UC Nala Musalmana Chairman announces to support PPP candidate
راجہ پرویز اشرف کا چیئر مین یوسی نلہ مسلماناں چوہدری شفقت محمود اور دیگر کی دعوت پر ایک بڑے اجتماع سے خطاب
سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ مسلح افواج کے خلاف سازشیں کرنے والے ملک کو کمزور کرنا چاہتے ہیں ہم ایسے عناصر کا مقابلہ کریں گے اور اپنی بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے ۔عوام گروہی اور سیاسی اختلافات ترک کر کے اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے میرا ساتھ دیں میں ساتھ دینے پر مسلم لیگ ن پاکستان عوامی تحریک اور دیگر کا تہہ دل سے مشکور ہوں ہم سب نے مل کر روایتی سیاست کو دفن کرنا ہے تعمیر و ترقی کے نئے دور کا آغاز کریں گے میں نے اپنی سیاست میں اپنا قائد بدلا نہ جماعت جبکہ میرے مخالفین اپنا رہنما اور جماعتیں بدلنے میں کوئی ثانی نہیں رکھتے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کی شام چیئر مین یوسی نلہ مسلماناں چوہدری شفقت محمود اور دیگر کی دعوت پر ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے راجہ قمر مسعود ،محمد اعجاز بٹ،راجہ گلفراز احمد ایڈووکیٹ، چیئر مین سید راحت علی شاہ، سابق ناظم کیپٹن محمد اشرف،عبدالخالق نے بھی خطاب کیا۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ میں نے وزارت اور وزارت عظمیٰ دیکھی ہے اب کسی شہرت اور عہدے کا لالچ نہیں یہ الیکشن میں اللہ کی رضا اور مخلوق خدا کی بہتری کے نام پر لڑ رہا ہوں چاہتا تو بقیہ وقت فیملی کے ساتھ گزار سکتا تھا مگر علاقائی پسماندگی کی تڑپ نے مجھے پھر الیکشن لڑنے پر مجبور کیا۔انہوں نے کہا کہ میرا تعلق لوئر مڈل کلاس سے ہے اور میں ایک صوبیدار کا بیٹا ہونے پر فخر محسوس کرتا ہوں میں نے سیاست کا آغاز پیپلز پارٹی سے کیا آج تک اسی جماعت کے ساتھ ہوں ۔مشرف دور میں مجھے توڑنے کی کوشش کی گئی وزارت کی پیشکش کی گئی مگر میرا جوا ب تھا کہ اگر اللہ نے میرے نصیب میں عزت لکھی ہے تو وہ مجھے اپنی جماعت میں ہی ملے گی ،وقت آ گیا ہے کہ تمام افراد سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر مجھے کامیاب کریں ہم سب نے مل کر نفرت کی سیاست کا خاتمہ کرنا ہے مخالفت برائے مخالفت کی سیاست نے علاقے کو نقصان کے سوا کچھ نہ دیا عوام سیاسی بنیادوں کی بجائے میرٹ پر فیصلہ کریں تو انہیں زیادہ آسانی ہو گی ۔میرے مخالفین نے قانون گو حلقہ چوآخالصہ کو گوجرخان سے الگ کرنے کی کوشش کی میں نے عدالتوں میں جا کر یہ مقدمہ جیتا جاوید اخلاص ہتھیار ڈال چکے ہیں رسمی کاروائی باقی ہے ان کی اپنی مسلم لیگ ن کے باضمیر اور باشعور لوگ آج میرے دائیں بائیں کھڑے ہیں میں انکا بڑا مشکور ہوں چوہدری عظیم سیاست ضرور کریں مگر اخلاقی قدروں کا پاس رکھیں تنقید ضرور کریں مگر تضحیک سے گریز کریں ۔انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی مختصر وزارت عظمیٰ میں سوئی گیس کی مرکزی لائن سے بلکسر سے سکھو تک دس انچ کی لائن بچھائی جس سے آج گوجرخان اور کل کلر سیداں کے علاقے بھی مستفیذ ہوں گے اور اس میں کبھی لو پریشر کا مسئلہ نہیں آئے گا۔انہوں نے کہا کہ ایک منظم ایجنڈے کے تحت کچھ لوگ ہماری مسلح افواج کے خلاف بے بنیاد پرو پگینڈا کر رہے ہیں ہم ان سازشوں کا راستہ روکیں گے یہ بہاد رمسلح افواج ہماری ہیں اور ہمیں ا ن پر فخر ہے ہم اپنی افواج کو کمزور کر کے دشمن کو مضبوط نہیں کر سکتے افواج کے خلاف باتیں کرنے والے پاکستان کی سالمیت کے دشمن ہیں اور ہم سب نے مل کر ایسے عناصر کا راستہ روکنا ہے ۔
