Four injured in a accident near Chauk Pindori
کلر سیداں کے قریب ٹریفک حادثہ میں ایک ہی گھر کی دو خواتین سمیت چار افراد شدید زخمی
کلر سیداں کے قریب ٹریفک حادثہ میں ایک ہی گھر کی دو خواتین سمیت چار افراد شدید زخمی ہو گئے جن میں سے تین افراد کو راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ۔ٹریفک کا یہ حادثہ چوکپنڈوری کے قریب ٹیالہ موڑ پر پیش آیا جہاں نواحی علاقہ کنوہا کی فیملی اپنی گاڑی کیری ڈبہ میں راولپنڈی سے گھر واپس آ رہی تھی کہ روڈ پر اچانک بھینس آ جانے سے گاڑی بے قابو ہو کر حادثہ کا شکار ہو گئی جس کے نتیجہ میں خضر،محمد عارف،عاصمہ زوجہ طیب اور پرویز بی بی زوجہ محمد عارف شدید زخمی ہو گئیں جبکہ بھینس موقع پر ہی ہلاک ہو گئی ۔ریسکیو 1122 حادثہ کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور تمام زخمیو ں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال کلر سیداں پہنچا دیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد خضر کے علاوہ دیگر تمام زخمیوں کو راولپنڈی شفٹ کر دیا گیا ہے۔
ایم سی کلر سیداں کے اقلیتی ممبر شمشیر مسیح نے کہا ہے کہ کلر سیداں میں ان کے پیاروں کے دفنانے کیلئے قبرستان ہے نہ ہی ہماری عبادت کیلئے چرچ
ایم سی کلر سیداں کے اقلیتی ممبر شمشیر مسیح نے کہا ہے کہ کلر سیداں میں ان کے پیاروں کے دفنانے کیلئے قبرستان ہے نہ ہی ہماری عبادت کیلئے چرچ جس کی وجہ سے ہمیں مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے بے پناہ مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم سی کے اجلاس میں قبرستان اور چرچ کیلئے جگہ وقف کرنے کا اعلان کیا گیا تھا جس پر چھ ماہ کا عرصہ گزر جانے کے باوجود بھی عمدرآمد ممکن نہ ہو سکا۔انہوں نے بتایا کہ انتقال کی صورت میں اپنے پیاروں کو دفنانے کیلئے کبھی گوجرخان اور کبھی روات کا رخ کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ایم سی کلر سیداں کی حدود میں آوارہ مال مویشیوں کیلئے بنائی گئی پھاٹک غیر فعال ہو جانے کی وجہ سے عبادت کیلئے عارضی بلڈنگ ہمارے حوالے کی گئی ہے جس میں دروازے ہیں نہ کھڑکیاں جس کی وجہ سے ہم 35 گھرانوں پر مشتمل افراد آزادانہ طور پر اپنی عبادت اور دیگر مذہبی رسمیں بھی ادا نہیں کر سکتے۔
جماعت اسلامی گزشتہ پانچ برسوں سے عوام میں موجود ہے۔
خالد محمود مرزا نے جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی کے امیر شمس الرحمان سواتی کی منظوری سے خرم کیانی کو جماعت اسلامی لوہدرہ اور مغل کا امیر مقرر کر دیا اور کارکنان کے مشورے سے عامر نوید کو جنرل سیکرٹری ، شاہ نواز، حافظ طارق ،محمد شاہد کو نائب امیر مقرر کیا گیا ہے۔اسی طرح فہر بن سعید ناظم بیت المال جبکہ چوہدری محمد شاہ نواز کو الخدمت فاؤنڈیشن کا صدر مقرر کر دیا گیا ہے۔حافظ طارق شعبہ تربیت کے انچارج ہونگے۔اس موقع پر خالد محمود مرزا نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک پاکستان 27 رمضان کو آزاد ہوا تھا، انشاء اللہ یہ قیامت تک قائم رہے گا ۔ہم نے اس رمضان میں عہد کرنا ہے کہ اس کو کرپشن سے پاک کر کے دم لیں گے۔آمدہ انتخابات میں انشاء اللہ پرچی کے ذریعے بڑی تبدیلی آئے گی اور سیاست کو تجارت بنانے والوں کو عوام ووٹ کے ذژریعے مسترد کردیں گے اور دیانتدار نمائندے منتخب کریں گے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی گزشتہ پانچ برسوں سے عوام میں موجود ہے۔
الفت شہزاد کو اسپیشل مجسٹریٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کا اضافی چارج دے دیا
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی طلعت محمود گوندل نے ایم سی آفیسر (ریگولیشن) الفت شہزاد کو اسپیشل مجسٹریٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کا اضافی چارج دے دیا ہے۔اس موقع پر انہوں نے کلر سیداں بازار کا دورہ کرتے ہوئے دو سبزی و فروٹ فروشوں کو ایک ایک ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا۔اس موقع پر تجاوزات کا باعث بننے والی آٹھ ریڑھیوں کو بھی قبضہ میں لے لیا اور پانچ پانچ سو روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے ریڑھیاں قبضے میں لے کر سامان واپس کر دیا۔
قصائی برادری نے کلرسیداں کو ہائی جیک کیا ہوا ہے
رمضان کی آمد کے ساتھ ہی مفاد پر ست ٹولے متحرک ،گوشت ،مرغی ،اورفروٹ کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگی ہیں،کلر یوتھ کونسل کے رہنما چوہدری ندیم الفت نے ایک بیان میں کہا کہ قصائی برادری نے کلرسیداں کو ہائی جیک کیا ہوا ہے اور جب دل کرتا ہے اپنی مرضی کے ریٹ لگاتے ہیں اور تول میں بھی ہیرا پھیری کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز کلرسیداں سے میں چھوٹا گوشت 900اور بڑا گوشت 400جبکہ قیمہ 500روپے فروخت ہو رہا ہے انہوں نے کہا کہ اگر کسی قصائی سے ریٹ پوچھو تو وہ بدتمیزی کرتے ہیں ۔
پی ٹی آئی کے کارکنان کے اعزاز میں افطار ڈنر
پی ٹی آئی تحصیل کلر سیداں کے صدر راجہ ساجد جاوید کے مطابق پی ٹی آئی کے کارکنان کے اعزاز میں افطار ڈنر آج بروز اتوار عقب چوآ روڈ مقامی شادی ہال میں دیا جا رہا ہے جس میں سینیٹر چوہدری محمد سرور،رکن قومی اسمبلی غلام سرور خان اور دیگر رہنماؤں کے علاوہ کارکنان اور شہری بھی شرکت کریں گے ۔
تحصیل ہیڈ کواڑہسپتال کلر سیداں کے ایم ایس ڈاکٹر ہمایوں انور میر کے گھر جا کر ان کی عیادت
کلر سیداں کے معروف کاروباری محمد مسعود بھٹی، رانا زعفران بھٹی، پرنس جاوید اقبال اور اکرام الحق قریشی نے تحصیل ہیڈ کواڑہسپتال کلر سیداں کے ایم ایس ڈاکٹر ہمایوں انور میر کے گھر جا کر ان کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ۔
English please some people cannot read urdu