DailyNewsKallar Syedan

Shahid Khaqan Abbassi public address in UC Bishondote

شاہد خاقان عباسی کا کلر سیداں کی یوسی بشندوٹ میں راجہ فرحت عباس کیانی کی صدارت میں منعقدہ ایک بڑے اجتماع سے خطاب

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ آج الیکشن متنازعہ بن چکا ہے یہ شفاف نہیں ہے ملک میں غیر جمہوری حالات پیدا کئیے جا رہے ہیں اور سارا احتساب مسلم لیگ ن کا انہی چار ہفتوں میں ہونا ہے نیب ہمارے امیدواروں کو بند کر چکا ہے جو لوگ عمران خان کے گرد چلے جائیں وہ نیب کے احتساب سے بچ جاتے ہیں ۔نگران حکومت جواب دے اس نے سڑکیں کیوں بند کیں موٹروے اور جی ٹی روڈ پر رکاوٹیں کھڑی کر کے اڑھائی گھنٹوں تک نہتے لوگوں پر آنسوں گیس کی شیلنگ کیوں کی موبائل فونز بند کئیے گئے نواز شریف کے دورے کی کوریج پر پابندی لگائی گئی نگرانوں نے ایسا کیوں کیا؟وہ اس کا جواب دیں۔مریم نواز رکن پارلیمنٹ نہیں تھیں نیب ان کے خلاف کاروائی کا اختیار ہی نہیں رکھتا نگران وزیر اعلیٰ پنجاب مسلم لیگ ن اور نواز شریف کے خلاف مدت سے اخبارات میں لکھ رہے ہیں یہ غیر جانبدار ہو ہی نہیں سکتے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کلر سیداں کی یوسی بشندوٹ میں راجہ فرحت عباس کیانی کی صدارت میں منعقدہ ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں امیدوار پی پی 9راجہ عبدالحمید ایڈووکیٹ ،چیئر مین بلدیہ شیخ عبدالقدوس، چوہدری محمد حنیف، چوہدری واصف علی ایڈووکیٹ، کیپٹن محمد فاروق،جاسم کنول راہی،حسن سرائیکی اور دیگر نے بھی شرکت کی۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عوام نے25جولائی کو صرف ن لیگ کے امیدواروں کو ہی کامیاب نہیں بنانا بلکہ جنہوں نے نواز شریف کو دی جانے والی سزا اور نا انصافی کا جواب بھی دینا ہے یہ غلط روایات قائم کی جا رہی ہیں جو شخص ملک کی ترقی کے لیے دن رات کام کرے ہم اسے عدالتوں میں گھسیٹتے ہیں سزائیں سناتے ہیں اور جیل میں بند کرتے ہیں یہ مہذب اقوام کا شیوا نہیں ۔جمہوری ملکوں میں اب ایسا نہیں ہوتا سیاستدانوں کی قسمت کا فیصلہ عدالتوں میں نہیں ووٹ کی پرچی کے ذریعے کیا جاتا ہے ۔عدالتوں کے ذریعے سیاسی فیصلے کرنے والے ملک ترقی نہیں کر پاتے نواز شریف نے پانچ برسوں میں وہ کا م کئیے جو تاریخ میں کوئی حکومت نہ کر سکی ۔ہماری سیاست ترقی اور خدمت کی ہے دوسری جانب وہ لوگ ہیں جو صرف مخالفین کو گالیاں دیتے ہیں عمران کے دائیں بائیں وہ لوگ موجود ہیں جو مشرف ،زرداری اور نواز شریف کے ساتھ بھی رہے ضمیر فروشوں اور سیاسی مسافروں کے ذریعے نیا پاکستان نہیں بنایا جا سکتا۔وفاداریاں بدلنے والے اقتدار کی ہوس کا شکا ر ہیں ۔عمران خان پانچ سال اسمبلی نہ آئے پانچ ماہ تک اسمبلی کے باہر بیٹھ کر پارلیمان کو گالیاں دیتے رہے آج وہ اسی پارلیمان کا حصہ بننا چاہتے ہیں ۔