DailyNewsHeadlineKallar Syedan
Kallar Syedan; SP Saddar Rai Mazhar addresses a meeting of peace committee held in connection with Muharram al-Haram
ایس پی صدر رائے مظہر نے کلر سیداں میں محرم الحرام کے سلسلہ میں منعقدہ امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب
کلرسیداں (اکرام الحق قریشی) ایس پی صدر رائے مظہر نے کلر سیداں میں محرم الحرام کے سلسلہ میں منعقدہ امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام مکتبہ فکر کے علماء کرام اور امن کمیٹی کے ممبران اس دوران امن و امان کی فضاء برقرار رکھنے کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔اتحاد یگانگت اور بھائی چارے کی فضاء کو عام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔پنجاب حکومت کی جانب سے مرتب کردہ مائکرو پلان پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر فرقہ واریت پھیلانا چاہتے ہیں ہمیں مل کر ان سازشوں کو ناکام بنانا ہو گا۔کوئی مقرر،خطیب،ذاکر یا واعظ اپنی تقریر میں کسی توہین کا مرتکب نہیں ہو گا۔کسی بھی اسلامی فرقے کو کافر یا واجب القتل قرار نہیں دیا جائے گا۔آئین کے مطابق تمام مذاہب اور مسالک اپنی مرضی اور مذہبی آزادی سے زندگی گزاریں گے۔انہوں نے کہا کہ آذان اور عربی کے خطبہ کے علاوہ لاؤڈ اسپیکر اور وال چاکنگ پر مکمل پابندی ہو گی۔اجتماعات کیلئے انتظامیہ سے اجازت لینا ہو گی،ہر قسم کے اشتعال انگیز اور نفرت انگیز مواد اور دل آزارنعروں پر مکمل پابندی ہو گی۔اے ایس پی کہوٹہ سرکل اے ایس پی ملک سعود خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی کیلئے ضروری ہے کہ ہم اپنے اختلافی امور کو پس پشت ڈال کر اتحاد و اتفاق کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے دشمنان پاکستان کے عزائم کو خاک میں ملا دیں۔محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے جائیں گے۔جلوس کے روٹس پر کڑی نگرانی کی جائے گی اور لوگوں کو مکمل چیکنگ کے بعد جلوسوں میں شامل ہونے کی اجازت ہو گی۔محرم الحرام کے دوران جلوس اور مجالس کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔تقریب سے پی ٹی آئی کے رہنما راجہ ساجد جاوید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قانون عوام کی سہولت کیلئے بنایا جاتا ہے اور عوام کے تعاون کے بغیر اس پر عملدرآمد ممکن نہیں۔کلر سیداں کے لوگ پر امن ہیں جو ہر وقت لاء انفورسمنٹ ایجنسیوں کیساتھ تعاون کیلئے تیار رہتے ہیں۔ایس ایچ او کلر سیداں انسپکٹر بشارت عباسی، ایس ایچ او تھانہ کہوٹہ سید ندیم شاہ،پی ٹی آئی کے رہنما آصف محمود کیانی،محمد گلفراز بٹ،عاقب علی اوردیگر نے بھی شرکت کی۔
Kallar Syedan; SP Saddar Rai Mazhar addresses a meeting of peace committee held in connection with Muharram al-Haram in Kallar Syedan, Where he outlined measures to combat any illegal activity including ban of wall chalking and use of loud speakers.




