راجہ عدیل اعظم داد رسی کے لئے تھانہ پولیس چکسواری پہنچ گیا۔ نامعلوم ڈاکوؤں کے خلاف درخواست دے دی پولیس نے درخواست لے کر تفتیش شروع کر دی۔ تفصیلات کے مطابق عدیل اعظم نے پولیس کو بتایا کہ اس کی فیض پور شریف بازار میں باربر شاپ ہے اور وہ کام ختم کرنے کے بعد دکان بند کر کے ڈومال گیا جہاں اس نے چند جانور رکھے ہوئے ہیں۔ وہاں سے واپسی پر وہ اپنے گھر نیو ٹاؤن جا رہا تھا جب وہ تنگدیو متھرالی موڑ پر پہنچا تو اچانک ایک نوجوان اس کے سامنے آ گیا۔اس سے اسے رکنے کا اشارہ کیا اور موٹر سائیکل پکڑ لیا۔ اسی اثناء میں ایک اور شخص سامنے آ گیا جس کے ہاتھ میں پستول تھا، اس نے گن پوائنٹ پر لیتے ہوئے کہا کہ جو کچھ پاس ہے وہ نکالو۔میری جیبوں سے بٹوا نکال لیا جس میں تقریباً چونتیس ہزار روپے تھے۔اس کے علاوہ میرا اے ٹی ایم کارڈ اور دیگر ضرور کاغذات بھی تھے۔ عدیل اعظم نے بتایا کہ دونوں نوجوان سمارٹ تھے اور پٹواری زبان بول رہے تھے۔ایک نے سفید رنگ کے اور دوسرے نے کالے رنگ کے کپڑے پہن رکھے تھے۔ڈاکوؤں نے عدیل اعظم پر تشدد بھی کیا۔ اس سے قبل بھی تنگدیو،بوعہ،فیض پور شریف اور دیگر موضعہ جات کے قریب بھی موٹر سائیکل سواروں کو روکنا اور ان پر تشدد کرنے جیسے وارداتیں ہو چکی ہیں۔ پولیس ابھی تک ان وارداتوں کو ٹریس کرنے میں ناکام رہی ہے۔ شکایات اور میڈیا پر چلنے والی خبروں کے باوجود کوئی قابل ذکر کارروائی عمل میں نہ لائی جا سکی۔
چکسواری (نمائندہ پوٹھوار ڈاٹ کوم)چکسواری اور اس کے گرد ونواح میں رہزنی،چوری چکاری اور قیمتی اشیاء چھیننے کی بڑھتی ہوئی وارداتیں پریشانی کا پیش خیمہ ہیں۔عینی شاہدین اور وارداتوں میں زخمی ہونے والوں کے مطابق کھنڈا موڑ سے فیض پور شریف بازار اور بوعہ کلاں،بوعہ گجراں،تنگدیو اور پچھیاڑی کے علاقوں میں عرصہ ڈیڑھ ماہ سے چند نوجوان جو اکثر موٹر بائیک پر سوار ہوتے ہیں نوجوانوں کو روکنے زود و کوب کرنے اور ان کا پیچھا کرنے جیسے واقعات ہوتے رہے ہیں۔کئی نوجوانوں کو نا معلوم ڈاکوؤں نے صرف ڈرایا دھمکایا، بعض پر تشدد کیا جاتا رہا۔حیران کن بات یہ ہے کہ ڈیڑھ ماہ سے ہونے والی وارداتوں کا تھانہ پولیس چکسواری نے کوئی نوٹس نہ لیا۔ تھانہ پولیس چکسواری پر مافیا کے راج کی وجہ سے شریف شہری تھانہ کا رخ ہی نہیں کرتے۔ چھوٹی موٹی وارداتوں کے بعد لوگ چپ سادھ کے بیٹھ جاتے ہیں۔تھانہ میں چند مخصوص لوگوں کی شنوائی ہے۔ صحافیوں کے بغیر تھانہ میں عوام کا داخلہ بند کر دیا گیا ہے۔ کیا وجہ ہے کہ عوام تھانہ پولیس میں داد رسی کے لئے جانے سے ڈرتے ہیں۔ اس سے قبل مین بازار میں موبائیل فون شاپ میں چوری کی واردات ہوئی تھی لیکن تاحال وہ ٹریس نہیں ہو سکی۔عوام علاقہ کا کہنا ہے کہ پولیس نے عام آدمی کے لئے تھانہ پولیس کے دروازے بند کر دئیے ہیں۔چند جہادی قلم کاروں کے ساتھ تھانہ میں حاضر ہونے والوں کو ہی پذیرائی بخشی جاتی ہے۔ ایس ایس پی ضلع میرپور راجہ عرفان سلیم نوٹس لیں اور تھانہ پولیس چکسواری کی کارکردگی کو بہتر بنائیں۔ عوام دوست عملہ تعینات کریں۔
چکسواری (نمائندہ پوٹھوار ڈاٹ کوم)پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میونسپل کمیٹی چکسواری کے رابطہ سیکرٹری واجد حسین آف لدڑ پینڈا اورمدرس عبدالباسط چوہدری نے جامعہ اسلامیہ رضویہ چکسواری کے ہونہار متعلم حافظ وسالت ظفر ساکن پلندری (سدھنوتی) کو انٹر میڈیٹ تعلیمی بورڈ میرپور آزاد کشمیر کے زیر انتظام سالانہ امتحان انٹر میڈیٹ شعبہ علم و ادب گروپ میں شاندار کارکردگی کی بدولت 827نمبرات حاصل کرنے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے جامعہ اسلامیہ رضویہ چکسواری کے تمام جملہ سٹاف و دیگر طلباء کو بھی زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