ان کے قول و فعل میں تضاد ہے یہ یو ٹرن لینے کے ماسٹر ہیں پاکستان با شعور سیاسی لوگوں کا ملک ہے عمران خان ان کا وزیر اعظم کبھی نہیں بن سکتا ۔نگران الیکشن کو شفاف ہونے دیں مگر اب یہ الیکشن متنازعہ بن چکا ہے یہ شفاف نہیں ہے ملک بھر میں غیر جمہوری حالات پیدا کئیے جا رہے ہیں سارا احتساب مسلم لیگ ن کا انہی چار ہفتوں میں ہونا ہے نواز شریف کو سزا ہی دینی تھی تو فیصلہ محفوظ کر کے انتخابات کے بعد سنایا جا سکتا تھامگر ان کا مقصد نواز شریف کو بے توقیر کرنا تھا ۔ہمارے ترقیاتی کاموں کو قبل از وقت دھاندلی قرار دے کر روک دیا گیا ہماری حکومت کو آخری پانچ ماہ کوئی کام ہی نہیں کرنے دیا گیا نیب لوگوں کو اٹھا اٹھا کر مقدمات میں ملوس کرتا ہے جو کرپٹ لوگ عمران خان کے پاس چلے جائیں انہیں کلین چٹ مل جاتی ہے ۔نیب کا یہ سلیقہ اور طریقہ ہمیں قبول نہیں نواز شریف لندن سے جیل جانے پاکستان آئے ان کے پارٹی کارکنوں نے ان کا استقبال کرنا چاہا تو نگران حکومت نے سولہ گھنٹے ٹیلیفون بند رکھے موٹر وے جی ٹی روڈ اور لاہور کے تما م راستوں پر کنٹینرز کھڑے کر کے راستے بند کئیے گئے اس کے باوجود لاکھوں لوگوں نے جمع ہو کر نہ صرف نواز شریف سے اظہار محبت کیا بلکہ ملکی تاریخ میں ایک نئے باب کا اضافہ کیا۔اڑھائی گھنٹوں تک لاہور میں پر امن کارکنوں پر اندھا دھند شیلنگ کی گئی ملکی میڈیا مرغی مر جانے پر بریکنگ نیوز دیتا ہے مگر جمعہ کے روز لاہور میں جمع ہونے والے لاکھوں کارکنوں کی کوریج ٹی وی اور اخبارات میں نہیں دینے دی گئی آج اخبارات بھی آزاد نہیں ہیں ۔نگران حکومت جواب دے کہ اس نے ایسا کیوں کیا؟پنجاب کے نگران وزیر اعلیٰ ہمیشہ کھلم کھلا مسلم لیگ ن اور نواز شریف کے خلاف لکھتے اور باتیں کرتے رہے یہ جمہوریت دشمن انسا ن ہیں یہ غیر جانبدار ہو ہی نہیں سکتے۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز کسی پارلیمان کی رکن نہ تھیں نیب ان کے خلاف کاروائی کر ہی نہیں سکتا احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ کرپشن ثابت نہیں ہوئی مگر اس کے باوجود سزا سنا کر غلط روایت قائم کی گئی ،اگر یہ سلسلہ چل نکلا تو پھر رکے گا نہیں 2000میں بھی نواز شریف کو سزا سنائی گئی تھی اسے کسی نے قبول نہ کیا یہ سزا بھی کوئی قبول نہیں کرتا ۔اخبارات میں آج مسلم لیگ ن کی خبریں شائع نہیں کی جا رہی تمام اخبارات لاڈلے اور جیپ والوں کی خبروں سے بھرے پڑے ہوتے ہیں ۔حکمران ہوش کے ناخن لیں اور ملک کو چلنے دیں انتخابات کو منصفانہ ہونے دیں ورنہ کوئی اس سے تسلیم نہیں کرے گا اور اس سے قومی یکجہتی اور وحدت بری طرح سے متاثر ہو گی۔اس سے قبل مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے عہدے داروں نے ایک ریلی کی شکل میں شاہد خاقان عباسی کو چوکپنڈوری سے بشندوٹ پہنچایا۔

