DailyNewsKallar Syedan

One dead 8 ill after eating poisonous food in Kanoha

کلر سیداں کے قریب زہریلی اشیاء کھانے سے ایک شخص جاں بحق 8افراد کی حالت تشویش ناک

کلر سیداں کے قریب زہریلی اشیاء کھانے سے ایک شخص جاں بحق 8افراد کی حالت تشویش ناک جس میں اس کا بیٹا ،بیٹی،دو بہوویں،دو پوتے اور دو نواسیاں تشویش ناک حالت میں ہیں ۔یہ واقعہ کنوہا کی ڈھوک رکھ میں پیش آیا جہاں کھانا کھانے کے بعد نصیر احمد جاں بحق ہو گئے جبکہ متوفی نصیر کا بیٹا مشعود احمد،بیٹی،دو بہوویں، دو پوتے اور ایک نواسی کی حالت بدستور تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ماسٹر رضا احمد وینس نے میڈیا کو بتایا کہ متوفی نصیر احمد کے بیٹے کلر سیداں سے گوشت خریدکر لائے اور اسی رات گھر میں چاول بھی پکائے گئے اور سب نے مل کر تربوز بھی کھایاجس کے بعد تمام گھر والوں کو الٹیاں اور پیچش شروع ہو گئے۔ نصیر احمد کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں فوری طور پر ٹی ایچ کیو ہسپتال کلر سیداں لے جایا گیا جہاں وہ طبی امداد ملنے سے قبل ہی دم توڑ گئے جبکہ دیگر متاثرہ افراد جن میں بچے بھی شامل ہیں کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف کے حالیہ بیان کے خلاف پی ٹی آئی کلر سیداں نے پیر کے روز علامتی ریلی نکالی

 سابق وزیر اعظم نواز شریف کے حالیہ بیان کے خلاف پی ٹی آئی کلر سیداں نے پیر کے روز علامتی ریلی نکالی اور نواز شریف کے خلاف نعرے بازی کی ،مقررین نے سپورٹس سٹیڈیم کے باہر شرکاء سے خطاب بھی کیا ۔سابق ٹاؤن ناظم حافظ سہیل اشرف ملک نے کہا کہ ملک کا تحفظ ہر محب وطن شہری کا فریضہ ہے نواز شریف کے بیانیے کی مذمت کرتے ہیں بھارت ہمارا ازلی دشمن ہے مودی کبھی ہمارا دوست نہیں ہو سکتا ۔پی ٹی آئی تحصیل کلر سیداں کے صدر راجہ ساجد جاوید نے کہا کہ نواز شریف کا حالیہ بیان ہماری مسلح افواج کے خلاف ہے نواز شریف نے بھارتی موقف کو مضبوط کرنے کی کوشش کی انہوں نے مطالبہ کیا کہ سپریم کورٹ میمو گیٹ سکینڈل اور ڈان لیکس کے تمام کرداروں کو بے نقاب کرے ،ریلی سے سید جنید عباس شاہ، ماسٹر صفیر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

پنجاب حکومت نے آٹھ افسران کو مختلف اضلاع کی انتظامیہ کے عہدوں پر ترقی دے دی

پنجاب حکومت نے آٹھ افسران کو مختلف اضلاع کی انتظامیہ کے عہدوں پر ترقی دے دی،ترقی پانے والوں میں کلر سیداں کے سابق اسسٹنٹ کمشنر چوہدری ربنواز خان منہاس بھی شامل ہیں جنہیں اے ڈی سی جی جھنگ تعنیات کیا گیا ہے ،زاہد محمود قاضی کو ڈپٹی سیکرٹری، خالد عمر قریشی کو اے ڈی سی جی پاکپتن، مشتاق حسین کو اے ڈی سی جی وہاڑی ،محمد ارش کو اے ڈی سی ایف منڈی بہاؤالدین ،ملک غضنفر علی اعوان کو ڈپٹی سیکرٹری ہیومن رائٹس ،محمد افضل بٹ کو ڈپٹی سیکرٹری او اینڈ ایم اور محمد عارف وسیم کو ڈپٹی سیکرٹری بجٹ اینڈ اکاؤنٹس لاہور تعنیات کیا گیا ہے ۔

معروف پوٹھوہاری شعر خواں پروفیسر موسیقی چوہدری محمد اکرم گجر مرحوم کی یاد میں محفل شعر خوانی

معروف پوٹھوہاری شعر خواں پروفیسر موسیقی چوہدری محمد اکرم گجر مرحوم کی یاد میں محفل شعر خوانی آج بروز منگل ان کے آبائی گاؤں توپ مانکیالہ میں ہو رہی ہے جس میں معروف شعر خواں چوہدری عبدالرشید نوشاہی ،چوہدری اظہر اطلس،راجہ عابد ضمیر، راجہ عابد آ ف مانکراہ،ازرم بھٹی، خان مجتبیٰ اور دیگر شرکت کریں گے۔

