Online portal registration of more than hundred private colleges by Rawalpindi Board is closed
راولپنڈی بورڈ کی طرف سے سو سے زائد نجی کالجوں کی آن لائن پورٹل رجسٹریشن بند

راولپنڈی بورڈ کی طرف سے ڈویژن بھر کے سو سے زائد پرائیویٹ کالجز کی آن لائن پورٹل رجسٹریشن بند کرنے سے طلباء اور والدین میں تشویش کی لہر دورڑ گئی۔ بورڈ کے سیکرٹری ڈاکٹر تنویر ظفر سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھاکہ مروجہ طریقہ کار کے مطابق جب کسی ادارے کی محکمہ تعلیم کی طرف سے بورڈ کو رجسٹرڈ ہو جانے کی تحریری طور پر اطلاع آتی ہے تو اس کے بعد بورڈ کی مقررہ انسپکشن کمیٹی متعلقہ تعلیمی ادارے کا باقاعدہ معائنہ کرنے کے بعد اس ادارے کو بورڈ سے الحاق دینے یا نہ دینے کی سفارش کرتی ہے۔ جس کے بعد بورڈ اس ادارے کو سال دو سال کے لئے باقاعدہ الحاق دے دیتاہے۔ ڈائریکٹر کالجز کے دفتر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ انہوں ایسے تمام کالجز کی رجسٹریشن میں توسیع کی فائلیں ڈی پی آئی کالجز پنجاب کو لاہور ارسال کر رکھی ہیں جو عرصہ دراز سے بغیر کسی کارروائی کے پڑی ہیں۔جب ایک متاثرہ کالج کے ایک پرنسپل سے رابطہ کیا گیا توان کا مؤقف تھا کہ نئی صورت حال سے نہ صرف طلباء بلکہ پرائیویٹ کالجز کے حکام بھی پریشان ہیں۔ادھر طلباء اور ان کے والدین نے سیکرٹری ہائر ایجوکیشن پنجاب کو اس ساری صورت حال کو فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے ڈی پی آئی کالجز پنجاب کے آفس میں رجسٹریشن کی فائلوں کو بلا وجہ
التواء میں رکھنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