DailyNewsGujarKhanHeadlinePothwar.com
Gujar Khan: Two Killed as Trucks Collide Near Sohawa Kala Pul
سوہاوہ کالا پل کے قریب دو ٹرکوں میں خوفناک تصادم، دو افراد جاں بحق

گوجرخان (پوٹھوار ڈاٹ کوم | 12 نومبر 2025) — سوہاوہ کالا پل کے قریب ایک خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جب راولپنڈی کی جانب جانے والے دو ٹرک آپس میں ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک شخص نے موقع پر ٹرک سے چھلانگ لگا کر اپنی جان بچالی۔
تفصیلات کے مطابق، دونوں ٹرک ایک ہی سمت یعنی راولپنڈی کی جانب جا رہے تھے کہ ایک ٹرک دوسرے سے ٹکرا گیا، جس کے باعث ایک ٹرک سڑک سے نیچے جا گرا اور درختوں میں پھنس گیا۔ حادثے کے وقت ٹرک میں تین افراد سوار تھے۔ ان میں سے ایک شخص نے حادثہ ہوتے دیکھ کر فوراً چھلانگ لگا دی اور محفوظ رہا، تاہم باقی دو افراد ٹرک کے ملبے میں پھنس گئے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ایمبولینس اور ریسکیو وہیکل فوری طور پر موقع پر روانہ کی گئیں، اور پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ بدقسمتی سے، دونوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو چکے تھے۔
جاں بحق ہونے والوں کی شناخت شمندروز خان ولد شاہ صاحب اور میرمت خان ولد سائل خان کے نام سے ہوئی ہے، جن کا تعلق خیبر ایجنسی سے بتایا گیا ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ تیز رفتاری اور ایک ٹرک کے قابو سے باہر ہونے کے باعث پیش آیا۔ لاشوں کو ملبے سے نکال کر ضابطے کی کارروائی کے لیے مقامی انتظامیہ کے حوالے کر دیا گیا۔
یہ افسوسناک واقعہ ایک بار پھر شاہراہوں پر بڑھتے ہوئے حادثات کی نشاندہی کرتا ہے، جہاں تیز رفتاری اور لاپرواہی قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا باعث بن رہی ہیں۔




