Kallar Syedan; Police case registered against head of Sui gas company after death of six people in Looni Jasyal
لونی جسیال کلر سیداں میں محکمہ سوئی گیس کی مبینہ غفلت کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے چھ افراد کی ایف آئی آر جنرل منیجر سوئی گیس اسلام آباد اور انچارج کمپلینٹ آفس کیخلاف درج کر لی گئی
کلرسیداں (اکرام الحق قریشی)لونی جسیال کلر سیداں میں محکمہ سوئی گیس کی مبینہ غفلت کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے چھ افراد کی ایف آئی آر جنرل منیجر سوئی گیس اسلام آباد اور انچارج کمپلینٹ آفس کیخلاف درج کر لی گئی ہے۔شوکت علی سکنہ لونی جسیال نے مقدمہ درج کراتے ہوئے بیان دیا کہ مورخہ 14 جولائی رات گیارہ بجے کے قریب میرے رہائشی کمرے کی جانب واقع گلی میں اچانک سوئی گیس بھر جانے کی وجہ سے زور دار دھماکہ ہوا جس سے میرے مکان کو شدید نقصان پہنچااور گھر میں موجود میری فیملی کے آٹھ افراد آگ کی زد میں آ کر میرا 30 سالہ بیٹا محمد وقاص،9 سالہ پوتا احتشام۔پانچ سالہ سبحان،25 سالہ بہو مسماۃ شبانہ اور میرے گھر آئے مہمانوں میں میری 35 سالہ بھاوج روبینہ بی بی،ان کے دو بیٹے 11 سالہ باسط،8 سالہ اسد اور تین سالہ بیٹی سونیا جھلس کر شدید زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر ٹی ایچ کیو ہسپتال اور پھر ہولی فیملی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں دوران علاج یکے بعد دیگرے میرا بیٹا وقاص،پوتا احتشام،بھتیجا باسط،بھتیجی سونیا،بہو شبانہ اور گزشتہ روز بھاوج روبینہ جاں بحق ہو گئی جبکہ ہسپتال میں زیر علاج دیگر مضروب بچوں کی حالت بھی تشویش ناک ہے۔ہمارے رہائشی کمرہ کیساتھ گلی میں گیس کی مین پائپ لائن گزر رہی ہے جو کہ عرصہ ایک برس سے لیک تھی جس کی تحریری شکایات ہم نے متعدد بار سوئی گیس کے دفتر اور کہوٹہ کمپلینٹ آفس میں کیں لیکن ہماری شکایات کے باوجود محکمہ سوئی گیس کے اہکار گیس لیکج کو ٹھیک کرنے نہیں آئے جس کی وجہ سے اس سوئی گیس ڈسٹری بیوشن مین لائن کی لیکج سے ایک بہت بڑا حادثہ رونما ہو گیا جس سے دو گھرانوں کے افراد جل کر منوں مٹی تلے چلے گئے۔
کلرسیداں (اکرام الحق قریشی)مسلم لیگ ن کے سابق صوبائی وزیر چوہدری محمد ریاض نے منگل کے روز لونی جسیال کلر سیداں گیس دہماکے میں جاں بحق ہونے والے 6افراد کے گھر کا دورہ کیا اور متاثرین سے دلی تعزیت کرتے ہوئے حکومتی انتظامی بے حسی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پنجاب حکومت حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کے لئے مالی امداد کا اعلان کرے انہواں نے تحصیل اور ضلعی انتظامیہ کی بے حسی پر بھی غم و غصے کا اظہار کیا متاثرہ گھرانے کے سربراہ شوکت علی نے بتایا کہ زخمیوں کے برن یونٹ کھاریاں میں علاج کے لئے 29لاکھ مانگے گئے جو ہم ادا نہ کر سکے اور ایک ایک کر کے چھ افراد کے جنازے اٹھا چکے ہیں مقامی ایم پی اے کے علاوہ کسی نے ہماری مدد نہ کی کوئی حکومتی اہلکار بھی مدد کے لئے نہ آیا ہم جنازے اٹھا اٹھا کر تھک چکے ہیں۔
Kallar Syedan; A Police case has been registered against general manager sui gas Islamabad after death of six people in Looni Jasyal. The death has been blamed on Sui gas company after gas explosion in the village.
