Norway; Annual Shuda e Karbala mehfil held in Oslo with Qari Noor Ali Sihalawi
ناروے۔ حق و باطل کی جنگ میں ظالم کے آگے جھک جانا یزیدیت ہے۔ ڈاکٹر زاہد عدیل
اوسلو(عقیل قادر)ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں مسلم سینٹر فیورست کے زیر اہتما م شہدائے کربلا کی یاد میں سالانہ محفل کا انعقاد کیا گیا جس میں عاشقان رسولﷺ اور عاشقان اہلبیت نے اوسلو اور گرد نواح سے بھرپور شرکت کی۔ محفل پاک کا آغاز قاری نور علی سیالوی اور عبداللہ خان نے تلاوت قرآن سے کیا جبکہ اسجد محمود نے نعت رسول مقبولﷺ پیش کی۔امام حسین علیہ السلام کے حضور منقبت قاری اسرار احمد نے پیش کی۔ شہدائے کربلا کانفرنس کے مہمان خصوصی نوجوان مذہبی اسکالر اور روحانی پیشوا ڈاکٹر عدیل زاہد تھے انہوں نے ایک نہایت علمی، روحانی، فکری اور اصلاحی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیغام کربلا اصل میں حق و باطل میں فرق ثابت کرنے کا نسخہ ہے۔ امام عالیٰ مقام ؓ نے تپتی دھوپ اور صحرا میں اپنے ناناﷺ کے دین کو بچانے کے لیے اپنے گھر بار، رشتے داروں، اصحاب و اولاد کی قربانی دے کر خود بھی قربان ہو گئے۔انہوں نے کہا کہ حق و باطل کی جنگ میں ظالم کے آگے جھک جانا یزیدیت ہے اور حق کے لیے استقامت کے ساتھ میدان عمل میں ڈٹ جانا حسینیت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اہل بیت اور صحابہ کرام کا ادب ہمارے ایمان کا حصہ ہے، قرآن، اہل بیت رسولﷺ اور اصحاب رسول ﷺ کی اتباع میں ہی ہماری نجات ہے۔ نقابت کے فرائض مسلم سینٹر فیورست کے امام و خطیب قاری نور علی سیالوی نے ادا کیے اور درودو سلام کا نذرانہ اسجد محمود اوردعا علامہ صبغت اللہ مجددی نے کرائی۔ آخر پر حاضرین کی تواضع لنگر حسینی سے کی گئی۔