DailyNewsHeadlineOverseas news

Norway; Pakistan day celebrated at Pakistani embassy in Oslo

ناروے۔ سفارتخانہ پاکستان اوسلو میں یوم پاکستان کی خوبصورت تقریب منعقد ، بچوں کی پرفارمنس نے تقریب کو چار چاند لگا دیئے

اوسلو(عقیل قادر)ناروے میں پاکستانیوں کو آباد ہوئے تقریباََ 50 برس بیت چکے ہیں اور اب چوتھی نسل ناروے میں پروان چڑھ رہی ہے مگر پاکستان سے محبت اور تعلق میں ہر گذرنے والے دن کے ساتھ پختگی نظر آتی ہے۔ سفارتخانہ پاکستان کے زیر اہتمام یوم پاکستان کو بڑے جوش و خروش اور عقیدت و احترام سے منایا جاتا ہے جس میں سب سے زیادہ جوش و خروش خواتین اور بچوں میں نظر آتا ہے کیونکہ وہ اپنے بچوں کو کئی ہفتے محنت کرا کرتلاوت، نعت رسول ﷺ، تقاریر اور ملی نغموں کے لیے تیار کرتی ہیں۔ اس سال بھی یوم پاکستان کے موقع پر سفارتخانہ پاکستان اوسلو میں ایک خوبصورت تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں گردو نواح سے ہر شعبہ ہائے زندگی سے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ہر سال کی طرح اس سال بھی ملک سلطان حمزہ کی پوری فیملی نے بچوں کی تیاری کے لیے اہم کردار ادا کیا ۔ تقریب کا آغاز دو ننھے منے بچوں محمد ابراہیم اور فاطمہ نور نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔ مناہل رضوی نے یوم پاکستان کے حوالے سے گیت گا کر خوب داد وصول کی۔ حاجرہ بتول راجہ، چوہدری حسنین سرور اور دیگر بچوں نے تقاریر، ملی نغمے، ٹیبلو، ایئر فورس اور نیوی کی وردیوں میں ملبوس ہو کر علامتی پریڈ بھی کی جس پر حاضرین نے تالیوں کی صورت میں بچوں کی خوب حوصلہ افزائی کی۔ تقریب سے سفیر پاکستان ظہیر پرویز خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تارکین وطن پاکستانی اپنے آبائی وطن سے بے پناہ محبت کرتے ہیں جس کا اظہار چند ہفتے قبل انڈیا کی طرف سے کی جانے والی جارحیت اور پاکستان کی فضائی سرحدوں کی خلاف ورزی پر پاکستانیوں نے بڑی تعداد میں اپنی خدمات پیش کرنے کی صورت میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ قیادت ایک نڈر قیادت ہے اور ہماری سرحدوں کی محافظ فوج پر قوم کو پورا اعتماد حاصل ہے۔ پروگرام کی نقابت کے فرائض ہیڈ آف چانسری طیب زیب عباسی اور ثمینہ تگے نے ادا کیے جب کہ طیب زیب عباسی نے صدر پاکستان عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے۔ پروگرام کے آخر پر ظہیر پرویز خان نے بچوں اور خواتین کی حوصلہ افزائی کے لیے تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں۔

Norway; Pakistan day was celebrated with Pakistani community living in Oslo and surrounding region, The children born in Norway sang the Pakistani national anthem.

 

Show More

Related Articles

Back to top button