Darbar e Hussaine Choa Khalsa announce full schedule of Moharram Al Harram
دربار حسینی چوآخالصہ کے سجادہ نشین مخدوم سید حسن ناصر نقوی نے چوآخالصہ میں عشرہ محرم کے پروگرام کا اعلان
کلرسیداں (اکرام الحق قریشی)دربار حسینی چوآخالصہ کے سجادہ نشین مخدوم سید حسن ناصر نقوی نے چوآخالصہ میں عشرہ محرم کے پروگرام کا اعلان کر دیا ہے روزانہ شب آٹھ بجے سے گیارہ بجے تک دربار حسینی میں مجالس منعقد ہوں گی جن سے علامہ سید صفدر رضا بخاری،سید صغیر عباس،سید سجاد حسین،سید شوکت عباس،خادم حسین،اسحاق حیدری اور دیگر خطاب کریں گے۔آٹھ محرم شب ساڑھے سات بجے شیخ محمد سلیم کے گھر سے جلو س مہندی برآمد ہو کر سید کمال مرتضیٰ کے گھر پہنچے گا جبکہ وہاں سے مشترکہ جلوس شیخ قلب عباس جعفری کے گھر آئے گا جبکہ حاجی محمد صادق کے گھر سے بھی جلوس برآمد ہو گا تمام جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے دربار حسینی میں اختتام پذیر ہوں گے،نو محرم صبح ساڑھے نو بجے سید قربان حسین شاہ اور ساڑھے دس بجے سید صارم حسین شاہ کے گھروں سے جلوس علم برآمد ہوں گے،سب عاشور حیدری کالونی سے جلوس علم اور شبیعہ جھولا برآمد ہو گی یہ ماتمی جلوس اذان سحر کے وقت دربار حسینی چوآخالصہ میں اختتام پذیر ہو گا یوم عاشور کو مرکزی جلو س دن گیارہ بجے حاجی محمد صادق کے گھر سے برآمد ہو گا جبکہ دن ساڑھے بارہ بجے حویلی سید واصف علی شاہ سے شبیعہ ذوالجناح برآمد ہو گی،حیدری چوک میں مجلس عزا ہو گی جس کے بعد شرکائے جلو س مین بازار بنک چوک سکول روڈ سے ہوتے ہوئے دربار حسینی پہنچیں گے جہاں پر مجلس شام غریباں ادا کی جائے گی۔
پی ٹی آئی نے آج یوم دفاع پاکستا ن کو شایان شان طریقے سے منانے کا اعلان کیا
کلرسیداں (اکرام الحق قریشی) پی ٹی آئی نے آج یوم دفاع پاکستا ن کو شایان شان طریقے سے منانے کا اعلان کیا ہے پہلی تقریب دن گیارہ بجے بلدیہ دفتر میں ہو گی جس میں صوبائی پارلیمانی سیکرٹری راجہ صغیر احمد،پی ٹی آئی کے دیگر رہنما،تاجر،شہری اور صحافی شرکت کریں گے جبکہ راجہ ساجد جاوید نے چھ چھ کارکنان پر مشتمل ہر یونین کونسل میں ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو صبح کے اوقات میں مختلف دیہات و قصبات میں شہداء کے مزاروں پر حاضری دیں گی قبرو ں پر پھول چڑھائے جائیں گے فاتحہ خوانی کی جائے گی اور ان کے لواحقین سے اظہار تعذیت بھی کیا جائے گا،راجہ ساجد جاوید نے کہا کہ ملک کے لیئے جان قربان کرنے والے ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں ان کی قربانیوں کے نتیجے میں ہم آج آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں۔
کلر سیداں شہر میں پہلی بار پبلک بیت الخلا کی تعمیر کا کام شروع
کلرسیداں (اکرام الحق قریشی)کلر سیداں شہر میں پہلی بار پبلک بیت الخلا کی تعمیر کا کام شروع،شہریوں کا اظہارمسرت,کلر سیداں شہر میں گزشتہ کئی برسوں سے عوامی بیت الخلا کی ضرورت کو شدت سے محسوس کیا جارہا تھا مگر اس کے لئے عملی اور ٹھوس اقدامات نہ اٹھایا جا سکا مگر اس بار پی ٹی آئی کلرسیداں نے اس کا بیڑا اٹھایا اور کئی اطراف سے مخالفت کے باوجود یہ بیت الخلا کی تعمیر میں حائل تمام رکاوٹیں عبور کرنے میں کامیاب ہو گئے گزشتہ شب چیف آفیسر بلدیہ خالد رشید کی موجودگی میں اس کی تعمیر کا باضابطہ آغاز کردیا گیا ادھر راجہ ساجد جاوید,قمرایاز,عاصم مختار مغل,عاقب علی,محسن نوید سیٹھی،عثمان شاہداور دیگر نے متذکرہ جگہ کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے ایسا پراجیکٹ شروع کیا ہے جسے برسہا برس پہلے مکمل ہو جانا چاہیئے تھا۔
سپر ونگ کالج کلر سیداں کی طالبہ مہوش سحر بانو کی تحصیل بھر میں پہلی پوزیشن
