DailyNewsGujarKhanPothwar.com

Gujar Khan; Cultivate crops alternately to maintain soil fertility, Dr Sajjad Mirza addresses at Bhadana School

فصلیں بدل بدل کر کاشت کریں تاکہ زمین کی زرخیزی برقرار رہے، ڈاکٹر سجاد مرزا کا بھڈانہ سکول میں خطاب

بیول (نمائندہ پوٹھوار ڈاٹ کوم)۔ زمینداروں کو چاہیے کہ فصلیں بدل بدل کر کاشت کریں تاکہ زمین کی زرخیزی برقرار رہے۔ دیہی علاقوں میں لوگوں نے دالیں چنے اور مونگ پھلی وغیرہ کاشت کرنا چھوڑ دی ہے۔ انتہائی دکھ کی بات کہ ہمارے علاقے میں خریف(ساونی) کی فصل بہت کم لوگ کاشت کرتے ہیں۔ اگر پھلی دار فصلیں زمینوں میں کاشت ہوتی رہیں تو زمین کو نائٹروجنی کھاد قدرتی طور پر ملتی رہتی ہے جس سے کاشتکار پرمالی بوجھ بھی نہیں پڑتا۔ ان خیالات کا اظہار سابق ڈپٹی ڈائریکٹر پاکستان اٹامک انرجی کمیشن فیصل آباد ڈاکٹر سجاد مرزا نے گورنمنٹ ہائی سکول بھڈانہ میں طلبہ کو موٹیویشنل لیکچر دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے طلبہ کو بتایا کہ کس طرح انہوں نے سر صوبہ شاہ اور چوآخالصہ کے دیہی سکولوں سے ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعداعلیٰ تعلیم کے مدارج طے کئے، ہالینڈ سے پی ایچ ڈی کرنے کے بعد فرانس سے پوسٹ ڈاک کیا۔بائیولوجی کے مختلف موضوعات پر ان کے ستر(70) سے زائد تحقیقی مقالے عالمی معیار کے جریدوں میں شائع ہو چکے ہیں۔ وہ اب تک پندرہ سے زائد ایم فل اور پی ایچ ڈی طلبہ کی تحقیق سپروائز کرچکے ہیں۔ڈاکٹر سجادمرزا نے اس بات پر زور دیا کہ نئی نسل سائنس کے میدان میں آگے بڑھے اور کارہائے نمایاں سر انجام دے۔دیہی علاقے کے سکولوں میں بھی اب ماشااللہ تعلیمی سہولتیں دستیاب ہیں طلبہ کو اس سے استفادہ کرتے ہوئے پوری توجہ تعلیم پردینی چاہیے۔ فارغ وقت میں کتابیں پڑھنے سے انسان کے علم میں مسلسل اضافہ ہوتا رہتا ہے۔طلبہ کو وقت ضائع نہیں کرنا چاہیے اور ابھی سے زندگی کا مقصدطے کر کے اس کے لئے جدوجہد کا آغاز کردینا چاہیے۔ طلبہ سوچ سمجھ کر اس بات کا تعین کریں کہ زندگی میں کیا بننا چاہتے ہیں۔ اس کے لئے کوشش بھی ہی کرنی ہے اور اپنے ہیرو بھی اسی شعبے سے تلاش کرنے ہیں۔جب آپ کوئی واضع مقصد لے کر جدوجہد کرتے ہیں تو اللہ تعالی کی مدد شامل حال ہوتی ہے۔ فطرت انہی لوگوں کا ساتھ دیتی ہے جو جدوجہد کرتے ہیں۔ڈاکٹر محمد سجاد مرزا نے ہیڈ ماسٹر جہانگیر افضل کو اپنی خود نوشت کتاب پیش کی۔

Gujar Khan; Dr Sajjad Mirza who was addressing at government high school in Bhadana, That the farmers should cultivate crops alternately to maintain soil fertility, At the end of the function Dr Muhammad Sajjad Mirza presented book he had published to Headmaster Jahangir Afzal.

Show More

Related Articles

Back to top button