ردا فاطمہ نے ریڈ کریسنٹ انٹر نیشنل کے زیر اہتمام انگریزی کے مکالمے کے مقابلے میں ملک بھر میں دوسری پوزیشن حاصل کر لی
Rida Fatima achieves 2nd position in national English article organised by red crescent int
کلرسیداں (اکرام الحق قریشی)پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ زاہد خورشید ایڈووکیٹ کی دختر ردا فاطمہ نے ریڈ کریسنٹ انٹر نیشنل کے زیر اہتمام انگریزی کے مکالمے کے مقابلے میں ملک بھر میں دوسری پوزیشن حاصل کر لی مقابلے میں پانچ سو طلبہ و طالبات نے حصہ لیا وزیر صحت ڈاکٹر ظفر کو ریڈ کریسنٹ انٹرنیشنل کے حکام نے منعقد ہ ایک تقریب میں ردا فاطمہ کو ملک بھر میں سیکنڈ پوزیشن حاصل کرنے پر خصوصی شیلڈ اور 60ہزار روپے کا انعام دیا۔مقامی حلقوں نے اس شاندار کامیابی پر ردا فاطمہ اور راجہ زاہد خورشید ایڈووکیٹ کو دلی مبارکباد دی ہے۔
شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کی شدید مزمت, چوہدری زین العابدین عباس
Ch Zain Al Abdain deplores arrest of ex PM Shahid Khaqan Abbassi
کلرسیداں (اکرام الحق قریشی)مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق سٹی نائب ناظم چوہدری زین العابدین عباس نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کی شدید مزمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے شاہد عباسی کو گرفتار کر کے اپنی بوکھلاہٹ کا ثبوت دیا ہے۔شاہد عباسی ایک شفاف آئینہ جیسی شخصیت کے حامل ہیں ان پر کرپشن کا الزام سوچی سمجھی سازش کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ شاہد عباسی کے والد محترم خاقان عباسی کے اس ملک پر بڑے احسان ہیں۔انہوں نے کلر سیداں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے واشنگٹن میں خطاب کر کے امریکہ کو بھی ڈی چوک بنا دیا اور اپنے اہم ترین سرکاری دورے کو مقامی سیاست کی نذر کر دیا،عمران خان کو نواز فوبیا ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے خوشحالی کے نام پر عوام کا جینا محال کر دیا۔مسلم لیگ (ن) کا دور خدمت سے عبارت تھا جس میں عوام کو ہر طرح کا ریلیف ملا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت موجودہ مسائل پر قابو پانے کی بجائے الزامات اور انتقامی کارروائیاں کر کے اپنی ناکامی کو چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔گزشتہ ایک برس میں پی ٹی آئی حکومت نے ملکی معیشت کا جنازہ نکال دیا،مہنگائی آسمانوں کو چھو رہی ہے مگر حکمرانوں کو کچھ ہوش نہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں مریم نواز شریف کی رابطہ مہم کامیابی سے جاری ہے جس سے حکمرانوں کی نیندیں حرام ہو گئی ہیں۔جلسوں سے ثابت ہوتا ہے کہ آج بھی ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت مسلم لیگ (ن) ہی ہے اور کروڑوں عوام کے دلوں کی دھڑکن میاں نواز شریف ہی ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر کلر سیداں کا اختیارات سے تجاوز اپنی گاڑی سے اترے بغیر دوکاندار کو طلب کر کے پچیس سو روپے جرمانے کی رسید ہاتھ میں تھما دی
Allegations of misuse of power by assistant commissioner Kallar Syedan
کلر سیداں (اکرام الحق قریشی)اسسٹنٹ کمشنر کلر سیداں کا اختیارات سے تجاوز اپنی گاڑی سے اترے بغیر دوکاندار کو طلب کر کے پچیس سو روپے جرمانے کی رسید ہاتھ میں تھما دی اور استفسار پر کہا کہ جرمانہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر کیا گیا ہے۔تفصیلا ت کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر مس امبر گیلانی جو اپنے دفتر سے بہت ہی کم باہر نکلتی ہیں وہ منگل کی سہ پہر اپنی گاڑی میں چوآروڈ پر ایک بیکری کے باہر گاڑی روک کر گن مین کو بیکری میں بھیجا کہ مالک کو بتایا جائے کہ وہ فوری طور پر 25سو روپے کا جرمانہ ادا کریں دوکاندار نے اے سی سے بات کرنا چاہی تو ان کے گن مین نے بتایا کہ میڈیم کسی سے بات نہیں کرتیں۔ادھر دوکاندار کی جانب سے اسرار کرنے پر اسسٹنٹ کمشنر نے اپنی گاڑی کا شیشہ نیچے کیا اور کہا کہ آپ کو 25سو روپے کا جرمانہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر کیا جا رہا ہے آپ انڈے مہنگے داموں فروخت کرتے ہیں جس پر انہیں بتایا گیا کہ انڈوں کا سرکاری ریٹ نوے روپے درجن ہے آپ انڈے اسی روپے درجن فروخت کرتے ہیں، ادھراسسٹنٹ کمشنر جو جرمانے کی رسید دفتر سے تیار کر کے لائی تھیں حوالے کر کے یہ کہتے ہوئے چلتی بنیں کہ آپ عثمان بزدار سے بات کر لیں۔ادھر کلر سیداں کے تاجروں نے اسسٹنٹ کمشنر کلر سیداں کی ناقص کارکردگی اور اختیارات سے تجاوز پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ کلر سیداں میں آئے روز غیر قانونی تعمیرات جاری ہیں اور اس سارے دھندے میں تحصیل انتظامیہ کی پوری سرپرستی حاصل ہے۔