DailyNewsHeadlineKallar Syedan

War is not the solution for current crisis, Ex PM Raja Pervez Ashraf

جنگ مسائل کا حل نہیں ،پوری قوم اپنی مسلح افواج کی پشت پر کھڑی ہے،راجہ پرویز اشرف

پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ جنگ مسائل کا حل نہیں ،پوری قوم اپنی مسلح افواج کی پشت پر کھڑی ہے پوری دنیا نے عمران خان کے موقف کو سراہا ہے ۔بھارتی طیاروں کا گرایا جانا پاکستان کی فتح ہے بھارتی پائلٹ کو دو چار دن بعد رہا کردیا جاتا تو زیادہ بہتر تھا ،او آئی سی میں بھارتی وزیر خارجہ کو مدعو کرتے وقت پاکستان کو اعتماد میں نہ لینے پر حیرت ہوئی ہے ۔پاکستان کو ایٹمی قوت بنا کر اسے ناقابل تسخیر بنایا گیا اور اس کے لیے ذوالفقار علی بھٹو،محترمہ بینظیر بھٹو شہید اور میاں نواز شریف کا کردار بڑا نمایاں ہے ۔ملک کی تمام سیاسی قوتیں اپنی مسلح افواج کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہیں وزیر اعظم عمران خان کے پیغام کو دنیا میں پذیر رائی ملی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز کلر سیداں میں شیخ میثم تمار کے دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر محمد اعجاز بٹ، چیئر مین سید راحت علی شاہ، چوہدری محمد ایوب ، مرزا منور آصف ،نوید مغل، شیخ عظیم اکرم اور دیگر بھی موجود تھے ۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا ،جنگ مسائل کا حل نہیں مگر مودی نے جنگی ماحول بنا رکھا ہے بھارتی میڈیا گمراہ کن پروپیگنڈے میں مصروف ہے ،بھارتی طیاروں نے رات کی تاریکی میں کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کی جس کا جواب پاکستانی شاہینوں نے دن کے اجالے میں دیا ،دو بھارتی جنگی طیاروں کا گرایا جانا پاکستان کی فتح ہے اور ہم نے ثابت کر دیا کہ پاکستان جنگ میں پہل نہیں کرے گا اور اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو پھر کسی کا کچھ باقی نہیں بچے گا ،پاکستان بھارت کشیدگی صرف خطے کے لیے ہی نہیں پوری دنیا کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری بہادر افواج نے جنگی طیارے گرا کر بھارت کا غرور خاک میں ملایا اور یہی بات نریندر مودی کو ہضم نہیں ہو رہی ۔انہوں نے کہا کہ گرفتار بھارتی پائلٹ کو چار پانچ ایام بعد رہا کیا جاتا تو زیادہ بہتر تھا مگر محسوس یوں ہوتا ہے کہ دوست ممالک کے مشورے پر اسے رہا کیا گیا جس کے مثبت اثرات ابھی تک سامنے نہیں آئے اور بھارت مسلسل شہری آبادی پر گولہ بھاری میں مصروف ہے ۔انہوں نے کہا کہ اوآئی سی کی جانب سے بھارتی وزیر خارجہ کو بطور مہمان مدعو کر نا اور اس کے لیے پاکستان سے مشاورت نہ ہونے پر بڑی حیرت ہوئی ہے مگر یہ وقت اختلاف کا نہیں پوری قوم حکومت اور مسلح افواج کے ساتھ ہے دنیا میں وزیر اعظم عمران خان کے بیان کو پذیر رائی ملی ہے انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آج اگر پاکستان بھارتی حملے کا منہ توڑ جواب دے سکتا ہے تو اس کی وجہ اس کا ایٹمی قوت ہونا ہے۔ملک کو نا قابل تسخیر بنانے میں ذوالفقار علی بھٹو،محترمہ بینظیر بھٹو شہید اور میاں محمد نواز شریف کے کردار کو کوئی جھٹلا نہیں سکتا،اگر آج ہم ایٹمی قوت نہ ہوتے تو حالات بہت خوفناک ہوتے ،اب ایک بات طے ہے کہ بھارت پاکستان کو ختم نہیں کر سکتا ۔

کلر سیداں سے 55 لاکھ روپے کی کیش نکلوا کر راولپنڈی لے جانے والے شخص کو مہیر ہ سنگال کے قریب نشہ آوور اشیاء سونگھا کر لوٹ لیا گیا

