تفصیلات کے مطابق ڈھوک آم والی یونین کونسل بیول میں مین روڈ پر بنائے گئے سیوریج گٹر کھلے چھوڑ دیئے گئے جن پر گھاس وغیرہ اُگنے سے دکھائی نہیں دیتے اور حادثات کا سبب بننے لگے۔ مدرسہ فیض السلام پکاکھوہ میں پڑھنے والے دوسری کلاس کا طالب علم محمد جمال جو کہ غازی ٹینٹ سروس بیول پر کام کرنے والے مزدور محمدشبیر کا بیٹا تھاگڑھے میں گر کر جان کی بازی ہار گیا۔ گھنٹوں تلاش کے بعد جب لاش ملی تو علاقہ بھر میں کہرام مچ گیا اور ہر آنکھ اشک بار ہو گئی۔ ہاتھوں میں کتابیں لے کر علم حاصل کرنے کے لیے جانے والے بچے کی جب لاش گھر واپس آئے تو ارباب اختیار کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ محمد جمال کی نماز جنازہ آج رات 9 بجے ڈھوک چوہدری گوہر والی ٹکال میں ادا کی جائے گی۔