Norway; Dastar bandi reception held for M Ismail Shezad in Oslo
محمد اسماعیل شہزاد کے حفظ قرآن کی خوشی میں عالم پور گوندلاں ویلفیئر سوسائٹی کی طر ف سے دستاربندی کی پُروقار تقریب منعقد
عالم پور گوندلاں ویلفیئر سوسائٹی کی طرف سے شہزاد اسلم شہید کے صاحبزادے محمد اسماعیل شہزاد کے حفظ قرآن کے اعزاز میں ایک عظیم الشان دستاربندی کی تقریب ایک مقامی ریسٹورینٹ میں منعقد کی گئی جس میں بڑی تعداد میں خواتین و حضرات نے شرکت کی۔ تقریب کی صدارت پیر سید نعمت علی شاہ بخاری نے کی جبکہ مہمان خصوصی مفتی محمد زبیر تبسم اور علامہ اقبال فانی تھے۔ تقریب کا آغازمحمد اسماعیل شہزاد نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔محمد فاروق شفیع ، قاری اسرار احمد ، مختارالمصطفی ہمدمی اور دیگر نے نعت رسول مقبول ﷺ پیش کی۔نقابت کے فرائض قاری اسرار احمد اور علامہ نصیر احمد نوری نے احسن انداز میں سر انجام دئیے۔تقریب میں مقامی علمائے کرام نے بڑی تعداد میں خصوصی شرکت کی جن میں علامہ نورعلی سیالوی، مفتی محمد زبیر تبسم، سید نعمت علی شاہ، سید فراست علی شاہ، سید امتیاز حسین شاہ اور دیگر شامل ہیں ۔ مفتی محمد زبیر تبسم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دو ر میں ہر کسی کی خواہش ہوتی ہے کہ انکا بیٹا انجینئر، ڈاکٹر یا وکیل بنے مگر میں محمد اسماعیل کی فیملی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے محمد اسماعیل کو حافظ قرآن بنایا۔ علامہ اقبال فانی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن سے رشتے کو مضبوط کرنے سے عظمتیں اور کامیابیاں نصیب ہوتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ مسلمانوں نے اپنی فتوحات کے ذریعے تین براعظموں میں قرآنی تعلیمات کو پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں قرآن سے رشتے کو استوار کرنا ہو گا تاکہ اللہ اور اسکے رسولﷺ کا قُرب نصیب ہو سکے۔علامہ نعمت علی شاہ بخاری نے خطاب کرتے ہوئے حفاظ کرام کی فضیلت بیان کی اور کہا کہ اللہ کریم صرف حفاظ کرام کو نہیں بلکہ انکے والدین اور عزیز و اقارب کو بھی جنت میں اعلیٰ درجات عطا فرمائے گا۔ پیر سید نعمت علی شاہ بخاری ، علمائے کرام اوردیگر شرکاء نے حافظ محمد اسماعیل شہزاد اور انکے والد ین کو مبارکباد پیش کی ۔ درودو سلام کی گونج میں حافظ محمد اسماعیل شہزادکی دستار بندی کی گئی اور انکو اور انکے استاد قاری اسرار احمد کو بہت سارے تحائف سے نوازا گیا۔ ائیر ٹکٹ کی جانب سے حافظ محمد اسماعیل شہزاد کوعمرے کا ٹکٹ بھی انعام میں دیا گیا۔ آخر میں پیر سید نعمت علی شاہ نے خصوصی دعا کی اور پروگرام کا اختتام درودوسلام کیا گیا۔