Shahid Khaqan Abbassi public address in UC Takht Parri
سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا یوسی تخت پڑی کے گاؤں گوہڑہ گجراں میں ایک بڑے جلسے سے خطاب
سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نواز شریف نے لندن قیام کی بھاری پیشکشیں ٹھکرا کر اڈیالہ جیل کو ترجیح دی ۔نواز شریف چاہتے تو لندن میں سکون سے رہ سکتے تھے مگر انہوں نے قوم کو تنہا نہ چھوڑا وہ ووٹ کو عزت دلانے کی خاطر آج جیل میں ہیں ۔عمران خان تمام سیاسی جماعتوں کے بھگوڑوں سیاسی مسافروں ضمیر فروشوں کے ذریعے ملک میں تبدیلی کی باتیں کر کے قوم کو دھوکہ نہیں دے سکتے لاہور میں لاکھوں افراد نے رکاوٹوں کے باوجود باہر نکل کر مخالفین کے ہتھکنڈوں کو ناکام بنا دیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب یوسی تخت پڑی کے گاؤں گوہڑہ گجراں میں ایک بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کی صدارت کرنل صبح صادق ملک نے کی۔ اس موقع پر چوہدری غضنفر علی ،ڈاکٹر عمیر جاوید، ملک حامد نواز اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ گزشتہ انتخابات کے نتائج کے بعد ن لیگ کو وفاق اور پنجاب اور پی ٹی آئی کو کے پی کے اور پیپلز پارٹی کو سند ھ میں حکومتیں ملیں عوام تینوں حکومتوں کا موازنہ کریں مسلم لیگ ن کا پلڑا بھاری نظر آئے گا۔کے پی کے کے وزیر اعلیٰ دن دو بجے تو دفتر آتے تھے سند ھ کو بھی کھنڈرات میں تبدیل کر دیا گیا وفاق اور پنجاب میں دن رات محنت کر کے ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کیا گیا ملک نے اتنی ترقی گزشتہ ادوار میں نہیں کی جتنی تیزی سے ترقی ن لیگ کے پانچ برسوں میں ہوئی ہم کو اداروں کے دباؤں کا سامنا رہا دھرنو ں کے ذریعے ہمارا راستہ روکا گیا دھرنوں سے قومی معشیت ایک فیصد مزید کم رہی ہم نے اڑھائی ہزار کلو میٹر کشادہ شاہراہیں سترہ سو کلو میٹرز موٹرویز بندرگاہیں ائر پورٹ بنائے بجلی کے کارخانے لگائے ملک سے دہشتگردی اور انرجی بحرانوں کا خاتمہ کیا آج بجلی کی پیداوار زیادہ اور طلب کم ہے لوڈشیڈنگ کی وجہ بجلی کی کمی نہیں مقامی مسائل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میں نے لاہور میں بینظیر کی جلا وظنی کے بعد وطن واپسی کا منظر بھی دیکھا مگر اہلیان لاہور نے جمعہ کے روز لاکھوں کی تعداد میں تما م تر رکاوٹوں اور منفی ہتھکنڈوں کے باوجود نواز شریف سے اظہار یکجہتی کر کے نئی تاریخ رقم کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف سزا کے بعد لند ن رہ سکتے تھے انہیں پرکشش ترغیبات اور پیشکشیں کی گئیں مگر نواز شریف نے اپنی دختر کے ہمراہ وطن آ کر گرفتاری دے دی ۔نواز شریف ووٹ کو عزت دو کے نعرے کی تکمیل کے لیے اڈیالہ جیل گئے ہیں ۔نواز شریف ملک میں سول راج چاہتے ہیں لوگوں کی ووٹوں سے قائم ہونے والی حکومت کو تمام فیصلے آزادانہ ماحول میں کرنے کا حق ملنا چاہئیے ڈکٹیشن لینے کا وقت بیت گیا نواز شریف اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کریں گے انہوں نے اس امر پر بھی اظہار افسوس کیا کہ لاہور جانے والے قافلوں کے راستے کنٹینرز اور رکاوٹیں کھڑی کر کے روکا گیا کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اخبارات اور ٹی وی پر جلوسوں کے مناظر روکے گئے یہ عمل جمہوریت کے منافی ہے عوام ان سب سے زیادہ کا بدلہ پچیس جولائی کو شیر کے نشان پر مہر لگا کر لیں گے ۔
راجہ محمد ظفر الحق کا درکالی شیر شاہی میں ایک اجتماع سے خطاب
