Norway; Millad celebrated at Muslim centre in Oslo
ناروے ۔مسلم سینٹر فیورست اوسلو میں سالانہ عظیم الشان جشن میلاد النبی ﷺ کی محفل کا انعقاد
ماہ ربیع الاول شروع ہوتے ہی پوری دنیا کی طرح ناروے میں بسنے والے مسلمان بھی اپنے آقا و مولا نبی کریم ﷺ کی ولادت کی خوشی کو اپنے اپنے منفرد انداز سے مناتے ہیں۔ مسلم سینٹر فیورست نے ماہ ربیع الاول کے آغاز میں ایک بہت ہی خوبصورت اور پُروقار میلادمحفل کا انعقاد کیا جس میں بڑی تعداد میں عاشقان رسولﷺ نے شرکت کی۔ مسلم سینٹر فیورست کو میلاد النبی ﷺ کی خوشی میں رنگ برنگے قمقموں اور پھولوں سے نہایت ہی دلکش انداز میں سجایا گیا تھا ۔ محفل میلاد کے مہمان خصوصی نوجوان مذہبی اسکالر مفتی محمد طاہر عزیز باروی تھے جبکہ مقامی علمائے کرام نے بھی بڑی تعداد میں محفل میں شرکت کی۔ محفل میلاد کا آغاز مسجد ہذا کے امام و خطیب علامہ قاری نور علی سیالوی نے تلاوت قرآن پاک سے کیا جبکہ بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں محبتوں اور عقیدتوں کے پھول قاری اسرار احمد، محمد شفیع اور مبشر جاوید نے نچاور کرکے محفل کو چار چاند لگا دیئے اور حاضرین نعرہ تکبیر و رسالت سے اپنی محبتوں کا اظہار کرتے رہے۔مفتی طاہر عزیز باروی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی کریم ﷺ کے میلاد کو منانے کا اصل مقصد یہ ہونا چاہیے کہ ہم اپنی نسلوں کے دلوں میں قرآن اور صاحب قرآن سے تعلق کو مضبوط کریں اور محبت رسول ﷺ کو فروغ دیں تاکہ میلاد النبی ﷺ کی اصل روح کو حاصل کیا جا سکے۔قاری نور علی سیالوی نے محفل کی نقابت کو خوبصورت انداز میں سر انجام دیا۔ پروگرام کے آخر پر درودو سلام اور قصیدہ بُردہ شریف کی گونج میں میلاد کیک بھی کاٹا گیا جبکہ دعاعلامہ نعمت علی شاہ بخاری نے کرائی۔تمام مہمانوں کی تواضع ضیافت میلاد سے کرائی گئی۔