ایم پی اےگوجرخان چوہدری جاوید کوثر ایڈووکیٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے کوشاں ہے ،عوامی مسائل کو حل کرنے کیلئے وزیراعظم عمران خان کے ویژن پر تمام وفاقی کابینہ کے ارکان ، وزیراعلیٰ پنجاب اور صوبائی کابینہ کے ارکان پوری تندہی سے کام کررہے ہیں، جلد عوام کو واضح تبدیلی محسوس ہوگی، پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے معیشت کا بیڑہ غرق کر کے ہمارے حوالے کیا ، اب اس بگاڑ کو سدھارنے میں وقت ضرور لگے گا مگر عوام کو مایوس نہیں ہونا چاہیے، ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے، گوجرخان میں سوئی گیس پریشر کے حوالے سے صحافیوں کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ گیس فیلڈز میں گیس کی پیداوار انتہائی کم ہوچکی ہے، جس کے باعث گیس پریشر کا مسئلہ رہے گااور ہم عوام سے جھوٹ نہیں بول سکتے ،راولپنڈی اسلام آباد میں بھی گیس پریشر کا مسئلہ موجود ہے،گوجرخان کو ضلع بنانے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم پچھلے سال انہی دنوں میں گوجرخان ضلع بناؤ تحریک میں شامل تھے، اب ہم اقتدار میں آئے ہیں، ہم گوجرخان کو ضلع بنانے کیلئے اپنی تمام تر کاوشیں کریں گے ، چونکہ ہماری حکومت کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے اس لئے عوام ہمیں وقت دے ، ہم کارکردگی دکھائیں گے اور ہر شعبے میں انقلابی تبدیلیاں لائیں گے۔