مسلم لیگ ن کے چیئر مین راجہ محمد ظفر الحق نے کہا کہ قائدیانی اور غیر مسلم عمران خان کی پشت پر ہیں نواز شریف کے ایٹمی دھماکوں دہشتگردی کے خاتمے کراچی کی روشنیاں بحال کرنے سی پیک کو ان کے جرائم قرار دئیے جانا افسوس ناک ہے ۔دن رات ایک کر کے ملک کو مضبوط کرنے والے کو مجرم بنا دیا بے اصولی کی انتہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے درکالی شیر شاہی میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب کی صدارت کونسلر بلدیہ چوہدری آصف منہاس نے کی تقریب میں چیئر مین بلدیہ شیخ عبدالقدوس، شیخ حسن ریاض، چیئر مین راجہ ندیم احمد، راجہ پرویز اختر منہاس، شاہد گجر، چوہدری نعیم بنارس، ٹھکیدار تنویر او رچوہدری طارق تاج بھی موجود تھے۔سینیٹر راجہ محمد ظفر الحق نے کہا کہ عمران خان نے لندن میئر کے انتخابات میں پاکستانی نژاد مسلمان امیدوار کے مقابلے میں ایک یہودی کی حمایت کی تھی۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے حقیقی معنوں میں ملک اور قوم کی خدمت کی قوم انتخابات میں صرف نواز شریف کے نامزد امیدواروں کو ہی کامیاب کرے گی ۔چیئر مین بلدیہ شیخ عبدالقدوس نے کہا کہ مسلم لیگ نے پاکستان بنایا مسلم لیگ ن نے ایٹمی دھماکے کئیے موٹر ویز میٹروز ائر پورٹ بندگاہیں بھی مسلم لیگ ن نے بنائیں نوا ز شریف نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے ۔
پیپلز پارٹی رہنما آستین کے سانپ ہیں, کرنل شبیر اعوان
پی ٹی آئی کی رہنما سابق رکن پنجاب اسمبلی کرنل شبیر اعوان نے پیپلز پارٹی کے امیدوار این اے 58راجہ پرویز اشرف کو قانون گو حلقہ چوآخالصہ میں پیپلز پارٹی کے لوگوں سے چوکنا رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ پارٹی رہنما آستین کے سانپ ہیں یہ اس سے قبل انہیں ڈس چکے ہیں انہوں نے سرصوبہ شاہ میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے مقامی رہنماؤں کا اپنا ایجنڈا ہے یہ امیدواروں کے ساتھ نہیں چلتے یہ ایک جانب پارٹی کو ووٹ دیتے ہیں تو دوسری جانب آزاد امیدوار کے حق میں پرچی کا استعمال کرتے ہیں ان کا یہ دوہرا معیار ان کی اپنی جماعت کے لیے بھی خطر ناک ثابت ہوتا ہے پرویز اشرف ان رہنماؤں سے ہوشیار رہیں آستین کے سانپ اور ماضی میں انہیں ڈس چکے ہیں انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ عمران خان کے پیغام کو گھر گھر پہنچائیں انتخابات میں پی ٹی آئی کی کامیابی کو یقینی بنائیں عمران خان ملک کے وزیر اعظم ہوں گئے تو مسائل حل ہوں گے۔
پیپلز پارٹی وفاق کی علامت ہے , مہرین انور راجہ
سابق وزیر مملکت این اے 57سے پیپلز پارٹی کی امیدوار مہرین انور راجہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی وفاق کی علامت ہے اس نے صوبوں کو حقوق دئیے عوام 25جولائی کو ملک بھر میں تیر کے حامل امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب کریں ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہا ں چوکپنڈوری کے قریب موہڑہ حیال میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کی صدارت چوہدری احمد نے کی اجتماع میں چوہدری غضنفر حیات اور دیگر نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔تقریب سے محمد اعجاز بٹ ،یاسر بشیر راجہ، راجہ سعید افضل، ماسٹر طاہر نے بھی خطاب کیا مہرین انور راجہ نے کہا کہ انہوں نے پیپلز پارٹی کے دو ر اقتدار میں کہوٹہ ہسپتال اور کالجز کو اپ گریڈ کرایا مگر پنجاب کی ن لیگی حکومت نے رکاوٹ ڈالی میں نے سوئی گیس کی فراہمی کے لیے فنڈز ٹرانسفر کرائے جسے بعد میں لیگی حکومت نے اپنے نام کے ساتھ استعمال کیا انہوں نے کہا کہ میرے حوصلے بلند ہیں مجھے پیپلز پارٹی کی جیا لی ہونے پر فخر ہے میں بھٹو افکار کے فروغ کے لیے کوشاں ہوں عوام منفی پروپگینڈے پر کان نہ دھریں اور 25جولائی کو تیر کے نشا ن پر مہر لگا کر بھٹو خاندان سے اپنی عقیدت کا عملی اظہار کریں