گوجرخان (پوٹھوار ڈاٹ کام / 15 اپریل 2026): مقامی بلدیہ کی جانب سے کھوکھا بازار کے دکانداروں کو 24 گھنٹوں کے اندر دکانیں خالی کرنے کے اعلان کے بعد علاقے میں شدید بے چینی اور اضطراب کی کیفیت پیدا ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی کی جانب سے شہر بھر میں اعلانات کیے جا رہے ہیں جن میں کھوکھا مالکان کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ رضاکارانہ طور پر اپنی دکانیں خالی کریں، سامان اٹھائیں اور مقررہ وقت کے اندر اپنے کھوکھے ختم کر دیں۔ اس اچانک فیصلے سے بازار میں کام کرنے والے سینکڑوں چھوٹے تاجروں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
متاثرہ دکانداروں کی بڑی تعداد نے بلدیہ دفتر پہنچ کر احتجاج کیا اور اس اقدام پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ کھوکھا بازار درجنوں خاندانوں کے روزگار کا واحد ذریعہ ہے اور بغیر کسی پیشگی اطلاع یا منصوبہ بندی کے اس طرح کا اقدام ان کے معاشی مستقبل کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔
دکانداروں نے انتظامیہ کے فیصلے پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ متبادل جگہ فراہم کیے بغیر وہ کسی صورت بے دخلی قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ کسی بھی کارروائی سے قبل اس معاملے پر نظرثانی کی جائے اور دکانداروں کے ساتھ مشاورت کی جائے۔
ادھر صورتحال بدستور کشیدہ ہے جبکہ دکاندار انتظامیہ کے ردعمل کے منتظر ہیں اور آئندہ دنوں میں مزید مذاکرات کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
Gujar Khan (Pothwar.com / April 15, 2026): Tension and uncertainty gripped the Khokha Bazaar area after the local municipal administration issued an announcement directing shopkeepers to vacate their kiosks within 24 hours.