کلر سیداں (اکرا م الحق قریشی)بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی کے سالانہ امتحانا ت میں سپر ونگ کالج کلر سیداں کی سیکنڈ ائر کی طالبہ مہوش سحر بانو نے 1003 نمبروں کیساتھ تحصیل بھر میں پہلی پوزیشن کا اعزاز حاصل کر لیا۔ شاہین فاؤنڈیشن کالج کی طالبہ ماہ نور 961 نمبروں کیساتھ دوسری جبکہ سپر ونگ کالج کی عائشہ طاہر نے 905نمبرلے کرتیسری پوزیشن کا اعزاز حاصل کر لیا۔اسی طرح پوٹھوار کالج کلر سیداں کی عدیلہ اشرف نے 858،الصفحہ گروپ آف کالجز کی سمرین بی بی نے 792،پنجاب گروپ آف کالجز کلر سیداں کی ضوبیہ اصغر نے 898 نمبر جبکہ گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج کلر سیداں کے قاسم علی نے 814 نمبرحاصل کر کے اپنے اپنے اداروں میں پہلے نمبر پر رہے۔ یاد رہے کہ پنجاب کالج کلر سیداں کی منائل صدیق نے بی کام میں 908 نمبر لے کر پہلی جبکہ اسی کالج کی بی ایس سی کی طالبہ ظلہ ہما نے 608 نمبروں کیساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی ہے۔
اے سی کوسٹر سروس میں فائر سیفٹی سلینڈر کی تنصیب کا مطالبہ
کلرسیداں (اکرام الحق قریشی)پی ٹی آئی ٹریڈنگ ونگ کلرسیداں کے جنرل سیکرٹری عاصم مختار مغل نے اے سی کوسٹر سروس میں فائر سیفٹی سلینڈر کی تنصیب کا مطالبہ کیا ہے انہوں نے کہا کہ اے سی کوسٹر سروس میں فائر سیفٹی سلینڈر کا نہ ہونا مسافروں کے لیئے انتہائی خطرناک ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ راولپنڈی سے کلرسیداں کہوٹہ گوجرخان ٹیکسلا کے درمیان چلنے والی اے سی کوسٹر سروسز میں فوری طور پرفائر سیفٹی سلینڈر نصب کیا جائے۔
تین افراد نے ایک شخص کو پچاس ہزار روپے کی نقدی سے محروم کر دیا
کلر سیداں (اکرام الحق قریشی)تین افراد نے ایک شخص کو پچاس ہزار روپے کی نقدی سے محروم کر دیا۔نواحی علاقہ کا رہائشی راجہ بشارت نامی شخص پچاس ہزار روپے کی رقم جمع کروانے بنک جا رہا تھا کہ راستے میں تین افراد نے اسے روک کر کہا کہ آپ سے کام ہے سائیڈ پر آ جائیں اور سائیڈ پر لے جا کر ڈرا دھمکا کر اس سے پچاس ہزار روپے چھین لئے اور موقع سے فرار ہو جانے میں کامیاب ہو گئے۔متاثرہ شخص نے تھانہ کلر سیداں میں درخواست جمع کروا دی ہے۔
جہاد کشمیر ناگزیر ہے
کلر سیداں (اکرام الحق قریشی)پی ٹی آئی کی رہنما و یونین کونسل کنوہا کی سابق لیڈی کونسلر برجیس جیلانی نے کہا ہے کہ ہمیں مسلح افواج پر فخر
ہے اور پاکستان عوام کا مورال ہائی ہے۔مسٗلہ حل کیلئے جہاد کشمیر ناگزیر ہے۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 6ستمبر کا دن ہماری تاریخ کا اہم ترین دن ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے قتل پر اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کی خاموشی قابل مذمت ہے۔مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے کشمیر عوام پاکستان کے نام پر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔پاکستان کا بچہ بچہ بھارتی آنکھیں نوچنے کا جذبہ رکھتا ہے،مودی کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ وادی میں مذموم مقاصد حاصل کر سکتا ہے نہ ہی کشمیر عوام کے جذبہ حق خودارادیت کا مقابلہ فوج بڑھانے سے کر سکتا ہے۔بھارت نہتے کشمیریوں پر ظلم کر کے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔کشمیرصرف پاکستان کا نہیں پوری امت مسلمہ کا مسئلہ ہے
پروفیسر محمد طارق حسین نے پنجاب کالج کلر سیداں میں بطور پرنسپل اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں
کلر سیداں (اکرام الحق قریشی)پروفیسر محمد طارق حسین نے پنجاب کالج کلر سیداں میں بطور پرنسپل اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔قبل ازیں وہ پنجاب کالج گوجرخان میں وائس پرنسپل کے طور پر اپنی خدمات سر انجام دے رہے تھے۔کالج انتظامیہ نے پروفیسر طارق کی بطور پرنسپل تعیناتی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
فری آئی کیمپ آٹھ ستمبر بروز اتوار صبح نو بجے درکالی شیر شاہی میں لگایا جائے گا
کلرسیداں (اکرام الحق قریشی) ایک روزہ فری آئی کیمپ آٹھ ستمبر بروز اتوار صبح نو بجے درکالی شیر شاہی میں پی ٹی آئی کے رہنما راجہ عاصم رہائش گاہ پر لگایا جائے گا جس میں امراض چشم کے ماہرین مریضوں کا مفت معائنہ اور علاج کریں گے۔