DailyNewsOverseas news

Norway; Charity dinner “Sakoon” held with Hamza Ali Abbassi in Oslo

ناروے۔ سماجی تنظیم''سکون''کے زیر اہتمام معذور افراد کے لیے چیرٹی ڈنر میں حمزہ علی عباسی کی خصوصی شرکت

اوسلو(عقیل قادر) ناروے میں سماجی تنظیم ”سکون”کے زیر اہتمام ایک چیرٹی ڈنر کا اہتمام کیا گیا جس میں گردو نواح سے سیاسی و سماجی شخصیات کے علاوہ بڑی تعداد میں خواتین و حضرات نے شرکت کی۔تقریب کا آغاز حافظ محمد اسلم حق نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی معروف اداکار حمزہ علی عباسی اور چیئرمین اخوت یونیورسٹی ڈاکٹر امجد ثاقب تھے جبکہ تقریب کی صدارت سکون کے چیئرمین شاہد جمیل نے کی۔ تقریب میں سفیر پاکستان ظہیر پرویز خان، سویڈین سے سبرینہ خان، پروفیسر تھُورَن سجاداورسیاسی رہنما ناصر احمد نے خصوصی شرکت کی۔ ظہیر پرویز خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکون فلاح انسانیت کے لیے عظیم خدمات سرانجام دے رہی ہے اور انسانیت کی خدمت سے بہتر اور کوئی کام ہو نہیں سکتا۔ شاہد جمیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکون نے گذشتہ کئی سالوں سے معذور افراد کے لیے وہیل چیئرز کے ذریعے مدد کی ہے اور اس سال سے ان کی تنظیم معذور افراد کے لیے روزگار سکیم شروع کرنے جا رہی ہے تاکہ معاشرہ انکو نظر انداز نہ کرے اور انکی معذوری کے سبب دوسرے انسانوں سے کمتر نہ سمجھے، بلکہ ان کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ بھی معاشرے کا حصہ بن کر ایک مثبت کردار ادا کر سکیں۔ حمزہ علی عباسی نے سکون کی ٹیم کو خوبصورت ایونٹ آرگنائز کرنے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ سکون کو سپورٹ کرنے کے لیے چیئرمین اخوت یونیورسٹی ڈاکٹر امجد ثاقب بھی موجود ہیں اور دونوں مل کر فلاح انسانیت کے لیے کام کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر امجد ثاقب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اخوت پاکستان میں اب تک 23 لاکھ گھرانوں میں 53 ارب روپے سے زائد رقم خرچ کر چکی ہے۔ تقریب سے اوسلو سٹی کونسل کے ممبر ناصر احمد، ڈاکٹرسبرینہ خان، نوید ظفر، پروفیسر تُھورن سجاد اور چوہدری شمعون نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کی نقابت کے فرائض شاہ رخ سہیل اورنیہا اکرام نے احسن انداز میں سر انجام دیئے۔ تقریب میں لوگوں نے بڑھ چڑھ کر فنڈ ریزنگ میں حصہ لیا اور بہت بڑی تعداد میں سکون اور اخوت کے لیے چندہ جمع کرایا۔ پروگرام کے آخر پر قرعہ انداز ی کے ذریعے ایک خوش نصیب کو عمرے کا ٹکٹ بھی دیا گیا۔

Show More

Related Articles

Back to top button