منجوٹھہ یوسی بیو ل سے تعلق رکھنے والے معروف ماہر تعلیم ہیڈ ماسٹر(ریٹائرڈ) مرزا جاوید احمد قضائے الہٰی سے مورخہ پندرہ فروری 2019 بروز جمعہ اس دارِ فانی سے انتقال فرما گئے ہیں۔ نمازجنازہ شام چار بجے منجوٹھہ میں ادا کی گئی جس میں علاقے بھر کی سیاسی و سماجی شخصیات اور اساتذہ برادری نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر موجود ساتھی اساتذہ اوران کے شاگردوں نے مرزا جاوید صاحب کی تعلیمی خدمات کا تذکرہ کیا۔ مرزا جاوید صاحب نے محکمہ تعلیم میں خدمات کا آغاز بطور سیکنڈری سکول ٹیچر گورنمنٹ ہائی سکول نرڑ کہوٹہ سے کیا۔ کچھ عرصہ بعد گورنمنٹ ہائی سکول بیول آگئے جہاں کافی عرصہ خدمات سرانجام دیتے رہے۔ آپ عموماً حصہ ہائی کو انگریزی اور اردو جیسے مضامین پڑھایا کرتے تھے۔ اس زمانے میں انگلش پڑھانے والے اساتذہ بہت کم تعداد میں ہوتے تھے اس لئے انہیں علاقے میں نہایت عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔ بیول کے علاوہ انہوں نے مڈل سکول رتالہ جبر ، منجوٹھہ میں بھی انتظامی و تدریسی خدمات سرانجام دیں۔ پروموشن کے بعد بطور ہیڈ ماسٹر ہائی سکول جبر اور سموٹ میں تعینات رہے۔ آپ نے آج سے کم وبیش بیس سال قبل گورنمنٹ ہائی سکول سموٹ سے ریٹائرمنٹ لی تھی۔ آپ ایک اچھے اور کوالیفائیڈ استاد کے علاوہ بہت اچھے مقرر بھی تھے۔ سکول میں ہونے والی ہر اہم تقریب کے شرکا سے خطاب کیا کرتے تھے۔ آپ کو مطالعہ کتب کا بہت شوق تھا جس کی وجہ سے آپ کی تقاریر بہت شاندار ہوا کرتی تھیں۔ ملازمت سے ریٹائرمنٹ کے بعد رعشہ کی بیماری میں مبتلا ہو گئے جس کی وجہ سے دوستوں سے ملنا جلنا کم ہو گیا تھا۔ کچھ عرصہ صاحب فراش رہنے کے بعد خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ آپ کے بیٹے وقار عظیم ، اسد جاوید، خاور عباس اور ایک بیٹی درس و تدریس سے وابسطہ ہیں اور منجوٹھہ کے مقامی سرکاری سکولوں میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔آپ کے بھائی مرزا افتخار اور بھتیجے ماسٹر طلعت محمود بھی شعبہ تدریس سے وابسطہ رہے ہیں۔آپ مرزا عاصم ابرار منیجر بنک الفلاح بیول کے چچا اور مرزا آفتاب ، مرزا محمود کے ماموں تھے۔ آپکے جنازے میں لوگوں کا بڑی تعداد میں شرکت کرنا آپ کے ا علیٰ خلاق اور بہترین تدریسی خدمات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اللہ مرحوم مرزا جاوید احمد صاحب کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل سے نوازے۔
Gujar Khan; Well known and Legendry respected ex head teacher Master Mirza Javed Ahmed namaz e janaza held in village Manjotha, he sadly passed away on 15th February. Master Mirza Javed Ahmed served at Narr school in Kahuta before moving on to high school Bewal as well as serving in Rattala Jabbaer and Manjotha.