DailyNewsOverseas news

Norway; Rawalpindi welfare society hold Pakistan day function in Oslo

یوم پاکستان کے سلسلے میں اسلام آباد راولپنڈی ویلفئیر سوسائٹی ناروے کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان تقریب

اوسلو(عقیل قادر) یوم پاکستان کے سلسلے میں اسلام آباد راولپنڈی ویلفئیر سوسائٹی ناروے کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان تقریب منعقد کی گئی جس میں ہر طبقہ فکر اور معاشرے کے تمام شعبوں سے خواتین و حضرات نے شرکت کر کے تقریب کی رونق کو چار چاند لگا دئیے۔پروگرام کے مہمان خصوصی ناروے میں پاکستانی سفیر ظہیر پرویز خان تھے اور تقریب کی صدارت سوسائٹی کے صدر مرزا ذوالفقار نے کی۔ ناروے کے سابق وزیر اعظم شیل مانگنے بوندویک  نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔ پروگرام کا آغازحافظ محمد اویس حمید نے تلاوت قرآن سے کیا، بارگاہ رسآلت ماب ﷺ میں عقیدتوں کے پھول محمد عبدالمنان، سمیع حسین اور راجہ محمد ارشمان دانیال نے نچاور کیئے۔پروگرام میں جن ننھے منے بچوں نے ملی نغمے اور قومی ترانہ پیش کیا ان میں آمنہ نور اسحاق، محمد طہ اسحاق، زاویار خان اور اریان خان شامل ہیں ۔ چوہدری حسنین سرور، راجہ محمد قاسم اور حماد حسین قادر نے بچوں کی نمائندگی کرتے ہوئے یوم پاکستان اور حالات حاضرہ پر تقاریر پیش کیں۔ سوسائٹی کے جنرل سیکریڑی راشد علی اعوان نے سوسائٹی کی طرف سے کی جانے والی کاوشوں پر تفصیلی روشنی ڈالی اور یوم پاکستان کے تاریخی پس منظر پر جامع گفتگو کی۔ تقریب کی نقابت کے فرائض سوسائٹی کے جنر ل سیکریڑی راشدعلی اعوان اور جوائنٹ سیکریڑی ڈاکٹر عادل خان نے خوبصورت اور احسن انداز میں سر انجام دیئے۔اوسلو میں ابھرتے ہوئے نوجوان شاعر سید فواد علی شاہ نے یوم پاکستان کے حوالے سے خوبصورت شاعری پیش کی۔ اوسلو سٹی کونسل کے ایم پی اے ڈاکٹر مبشر بنارس، ڈاکٹر سید ندیم حسین اور رابعہ سیماب روحی نے یوم پاکستان اور حالات حاضرہ پر گفتگو کی۔ پروگرام کے مہمان خصوصی پرویز ظہیر خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد راولپنڈی ویلفیئر سوسائٹی کو یوم پاکستان کی خوبصورت تقریب منعقد کرنے پر مبارکباد پیش کی اورکہا کہ آج پاکستانی قوم کو اس بات کا ادراک ہو چکا ہے کہ 1940 کو ایک الگ وطن بنانے کا جو فیصلہ کیا گیا تھا وہ درست فیصلہ تھا۔ ناروے کے سابق وزیر اعظم شیل مانگنے بوندے ویک کو سوسائٹی کی طرف سے امن کے فروغ اور باالخصوص مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کی جانے والی کاوشوں پرایوارڈ سے نوازا گیا۔شیل مانگنے بوندے ویک نے خطاب کرتے ہوئے سوسائٹی کا ایوارڈ دینے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دنیا میں امن کے لیے ضروری ہے کہ انڈیا اور پاکستان کشمیریوں کے ساتھ مل کر مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیر کا حل ڈھونڈے کیونکہ کشمیر کا حل جنگ نہیں مذاکرات ہیں۔انکا مزید کہنا تھا کہ شام اور یمن میں جنگ کی وجہ سے مسئلہ کشمیر پر دنیا کی توجہ نہیں رہی مگر اب وقت آ گیا ہے کہ کشمیر کا حل نکالا جائے۔25 سال سے مسلسل سوسائٹی کی خدمات کرنے پر سوسائٹی کے بانی رکن و مرکزی رہنما یوسف خان کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔ پروگرام کے اختتامی کلمات سوسائٹی کے صدر مرزا ذوالفقار نے ادا کیے اور تمام خواتین و حضرات کو یوم پاکستان کی مبارکباد پیش کی اور انکا پروگرام میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔پروگرام کے اختتام پر علامہ قاری نذیر اختر قادری نے پاکستان کی سلامتی و ترقی کے لیے دعا کرائی۔

 

Show More

Related Articles

Back to top button