Norway; Pakistani community given credit for nominated member Oslo city council Awais Aslam
ناروے۔ الیکشن میں کامیابی کا کریڈیٹ پاکستانی کمیونٹی کو جاتا ہے۔ نومنتخب ممبر اوسلو سٹی کونسل اویس اسلم
اوسلو(عقیل قادر) ناروے میں مقیم پاکستانیوں کو انکی انتھک محنت اور صلاحتیوں کی وجہ سے قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے جسکا اظہار ناروے کے سیاسی رہنما مختلف اوقات میں کرتے رہتے ہیں۔ حالیہ صوبائی اور بلدیاتی الیکشن میں بڑی تعدا د میں نارویجن پاکستانی سٹی کونسل کے ممبرز اور کونسلرز منتخب ہوئے ہیں۔نومنتخب ممبر سٹی کونسلز اور ضلع وتحصیل کی سطح پر کونسلرز منتخب ہونے والوں کے اعزاز میں ڈاکٹر سہیل اسلم اور انکی فیملی کی طرف سے ایک خوبصورت تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے لوگوں نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان مسلم لیگ کے رہنما اور سابق ایم پی اے شبیر احمد آف کوٹلہ تھے۔تقریب کا آغاز معروف قاری محمودالحسن گولڑوی نے تلاوت قرآن پاک سے کیا اور معروف ثناء خوان مصطفی ﷺ عبدالمنان نے بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں ہدیہ نعت پیش کی۔ ڈاکٹر سہیل اسلم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تمام لوگوں کا ان کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے نئے منتخب نمائندوں کو مبارکباد پیش کی اور انکی کامیابی و کامرانی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اوسلو سٹی کونسل کے نو منتخب ممبر اویس اسلم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن جیت کر اب اصل سفر کا آغاز کرنے جا رہے ہیں جس میں آپ سب کے تعاون کی ضرورت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی کے مسائل حل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں رہیں اور اسکو مزید مضبوط بنائیں کیونکہ ایک دوسرے کا ساتھ دیکر ہی مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے۔ اویس اسلم کا مزید کہنا تھا کہ وہ اور انکے تمام ساتھی تمام نو منتخب پاکستانی ممبران سے مزید رابطے مستحکم کریں گے جو دوسری پارٹیوں سے منتخب ہو کر آئے ہیں۔ شبیر احمد کوٹلہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی کمیونٹی میں اتحاد کے فروغ پر زور دیا اور کہا کہ اتحاد ہی ہر کمیونٹی کی اصل طاقت ہوتی ہے۔ تقریب سے جن دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا ان میں خالد محمود، طیب منیر چوہدری، راشد اعوان، عثمان سرور، فرخ قریشی اور عثمان سرور شامل ہیں۔حالیہ انتخابات میں جن لوگوں نے صوبائی اور ضلعی سطح پر کامیابی حاصل کی ان میں اویس اسلم، فرخ قریشی، ناصر احمد، ڈاکٹر مبشر بنارس،عثمان آصف، چوہدری غضنفر ڈینی، حسن نواز، عثمان مشتاق، وقاص سرور، علیشاہ زمان، سمیہ ناز، اسد ناصر، سعیدہ بیگم، صوفیہ رانا اور دیگر شامل ہیں۔ تقریب میں موجود نو منتخب ارکان کو ڈاکٹر سہیل اسلم اور شبیر احمد کوٹلہ کی طرف سے پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے اور پیر سید نعمت علی شاہ بخاری نے انہیں مبارکباد پیش کی اور ان کی کامیابی کے لیے دعا کی۔