این اے59سے انجنئیرقمر الاسلام راجہ کے فرزند سالار اسلام راجہ کا خطاب
سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے فرزند نادر شاہد عباسی نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی اور انجنئیر قمر الاسلام راجہ اپنے قائد نواز شریف کے وفادار ساتھی ہیں ،شاہد خاقان عباسی 1988میں آزاد الیکشن جیت کر مسلم لیگ ن میں شامل ہو گئے تھے اس وقت بینظیر بھٹو نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی تھی مگر میرے والد نے نواز شریف کو اپنا قائد مانا طیارہ سازش کیس میں لانڈھی کی جیل بھگتی اور آج بھی وہ تمام تر مشکلات کے باوجود اپنے قائد میاں نوا ز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کی شام یوسی بھلاکھر کے کونسلرز راجہ جبران صفدر کیانی اور حق نواز آرائیں کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔نادر شاہد عباسی نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی ہی تھے جنہوں نے وزیر اعظم ہوتے ہوئے بھی کہا کہ میرے وزیر اعظم میاں نواز شریف ہیں ۔ہماری سیاست گالم گلوچ اور دھرنوں کی نہیں ہم شرافت اور شائستگی کی سیاست پر پختہ یقین رکھتے ہیں ۔این اے59سے انجنئیرقمر الاسلام راجہ کے فرزند سالار اسلام راجہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف سے وفاداری کرنے والوں کو ہراساں کیا گیا کسی کو نا اہل کیا گیا تو کسی کو نیب نے طلب کر لیا ۔قمر الاسلام راجہ کو نواز شریف سے وفاداری کی سزا دی جار ہی ہے ہم یہ سزا بھگت لیں گے مگر کچھ دیگر لوگوں کی طرح نواز شریف سے بے وفائی نہیں کریں گے ہم وہ لوگ نہیں ہیں جو اچھے وقت میں نواز شریف کی گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھے ہوں اور مشکل وقت میں انکا ساتھ چھوڑ دیں ۔ہمارے مخالفین بزدل ہیں انہوں نے میرے ابو کو گرفتار کرایا یہ مجھے بھی ہتھکڑی لگا لیں عوام 25جولائی کو نواز شریف کے شیروں کے حق میں فیصلہ دیں گے نوا زشریف سے غداری کرنے والوں کو شکست فاش ہو گی ۔میرا باپ کسی چوہدری وڈیرے کا نہیں ایک کلرک کا بیٹا ہے ہمیں اس پر فخر ہے میرے والد دس برس تک رکن پنجاب اسمبلی رہے ان کے ہاتھ پاؤں باندھے گئے فنڈز روکے گئے اور تمام ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح غیر منتخب لوگ کرتے رہے اب فیصلہ نیب نے نہیں حلقہ کی عوام نے 25جولائی کر کرنا ہے ۔بلال یامین ستی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ججوں سے انصاف نہیں مل سکتا آج ملک میں کسی قانون کی حکمرانی نہیں تاریخ گواہ ہے کہ ظالم ہر دور میں مٹتے چلے گئے بھٹو کی قبر پر آج بھی رونق ہے جبکہ جنرل ضیاالحق کی قبر ویران پڑی ہے ۔انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ مسلم لیگ ن تحصیل کلر سیداں کے صدر جنہیں آج یہاں سٹیج پر ہونا چاہئیے تھا وہ پاس ہی اپنے گھر میں موجود ہیں ۔
چیئر مین یوسی نلہ مسلماناں چوہدری شفقت محمود نے راجہ پرویز اشرف کی حمایت کا اعلان
این اے58سے پیپلز پارٹی کے امیدوار سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کی کلر سیداں پر یلغار ن لیگ کی اہم وکٹ گرا دی ۔چیئر مین یوسی نلہ مسلماناں چوہدری شفقت محمود نے راجہ پرویز اشرف کی حمایت کا اعلان کر کے مسلم لیگ ن کو جھٹکا دیا ہے ۔راجہ پرویز اشرف نے جمعرات کو گاؤں ڈھکی کور نصیب کا دورہ کیا جہاں مسلم لیگ ن کے دیرینہ بڑے دھڑے نے ان کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا اس کے بعد وہ نلہ مسلماناں پہنچے جہاں چیئر مین یوسی نلہ مسلماناں چوہدری شفقت محمود نے ان کا استقبال کیا اور ان کی حمایت کی اس موقع پر سابق ناظم یوسی نلہ مسلماناں کیپٹن محمد اشرف اور کونسلر بھی موجود تھے۔
ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر مالکان کیخلاف مقدمات درج
محکمہ ہیلتھ کلر سیداں نے کلر سیداں کے قریب واقع دو ماربل فیکٹریز میں چیکنگ کے دوران ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر مالکان کیخلاف مقدمات درج کر وا دہئے ۔ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کلر سیداں ڈاکٹر سید عابد حسین شاہ کی ہدایت پر محکمہ صحت کلر سیداں کی ٹیم نے مرید چوک کلر سیداں میں قائم دوماربل فیکٹریوں میں چیکنگ کے دوران ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر اسسٹنٹ کمشنر کلر سیداں کو فیکٹری مالکان کیخلاف مقدمات درج کروانے کی سفارش کی تھی جس پر انہوں نے ملزمان کیخلاف استغاثہ مرتب کر کے تھانے ارسال کر دیا جس کے فوری بعد تھانہ کلر سیداں پولیس نے ہر دو فیکٹری مالکان کیخلاف مقدمات درج کر لئے۔
تھانہ کلر سیداں پولیس نے جعلی اکاؤنٹس بنانے اور لاکھوں روپے کی رقم خردبرد کرنے کے الزام میں دو افراد کیخلاف مقدمہ درج کر لیا
تھانہ کلر سیداں پولیس نے جعلی اکاؤنٹس بنانے اور لاکھوں روپے کی رقم خردبرد کرنے کے الزام میں دو افراد کیخلاف مقدمہ درج کر لیا ۔ذیشان امجد سکنہ موہڑہ چھپر نے پولیس کو بتایا کہ میں کلر سیداں میں میاں گروپ آف چکوال میں بطور ریجنل منیجر کام کرتا ہوں۔مسمی حافظ میں کاشف جو کہ میاں گروپ میں بطور منیجر کام کر رہا تھانے اپنے اور دوستوں کے نام تین لاکھ 67 ہزار سے زائد مالیت کے جعلی اکاؤنٹس کھول کر سامان خرد برد کر دیااور رقم ذاتی استعمال میں لائی۔ اس کے علاوہ مختلف کسٹمرز سے مبلغ چار لاکھ 96 ہزاز روپے سے زائد کی اقساط مختلف اوقات میں وصو ل کیں اور رقم کمپنی ہذا کے اکاؤنٹ میں جمع نہ کرائی،یہ رقم اور سامان حافظ محمد کاشف کے پاس امانت تھی جس نے اس میں خیانت کی۔مسمی حافظ محمد کاشف کو جب ادارے میں نوکری دی گئی تھی تو اس کے بہنوئی محمد عثمان اور عامر شہزاد نے ضمانت دی کہ اگر کسی قسم کا کوئی بھی دھوکہ یا فراڈ یا ہیرا پھیری ہوئی تو وہ اس کا ہرجانہ ادا کرنے کے ذمہ دار ہونگے جبکہ جو فراڈ ملزم کاشف نے کیا اس میں اس کا بہنوئی بھی پوری طرح ملوث ہے۔
زمین کے تنازع پر ڈنڈوں لاتوں مکوں کا آزادانہ استعمال
زمین کے تنازع پر ڈنڈوں لاتوں مکوں کا آزادانہ استعمال ۔چار افراد نے دو بھائیوں پر تشدد کر کے انہیں مضروب کر دیا۔راجہ افضال الرحمان سکنہ بشندوٹ نے پولیس کو بتایا کہ میں پولٹری فارم پر کام کرتا ہوں۔گزشتہ روز 12 بجے دن میرا چھوٹا بھائی راجہ ذوالفقار بذریعہ ٹریکٹر اپنی ملکیتی زمین پر ہل چلا رہا تھا کہ اتنے میں شاہ میر آ گیا اور مجھے کہا کہ اپنے بھائی کو زمین پر ہل چلانے سے منع کرو جس پر میں نے جواب دیا کہ زمین ہماری ملکیت ہے اور ہم نے پہلے بھی اس میں گندم کاشت کی تھی،اس جواب پر وہ مشتعل ہو گیا اور گالیاں دیتے ہوئے واپس چلا گیا۔تھوڑی دیر بعد مسمی شاہ میر ،اس کی بیوی مسلحائے ڈنڈا اور افضال احمد مسلح آہنی راڈآ گئے اور ملزم شاہ میر نے مجھ پر وار ڈنڈا کیا جو مجھے بائیں ہاتھ کی کلائی پر لگا،محمد افضال نے وار ڈنڈا کیا جو مجھے پیٹ پر لگااور میں گر گیااور گرے ہوئے کو حسنات نے وار آہنی راڈ کیا جو میرے بھائی کے دائیں کندھا کے پاس پیٹھ پر لگا اور پھر تمام نے ہم گرے ہوئے کو لاتوں اور مکوں سے مارنا شروع کر دیا۔