ساری زندگی نواز شریف اور مسلم لیگ کے ساتھ رہے,راجہ عبدالحمید ایڈووکیٹ

پی پی 9سے مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار راجہ عبدالحمید ایڈووکیٹ نے کہا کہ وہ ساری زندگی نواز شریف اور مسلم لیگ کے ساتھ رہے قائد بدلا نہ جماعت بدلی ہمیشہ اصولی سیاست کی انہوں نے بشندوٹ میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کا بیانیہ قوم کی آواز ہے آج احتساب کے نام پر مسلم لیگ کو انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے نواز شریف کو سزا دینے والے منصف خود تسلیم کرتے ہیں کہ نواز شریف نے کرپشن نہیں کی۔مگر اس کے باوجود نواز شریف اور ان کی دختر اور داماد کو قید کی سزا ئیں سنائی گئیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک کی عوام با شعور ہیں انہیں معلوم ہے کہ ہمیشہ مسلم لیگ ن نے ہی ان کے مسائل حل کئیے مخالفین صرف وعدے اور دعوے کرتے ہیں ان کی کارکردگی ہمیشہ زیرو رہی ہے انہوں نے اپیل کی کہ عوام پچیس تاریخ کو نواز شریف کے شیروں کو کامران کر کے نواز شریف سے کی گئی زیادتی کا بدلہ لیں ۔

قاسم مارکیٹ کلر سیداں میں مسلم لیگ ن کے انتخابی دفتر اور لونی بازداراں میں انتخابی اجتماع

مسلم لیگ ن کے چیئر مین سینیٹر راجہ محمد ظفر الحق نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر معرض وجود میں آیا یہ رہتی دنیا تک قائم رہے گا اس کے خلاف سازشیں کرنے والے مٹتے چلے جائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قاسم مارکیٹ کلر سیداں میں مسلم لیگ ن کے انتخابی دفتر اور لونی بازداراں میں انتخابی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر چیئر مین بلدیہ شیخ عبدالقدوس،ارکان بلدیہ حاجی اخلاق حسین، شیخ حسن ریاض، راجہ ظفر محمود، حاجی محمد اسحاق، صوفی محمد ضابر، صوبیدار ظفر اقبال بیگ،جنید بھٹی،آصف منہاس، افتخار بھولا، پرویز اختر منہاس کے علاوہ شیخ ندیم احمد، حسن سرائیکی ،شیخ توقیر اور یوتھ کے دیگر کارکن بھی موجودتھے۔راجہ ظفر الحق نے کہا کہ نواز شریف کا اپنا کوئی ایجنڈا نہیں وہ تین بار ملک کے وزیر اعظم رہ چکے ہیں وہ عوامی فیصلے کے مطابق سول حکمرانی چاہتے ہیں ووٹ کو عزت دو کا نعرہ ہر جمہوری سوچ رکھنے والے شخص کا نعرہ بن چکا ہے نواز شریف اپنے اس نعرے میں جلد سر خرو ہوں گے آزمائش کی اس گھڑی میں ہم سب کو اپنے داخلی اختلافات تر ک کر کے انتخابات میں ن لیگ کے نامزد امیدواروں کی کامیابی کے لیے دن رات محنت کرنا ہو گی۔انتخابات میں ن لیگ کی کامیابی نواز شریف کے بیانیے کی کامیابی ہو گی۔چئیر مین بلدیہ شیخ عبدالقدوس نے کہا کہ محب وطن لوگوں کو گدھا کہنے والا یہودیوں کا ایجنٹ ہے اس کی ساری سیاست مخالفین کو گالیاں دینا ہے جس کی اپنی اولاد یہودیوں کے ہاں پرورش پار ہی ہے اسے اسلامی معاشرے کی سمجھ بوجھ نہیں ہو سکتی ۔نواز شریف نے ایک سو نو بار عدالت میں پیشیاں بھگتیں اور عدالتی فیصلے کے احترام میں پاکستان آ کر ایک نئی تاریخ رقم کی۔ اس موقع پر حاجی اخلاق حسین نے بھی خطا ب کیا۔

