گورنمنٹ ہائی سکول بھڈانہ میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات منعقد کی گئی ۔ تقریب کے مہمان خصوصی برطانیہ میں مقیم سماجی شخصیت خواجہ غلام شبیر تھے۔اس موقع پر سکول کے طلبہ و طالبات نے رنگا رنگ پروگرام پیش کئے ۔ وطن سے محبت کے نغمے ’’ تو سلامت وطن تاقیامت وطن‘‘ پر بچوں نے خوبصورت ٹیبلو پیش کیا جسے حاضرین نے بہت پسند کیا۔ فوجی وردی میں ملبوس نوجوان حماد ابرار کی پرفارمنس پر اسے خصوصی انعام دیا گیا۔نرسری میں زیر تعلیم بچیوں نے ویلکم سانگ پیش کر کے داد سمیٹی۔’’ مولا معاف کریں تو‘‘ اور ملی نغمے ’’ ہم ایک ہیں‘‘ پر طلبا نے پر عزم انداز میں پرفارم کیا۔ صوفیانہ کلام ’’ حق اللہ ہو اللہ ہو اللہ‘‘ پر طلبا نے رقصِ درویش پیش کیا جسے تقریب کے شرکاء نے بہت پسند کیا ۔ سکول پرنسپل جہانگیر افضل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عظیم ہیں وہ لوگ جو نئی نسل کی تعلیم و تربیت کا اہتمام کرتے ہیں اور اس کام میں معاونت کرتے ہیں۔ بھڈانہ سے تعلق رکھنے والی خواجہ فیملی کے افراد بالخصوص خواجہ حاجی غلام ربانی ، خواجہ شبیر ، خواجہ محمد شکیل، خواجہ محمد آزاد کئی سالوں سے مسلسل سکول کی تعمیر و ترقی میں مالی تعاون کر رہے ہیں ۔ سکول کا امتحانی ہال اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ شفیلڈ برطانیہ میں مقیم چوہدری محمد اکرم اور ان کی فیملی بھی گزشتہ کئی سالوں سے طلبہ کے لئے فرنیچر اور دیگر سہولیات فراہمی میں مدد کر رہی ہے ۔ ماں جی ٹرسٹ (برطانیہ) بھڈانہ سکول کے 75 طلبا کو ہر سال نوٹ بکس ، سکول یونیفارم اور شوز وغیرہ فراہم کرتا ہے ۔ہم ان تمام افراد کے اس جذبہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور علاقے کے غریب طلبہ کو تعلیم میں سہولت مہیا کرنے پر ان تمام افراد کے لئے دعاگو ہیں ۔ سکول پرنسپل نے تعلیمی میدان میں سکول کی کارکردگی پیش کی۔ بہترین اور معیاری نتائج دینے پر سائنس ٹیچر کامران حفیظ کو بیسٹ ٹیچر ایوارڈ دیا گیا جبکہ Most Punctual Teacher ایوارڈ مس علینہ نے حاصل کیا۔سکول میں سال بھر ہونے والے مختلف پروگراموں میں بہترین ایونٹ مینجمنٹ پر ٹیچر علینہ اور ٹیچر فوزیہ گلفراز کو خصوصی انعام دیا گیا۔ تقریب میں شریک مہمانِ خصوصی خواجہ غلام شبیر ، خواجہ محمد آزاد ، کونسلر راجہ شہزاد ، محمد جاوید ، غلام مصطفی ، محمد مظہر‘ معروف صحافی راجہ ثاقب بشیر ‘ سکول کے سینئر ٹیچر راجہ ابرار حسین اور قاضی اشتیاق نے بچوں میں انعامات تقسیم کئے۔ تقریب میں کمپیئرنگ کے فرائض مرزا عنصر یاسین نے سرانجام دیئے۔
Check Also
Close