کلر سیداں میں مختلف بنکوں سے 55 لاکھ روپے کی کیش نکلوا کر راولپنڈی لے جانے والے شخص کو مہیر ہ سنگال کے قریب نشہ آوور اشیاء سونگھا کر لوٹ لیا گیا جسے بعد ازاں ریسکیو 1122 کی گاڑی نے بے ہوشی کی حالت میں ٹی ایچ کیو ہسپتال کلر سیداں پہنچایا جہاں اس کا معدہ واش کرنے کے بعد تین گھنٹے تک ہسپتال میں زیر اعلاج رکھنے اور حالت تسلی بخش ہونے کے بعد گھر بھیج دیا گیا۔اطلاع ملتے ہی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور توقیر نامی متاثرہ شخص سے ابتدائی معلومات حاصل کیں۔پولیس کے سب انسپکٹر مظہر سجاد کے مطابق توقیر نامی شخص نے بتایا کہ اس نے کلر سیداں میں مختلف بنکوں سے مجموعی طورپر 55 لاکھ روپے کی کیش نکلوائی جس کے بعد وہ اپنی گاڑی میں کیش لے کر راولپنڈی جا رہا تھا کہ مہیرہ سنگال کے قریب ایکس ایل آئی گاڑی اور موٹر سائیکل جس پر دو افراد سوار تھے نے مجھے رکنے کا اشارہ کیا اور اپنی گاڑی کا شیشہ نیچے کرنے کو کہا جس کے بعد موٹر سائیکل سوار نے مجھے نشہ آوور چیز سنگھا کر بے ہوش کر دیا اور اسی دوران گاڑی میں موجود تمام کیش لے کر فرار ہو گئے اور جب ہوش آیا تو میں نے اپنے آپ کو ہسپتال میں پایا۔ ادھر پولیس نے بتایا کہ معاملہ مشکوک ہے جس کی تشویش مکمل کرنے کے بعد ہی اصل حقائق سامنے آئیں گے۔ پولیس کے مطابق دو سال قبل بھی اس نے دو کروڑ روپے سے زائد کی رقم چھیننے کا ڈرامہ رچایا تھا۔متاثر شخص کبھی اپنے آپ کو پراپرٹی ڈیلر بتاتا ہے اور کبھی کہتا ہے کہ وہ منی چینجر کا کاروبار کرتا ہے جبکہ پولیس کے مطابق وہ ہنڈی کا کاروبار کرتا ہے۔

 

گھر کے بیچ میں سے راستہ نکالنے سے منع کرنے پر تین خواتین سمیت پانچ افراد نے ماں بیٹے کو تشدد کا نشانہ بنا کر مضروب کر ڈالا

گھر کے بیچ میں سے راستہ نکالنے سے منع کرنے پر تین خواتین سمیت پانچ افراد نے ماں بیٹے کو تشدد کا نشانہ بنا کر مضروب کر ڈالا۔پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔مسماۃ (ع) زوجہ اشفاق احمد سکنہ ڈھوک گوہر والی داخلی ٹکال نے پولیس کو بیان دیا کہ مورخہ 24 فروری بوقت گیارہ بجے دن میں اپنے گھر میں موجود تھی کہ باہر سے شور کی آواز آئی تو دیکھا کہ میرے مال مویشی جو باہر بندھے ہوئے تھے کو مسماۃ (ن) زوجہ مناظر،ناصر ولد محمد یونس،مسماۃ (ر)، مسماۃ (ع) زوجہ عدنان کھول رہے تھے جس پر میں اور میرے خاوند نے انہیں ایسا کرنے سے منع کیا جس پر مناظر نے دھمکی دی کہ اگر منہ بند نہ رکھا تو جان سے مار دونگا جس کے بعد مناظر اور ناصر ہمارے گھر میں داخل ہو گئے اور میرے بیٹے معظم کو ان تمام افراد نے مارنا شروع کر دیا۔میں چھرانے کیلئے آ گے بڑھی تو میرے ساتھ بھی ہاتھا پائی کی اور میرے کپڑے پھاڑ دہئے۔وجہ عناد زمین کا تنازعہ ہے۔

 

برطانیہ میں مقیم چوہدری محمد یعقوب کے فرزند چوہدری شعیب یعقوب رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے

پیپلز پارٹی کے دیرینہ سر گرم کارکن چوہدری غلام شبیر کے فرزند چوہدری شہزاد شبیر اوربرطانیہ میں مقیم چوہدری محمد یعقوب کے فرزند چوہدری شعیب یعقوب رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے دعوت ولیمہ کی تقریب چوآخالصہ کے قریب موہڑہ ہیراں میں ہوئی جس میں سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف، محمد اعجاز بٹ، راجہ قمر مسعود، چیئر مین سید راحت علی شاہ ،چیئر مین راجہ ندیم احمد، محمد ظریف راجا، سلطان پرویز کیانی، زین العابدین ،نصیر بھٹی، چوہدری امتیاز حسین، اخلاق حسین بھٹی ،زاہد بھٹی، رضا بھٹی، چوہدری عبدالرشید، ماسٹر عبدالشکور، حاجی عنایت اللہ، ماسٹر حامد محمود،راجہ عابد، بلاول شبیر، بابو نذر عباس،محمد عباس،بابو عبدالقیوم،اور دیگر نے شرکت کی ۔

Show More

Related Articles

Back to top button