DailyNewsOverseas news
Norway; Charity poetry evening held under Gazali education forum in Oslo
ناروے۔ غزالی ایجوکیشن فورم کے تحت عظیم الشان چیرٹی مشاعرہ میں امجد اسلام امجداورسید سلیمان جیلانی کی خصوصی شرکت
اوسلو(عقیل قادر) غزالی ایجوکیشن فورم ناروے کے زیر اہتمام ناروے کے مختلف شہروں برگن، ستوانگر اور اوسلو میں عظیم الشان چیرٹی مشاعروں کا اہتمام کیا گیا جس میں مقامی لوگوں کی بڑی تعداد اور مقامی ادبی تنظیمات کے نمائندگان نے بھی بھرپور شرکت کی۔ اوسلو میں چیرٹی مشاعرے میں خواتین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔مشاعرے کا باقاعدہ آغاز علامہ ہادی نے تلاوت قرآن پاک سے کیا اوروقاص میر نے نعت رسول مقبول ﷺ پیش کی۔چیرٹی مشاعرے میں پاکستان کے معروف شاعر، ادیب و کالم نگار امجد اسلام امجداورمعروف شاعرسید سلیمان جیلانی نے خصوصی شرکت کی۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض غزالی ایجوکیشن فورم ناروے کے جنرل سیکریڑی میاں محمد طیب نے نہایت خوش اسلوبی سے سرانجام دیئے۔ غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید عامر محمود جعفری نے پروگرام کی صدارت کی۔ سید عامر محمود جعفری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج بھی پاکستان میں پچاس فیصد لوگ پڑھنا اور لکھنا نہیں جانتے جبکہ اڑھائی کروڑ سے زائد بچے سکول نہیں جاتے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ایک بنیادی ضرورت ہے جس کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔چیرٹی پروگرام میں تقریباََ 85 لاکھ روپے کی ڈونیشن جمع ہوئی۔امجد اسلام امجد کی سوانح حیات ”امجد فہمی” کی بولی لگائی گئی جس کو حافظ اسلم حق نے ایک لاکھ روپے میں خریدا۔ڈاکٹر حامد فاروق، میاں محمد طیب، صدر مسلم کونسل یورپ اخلاق احمد اور غزالی ایجوکیشن فورم ناروے کے صدر نذر حسین عباس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام میں تعلیم کو بہت اہمیت دی گئی ہے، کوئی بھی قوم تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی۔ مقررین کا مزید کہنا تھا کہ غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ میں بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے تاکہ یہ بچے سوسائٹی کے لیے مفید کردار ادا کر سکیں۔چیرٹی مشاعرے سے جمع ہونے والی رقم کو غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کے قائم کردہ 700 سے زائد سکولوں میں بچوں کی تعلیم و تربیت پر خرچ کیا جاتا ہے۔ امجد اسلام امجداور سید سلیمان جیلانی نے اپنی شاعری سے محفل میں خوب رنگ جمایا اور حاضرین کے چہروں پر قہقے بکھیر دیئے۔ مولانا محبوب الرحمن نے دعا کے ساتھ پروگرام کا اختتام کیا۔
Norway; Charity poetry evening was held under Gazali education forum in Oslo, where guest of honour was Amjad Islam Amjad and Syed Suliman Jillani.