France; The third edition of the Pakistani mela was held today in the suburbs of Paris
پاکستانی میلے کا تیسرا ایڈیشن پیرس کے نواحی شہر سارسل میں آج منعقد کیا گیا
پیرس۔زاہد مصطفی اعوان۔ پاکستانی میلے کا تیسرا ایڈیشن پیرس کے نواحی شہر سارسل میں آج منعقد کیا گیا۔ اس سال یہ پاکستانی میلہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منایا گیا۔
اس میلے کا افتتاح جناب معین الحق سفیر پاکستان برائے فرانس، فرانسیسی پارلیمنٹ کے رکن جناب فرانکوائس پپونی اور سارسل کے میئر جناب پیٹرک ہداد نے مشترکہ طور پر کیا۔
اس میلے میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزارووں افراد کے علاوہ مقامی فرانسیسی سیاستدانوں، فرانسیسی اعلی عہدیداروں، سفارتکاروں، فرانسیسی سول سوسائیٹی کے اراکین اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس میلے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے میلے کو کامیابی سے ہمکنار کرنے پر پاکستانی میلے کی انتظامیہ عبدالقدیر اور عمیر بیگ کا شکریہ ادا کیا اور فرانس میں مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز سے اجاگر کرنے پر پاکستانی کمیونٹی کی تعریف بھی کی۔ انہوں نے کشمیری عوام کے ساتھ پاکستان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی مدد جاری رکھنے کا بھی اعادہ کیا۔
اس موقع پر جناب فرانکوائس پپونی اور جناب پیٹرک ہداد نے بھی خطاب کیا اور اس میلے کے انعقاد کرنے پر پاکستانی کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا اور اسے فرانسیسی ثقافتی پس منظر میں ایک قابل قدر اضافہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے فرانسیسی عوام کو فرانس میں ایک چھوٹا پاکستان دیکھنے کا نادر موقع فراہم ہوا ہے۔
بعد ازاں، نوجوان بچوں نے حب الوطنی کے گیت گائے اور کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے بہت سی تقریریں بھی کی گئیں جن میں مقررین نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق دہائیوں پرانے مسئلہ کشمیر کا مستقل حل تلاش کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
اس موقع پر پاکستانی روائیتی کھانوں، مصنوعات اور روائیتی تحائف کے متعدد سٹالز بھی لگائے گئے تھے جو میلے میں آئے ہوئے مہمانوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔
اس میلے میں پاکستان کے معروف گلوکار جناب ساحر علی بگا اور محترمہ شگفتہ اعوان کو خصوصی طور پر پاکستان سے مدعو کیا گیا تھا جن کے حب الوطنی کے گیتوں، صوفی موسیقی اور ان کے اپنے مشہور گیتوں نے اس شام کو چار چاند لگا دیئے