UK; Eid mela held in collaboration with Slough borough council
سلاؤ میں کونسل کے تعاون سے عید ملن اور بڑا میل جول میلہ منعقد
سلاؤ میں کونسل کے تعاون سے عید ملن اور بڑا میل جول میلہ منعقد۔ سلاؤ، برکشائر کاؤنٹی انگلینڈ یوکے میں 23 جون 2018 ء بروز ہفتہ کو سلاؤ بارو کونسل کے تعاون سے عید سیلیبریشن اور دی گریٹ گٹ ٹُو گیدر منایا گیا۔ اس سلسلہ میں ایک ہی دن میں تین مختلف مقامات پر پروگرام منعقد ہوئے۔ مینر پارک سلاؤ میں مینر کمیونٹی سینٹر میں بھی ایسی ہی ایک تقریب منعقد ہوئی۔ جو دن کے ایک بجے سے لیکر شام کے چھ بجے تک جاری رہی۔ ہال کے اندر بھی اسٹالز لگے تھے جبکہ دونوں اطراف باہر کی جانب بھی اسٹال لگے ہوئے تھے اور سارا دن لوگوں خاص کر خواتین اور بچوں کا رش لگا رہا۔ مختلف آرگنائزیشنوں اور چیئرٹی اداروں نے بھی بھرپور تعاون کیا اور اس خوبصورت ایونٹ کو کامیاب بنایا۔ اس موقع پر سلاؤ ، ٹیمز ویلی پولیس اور این ایچ ایس کے اسٹالوں کے علاوہ اجالا فاؤنڈیشن سلا یوکے ، پیونگ دی وے ، اولیو ٹری نرسری و دیگر نے بھی اپنے اسٹال لگائے ہوئے تھے۔ اجالا فاؤنڈیشن نے لوگوں کو مفت سمودی ( پھولوں کے مشروبات ) پلائی ( 500 سے زائد افراد نے پی ) جبکہ پھل بھی تقسیم کئے( 200 پیک ) اس کے علاوہ بچوں کو غبارے بھی دئیے گئے کچھ پنڈال میں لگائے اور سجائے گئے ( 700 غبارے ) اور مفت پیزا بھی کھلایا گیا۔ اُجالا کے اسٹال پر برطانوی ممبر آف پارلیمنٹ فار سلاؤ جناب تنمنجیت سنگھ دھیسی ایم پی نے ایک بڑے سائز کا کیک Cake بھی کاٹا جبکہ ان کی معاونت میئر آف سلاؤ کونسلر ہرمُہندرپال سنگھ سوہل، ڈپٹی لیڈر آف دی کونسل خاتون کونسلر صبیحہ حسین، کونسلر فذاء احمد مطلوب اور لیڈی کونسلر سونیا سرفراز و دیگر نے کی۔ مینر پارک میں ایونٹ کو کامیاب بنانے میں بیلس اینڈ اسٹوک وارڈ کے تینوں کونسلروں کونسلر فذاء احمد مطلوب، کونسلر محمد نذیر چوہدری اور کونسلر سونیا سرفراز نے بڑی محنت کی جبکہ انہیں دیگر فلاحی اداروں کی معاونت بھی حاصل تھی۔ جن میں اجالا فاؤنڈیشن کے چیئرمین قاری ذوالفقار وارثی اور انکی ٹیم جبکہپیونگ دی وے کی محترمہ سبینہ اکرم اور انکی ہمشیرہ محترمہ سفینہ اکرم نے بھی بھرپورتعاون کیا۔ اجالا فاؤنڈیشن کی ٹیم میں حاجی ملک شریف، حکیم جیموکس ( مارشیئش)، ارشد محمود جنجوعہ، راجہ ظفر خان، اسد کریم، علی رضا اور عقیل ملک کے علاوہ دیگر تھے۔ جبکہ اجالا خواتین ونگ کی محترمہ فرح ملک، محترمہ سدرا، محترمہ نگینہ احمد اور محترمہ بلقیس بی و دیگر موجود تھیں۔ سب رضاکاروں نے بڑی محنت کی ۔ عید سیلیبریشن اور دی گریٹ گٹ ٹُوگیدر میں کونسلر رابرٹ اینڈرسن ، ڈاکٹر عظیم، کونسلر وقاص، کونسلر شبنم صادق، پیریش کونسلر سرفراز کیانی، خاتون پیریش کونسلر محترمہ شاہدہ، چوہدری علی اصغر، راجہ شوکت علی اور راجہ خان نے علاوہ سینکڑوں شریک ہوئے۔ پولیس افسران میں دیگر کے علاوہ خاتون پولیس افیسر محترمہ رنجیت بیننگ شامل تھیں۔ ایونٹ میں ملبوسات ، میک اپ اور جیولری کے اسٹالوں نے علاوہ حنا اور فیس پینٹنگ کے اسٹالز بھی تھے جبکہ بچوں کے لئے اوپن ائر تھیٹر بھی پیش کیا گیا۔ اوٹ ڈور گیمز میں کرکٹ، فٹ بال اور ٹینس کے کھیل نیٹ پریکٹس میں شامل تھے۔ مختلف کمیونٹیز کے افراد نے شرکت کی اور خوشی کا اظہار کیا۔