چوہدری محمد عظیم کا کلرسیداں کے نواحی گاؤں دوبیرن کلاں میں انتخابی جلسہ سے خطاب

تحریک انصاف حلقہ این اے 58کے نامزد امیدوار چوہدری محمد عظیم نے کہا ہے کہ ہمارے ملک کا سب سے بڑا مسلہ کرپشن ہے جس کا حل ایماندار وزیرا عظم ہے ، راجہ پرویز اشرف اور راجہ جاوید اخلاص کو ووٹ دینے کا مقصد آصف علی زرداری اور نواز شریف کے ہاتھ مضبوط کرنے کے مترادف ہے یہ لوگ گزشتہ تیس سال سے باریاں لگا رہے ہیں اور ملک کو لوٹ رہے ہیں عوام کو عمران خان کی شکل میں ایک امید کی کرن نظر آئی ہے جو سب سے پہلے ملک سے کرپشن کا خاتمہ کریں گے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پیر کے روز کلرسیداں کے نواحی گاؤں دوبیرن کلاں میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوے کیا ، انہوں نے کہا کہ راجہ پرویز اشرف نے اپنے دور اقتدار میں ملک کا پیسہ لوٹ کر اپنی تجوریاں بھریں اور اب پھر لچھے دار باتیں کرکے عوام کوبے و قوف بنارہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ اب حلقہ کی عوام کے سامنے دو کرپٹ اور ایک ایماندار ووٹ مانگنے آئیں گے اب فیصلہ عوام نے کرنا ہے کہ وہ کس کو ووٹ دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر اللہ نے کامیاب کیا تو کلرسیداں میں یونیورسٹی کے قیام کے لیے پوری ایمانداری سے کوشش کروں گا آج دوبیرن کلاں کی عوام نے بھرپور جلسہ میں شرکت کرکے عمران خان کے حق میں ووٹ دیاہے ۔جلسے سے حلقہ پی پی سات کے نامزد امیدوار غلام مرتضیٰ ستی نے بھی خطاب کیا ۔

کلر سیداں پولیس نے تین بچوں کی ماں کو مبینہ طور پر اغواء کرنے کے الزا میں ایک شخص کیخلاف مقدمہ درج

کلر سیداں پولیس نے تین بچوں کی ماں کو مبینہ طور پر اغواء کرنے کے الزا میں ایک شخص کیخلاف مقدمہ درج کر لیا۔ عابد حسین سکنہ کلر سیداں نے پولیس کو بیان دیا کہ میں کام کاج کے سلسلہ میں گھر سے باہر رہتا ہوں۔ گزشتہ روز کام سے فارغ ہو کر گھر واپس آیا تو بچوں نے بتایا کہ ان کی والدہ گھر میں موجود نہیں، واپس نہ آئی تو مجھے تشویش لاحق ہوئی اپنے رشتہ داروں میں پتہ کیا مگر اس کا کچھ سراغ نہ لگ ۔اس نے شبہ ظاہر کیا کہ میری بیوی کو کاشف نامی شخص جو کہ لاہور کا رہائشی ہے نے ورغلا پھسلا کر اغواء کر لیا ہے۔

 

Show More

Iftikhar Warsi

Tel 0044-7445881151

Related Articles

Back to top button