اوسلو(عقیل قادر)اوسلو سٹی کونسل کے ممبر اور لیبر پارٹی اوسلو کے رہنما ناصر احمد نے تارکین وطن کے روزگار کے سلسلے میں بڑھتے ہوئے امتیازی سلوک کے موضوع پر اوسلو سٹی کونسل کے ہال میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا جس میں سرکاری و غیر سرکاری اداروں کے نمائندگان، صحافیوں اور امریکی سفارتخانہ کے پولیٹیکل آفیسر مائیکل لُوسن نے خصوصی شرکت کی۔ ناصر احمد نے گفتگو کا آغاز کرتے ہوئے سیمینار میں شرکت کرنے پر تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ناروے میں پید ا ہونے والے وہ بچے جن کے والدین کا تعلق کسی اور ملک سے ہے کو روزگارحاصل کرنے میں امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑتا ہے انہوں نے کہا کہ ایک سروے کے مطابق 27 فیصد لوگوں کو صرف اس لیے کام نہیں دیا جاتا کیونکہ ان کا رنگ اور نام نارویجن نہیں ہوتا۔ سروے میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ویت نام کے 14 فیصد جبکہ 28 فیصد پاکستانیوں کو روزگار کے سلسلے میں امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اوسلو سٹی کونسل کی سینئر وزیر برائے صحت و روزگار تُھونے تھیلے ویک دال Tone Tellevik Dal نے کہا کہ لیبر مارکیٹ میں امتیازی سلوک کو روکنے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔ انڈیپنڈینٹ سوشل سائنس ریسرچ فاؤنڈیشن کے پروفیسر Arnfinn Mitdbøen نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی فاؤنڈیشن نے بھی امتیازی سلوک کے حوالے سے کئی سروے کیے ہیں جن میں یہ بات بھی دیکھی گئی ہے کہ ایک ہی جیسی جاب اپلیکیشنزنارویجن اور پاکستانی ناموں کے ساتھ بھیجی گیئں تو پاکستانیوں کو انٹرویوز پر بلانے کی شرح25 فیصد کم تھی۔ سیمینار سے لیبر یونین کی مرکزی رہنما صفاک یوہانسن، جاوید مشتاق اور آفتاب وڑائچ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
Norway. Seminar was held on increasing discrimination against those born in Norway but discriminated while applying to get a job. The seminar was organised by Oslo city council member Nasir Ahmed.