پیپلز پارٹی تحصیل کلر سیداں کے صدر محمد اعجاز بٹ نے رکنیت سازی کیمپ میں خطاب

پیپلز پارٹی تحصیل کلر سیداں کے صدر محمد اعجاز بٹ نے رکنیت سازی کیمپ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں رکنیت سازی کیمپوں کی پذیرائی عوام کا بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری کی قیادت پر اعتماد کا اظہار ہے۔پیپلز پارٹی وفاق کی علامت ہے جس نے محروم و محکموم طبقات کے حقوق کی بحالی کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔انہوں نے مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک پارٹی کا سربراہ عدالتوں سے کرپٹ ثابت ہو رہا ہے جبکہ دوسری پارٹی کے سربراہ نے کرپٹ افراد کو اپنے ساتھ ملا لیا ہے۔ضلعی صدر چوہدری ظہیر سلطان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف اپنے بیانیہ سے تین بار نکالے گئے اور وہ اب اداروں کو بدنام کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں۔

الیکشن 2018کو شفاف، غیرجانب داراور منصفانہ بنانے کے لئے پہلی بار الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت پولنگ شروع کرانے سے پہلے پریذائیڈنگ افسر اور عملے کو حلف دیناہوگا کہ وہ غیرجانبداری سے اپنے فرائض سرانجام دیں گے

الیکشن 2018کو شفاف، غیرجانب داراور منصفانہ بنانے کے لئے پہلی بار الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت پولنگ شروع کرانے سے پہلے پریذائیڈنگ افسر اور عملے کو حلف دیناہوگا کہ وہ غیرجانبداری سے اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔ پریذائیڈنگ سے ریٹرنگ افسرحلف لے گا، باقی پولنگ عملہ سے حلف پریذائیڈنگ افسر لے گا۔ اس کے علاوہ ایک سینئراسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسرکی تعیناتی بھی پہلی بار کی گئی ہے، جس کے گنتی کے گوشوارے پر دستخط بھی پریذائیڈنگ افسر کی طرح لازمی قرار دیئے گئے ہیں۔ ٹینڈرووٹ بارے نادراسے معاہدہ کیاگیاہے کہ 14دن کے اندراندر ووٹرکی تصدیق یا عدم تصدیق کردی جائے گی۔ اس ایکٹ کے تحت پہلی بار پریذائیڈنگ افسر کواختیار دیاگیاہے کہ گنتی ہونے کے بعد اگرکوئی متعلقہ شخص دوبارہ گنتی کی درخواست کرے تو وہ ایسا ایک بار کرنے کامجاز ہوگالیکن یہ عمل بار بار نہیں دہرایاجائے گا۔ ایکٹ کے تحت کوئی بھی شخص جو نادرا کااصل شناختی کارڈ رکھتاہے، ووٹ لسٹ میں نام ہونے پر ووٹ ڈالنے کامجاز ہوگابے شک اس کاشناختی کارڈ زائد المیعاد ہو۔ ڈرائیونگ لائسنس ،پاسپورٹ یا شناختی کارڈ کی کاپی پر ووٹ ڈالنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ پریذائیڈنگ افسران کواگر آرٹی ایس موبائل فراہم کیاگیا ہوتو وہ رزلٹ کی تصویر فوری طورپر الیکشن کمیشن کوبھیجنے کا پابندہوگا۔ ایکٹ میں پریذائیڈنگ افسر کومجسٹریٹ درجہ اول کے اختیار ات دیئے گئے ہیں جس کے تحت وہ کسی دوسرے کی جگہ ووٹ ڈالنے ،پولنگ اسٹیشن یاپولنگ بوتھ پر قبضہ کرنے،بیلٹ پیپریا بیلٹ باکس قبضے میں لے لینے، کسی کوووٹ ڈالنے سے روکنے پر سمری ٹرائل کے ذریعے فوری طورپر تین ماہ قید اور دس ہزار جرمانہ یادونوں حکم سناسکے گا۔ یادرہے کہ الیکشن کمیشن نے الیکشن2018کی تیاریاں شروع کررکھی ہیں، اس بار الیکشن میں استعمال ہونے والا سامان میں بہتری لائی گئی ہے، اس کے علاوہ ایسے سکول وکالجز کو پولنگ سنٹربنایاگیاہے جہاں بجلی، پانی اور چاردیواری کی سہولت موجود ہے۔ پہلی بار انمٹ سیاہی کے مارکراستعمال کئے جائیں گے جب کہ قبل ازیں جوسیاسی استعمال کی جاتی تھی وہ اکثرگرکرعملے اور ووٹروں کے کپڑوں کی خرابی کاباعث بنتی تھی۔ اس بار الیکشن میٹریل کی چھپوائی بھی معیار ی کی گئی ہے اور کاغذبھی عمدہ استعمال کیاگیاہے۔الیکشن کمیشن نے عملے کی تربیت کے لئے ہینڈ بک شائع کردی جس میں پولنگ عملے کاکردار اور ذمہ داریاں، پولنگ ڈے سے پہلے، پولنگ کادن اور پولنگ بند کرناکے بڑے عنوانات کے تحت ذیلی عنوانات میں آسان اردومیں تشریح کی گئی ہے۔ ہینڈ بک میں حلف نامے کے ساتھ ساتھ ، سزاسے متعلق فارم،پیکنگ انوائس،ٹینڈرووٹ لسٹ، چیلنج شدہ ووٹوں کی فہرست،گنتی کاگوشوارہ،بیلٹ پیپرکے حساب کاگوشوارہ بھی شامل کیاگیاہے۔

گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری سکول پنڈوری لوراں(چوکپنڈوری) میں سرکاری رقبہ پر قبضہ کرنے کی کوشش

گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری سکول پنڈوری لوراں(چوکپنڈوری) میں سرکاری رقبہ پر قبضہ کرنے کی کوشش۔ایس ایم سی کے ارکان کی کاوشوں سے دس کنال پر مشتمل رقبہ کو واگزار کروا کر سکول کے نام منتقل کر دیا گیا جبکہ مقامی افراد نے 16 مرلے کی جگہ کے حقوق شاملات خرید لئے۔سکول کے اساتذہ اور زیر تعلیم بچوں کو ہراساں کیا جاتا ہے۔سکول منیجمنٹ کمیٹی کے نائب چےئرمین محمد ادریس نے بتایا کہ انہوں نے دس کنال رقبہ سکول کے نام وقف کیا مگر بااثر قبضہ مافیا ان کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کر رہا ہے۔16 مرلے پر مشتمل رقبہ پر قبضہ کرنے کی کوشش کرتے ہوئے نہ صرف تدریسی اسٹاف کو ہراساں کیا جاتا ہے بلکہ سکول میں زیر تعلیم بچے بھی سخت خوف و ہراس میں مبتلا ہیں۔انہوں نے بتایا کہ دس کنال پر مشتمل سرکاری جگہ پر مین گیٹ نصب کر دیا گیا ہے جبکہ بعض با اثر مافیا 16 مرلے پر مشتمل رقبہ کو سکول کے حوالے کرنے کو تیار نہیں۔یونین کونسل گف کے جنرل کونسلر محمد مبین نے بتایا کہ انہوں نے سکول کی چاردیواری کی تعمیر کیلئے رکن پنجاب اسمبلی جن کی آبائی یونین کونسل میں یہ سکول قائم ہے کیلئے گرانٹ جاری کرنے کی درخواست کی تھی اور ایک سال کا عرصہ گزر جانے کے باوجود اس پر عملدرآمد ممکن نہ ہو سکا۔انہوں نے کہا کہ اگر سکول کے اطراف میں حفاظتی دیوار تعمیر کر لی جائے تو اس مسٗلہ سے ہمیشہ کیلئے چھٹکارہ حاصل کیا جا سکتا ہے مگر اس سلسلہ میں چےئرمین یوسی گف اور ایم پی اے غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قبضہ مافیا کیخلاف مقدمہ کے اندراج کیلئے سابق اسسٹنٹ کمشنر کلر سیداں کو درخواست دی مگر انہوں نے تھانے کو مارک کر دی جبکہ ایس ایچ او نے ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرنے کی بجائے درخواست کو محکمہ مال کے سپرد کر کے اپنی جان چھڑا لی۔

تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال کلر سیداں کے ایم ایس ڈاکٹر ہمایوں انور میر کو دل کا دورہ ،آر آئی سی میں منتقل کر دیا گیا

تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال کلر سیداں کے ایم ایس ڈاکٹر ہمایوں انور میر کو دل کا دورہ ،آر آئی سی میں منتقل کر دیا گیا۔ڈاکٹر ہمایوں انور میر گزشتہ روز لاہور میں ایم ایس کانفرنس میں شریک تھے کہ یہ علیل ہو گئے انہیں آر آئی سی راولپنڈی منتقل کیا گیا جہاں انجو گرافی کے بعد ان کی اوپن ہارٹ سرجری کا فیصلہ کیا گیا ان کے چار میں سے تین والو بند پائے گئے ۔ٹی ایچ کیو کلر سیداں کے تمام سٹاف نے ڈاکٹر ہمایوں انور میر کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے ۔

Show More

Related Articles

Back to top button