Kallar Syedan; Four shops burgled during the night in Kallar bazaar as police investigate and traders protest
کلر سیداں میں ایک ہی رات میں چار دکانوں کے تالے ٹوٹ گئے
کلرسیداں (نمائندہ پوٹھوار ڈٖاٹ کوم,اکرام الحق قریشی) کلر سیداں میں ایک ہی رات میں چار دکانوں کے تالے ٹوٹ گئے۔پولیس نے درخواستیں وصول کرنے کے بعد کارروائی شروع کر دی۔چوری کی پہلی واردات چوآ روڈ پر واقع ایک موبائل شاپ پر ہوئی جہاں انیس الرحمان نے بتایا کہ میں گزشتہ روز حسب معمول شام کے وقت اپنی دکان بند کر کے گھر چلا گیا۔جمعرات کی صبح اپنی دکان پر آیا تو دکان کی سائیڈ والی گلی سے شٹر کھلا ہوا تھا اور دکان کے اندر کاشیشہ ٹوٹا ہوا تھا۔پڑتال کرنے پر معلوم ہوا کہ تین عدد ڈبہ پیک موبائل فونز سام سنگ،چار عدد ڈبہ پیک موبائل فون اوپوجن کی مالیت تقریبا تین لاکھ پچاس ہزار روپے بنتی ہے اور لوڈٖ کی رقم تقریبا چار لاکھ روپے غائب تھی۔چوری کی دوسری واردات کپڑوں کی دکان پر ہوئی جہاں راجہ اورنگزیب نے بتایا کہ اس کی دکان کے تالے توڑ کرنا معلوم چور ایک لاکھ روپے مالیت کے فینسی کپڑے چوری کر کے لے گئے۔ادھرچوہدری علی اصغر نے بتایا کہ وہ لیبارٹری ٹیکنیشن کا کام کرتے ہیں،گزشتہ روز نامعلوم چور ان کی لیبارٹری کا تالا کھول کر تمام درازوں کی تلاشی لیتے رہے اور ٹیبل پر موجود غلے کو توڑ کر چار سوکے قریب کیشن چوری کر لی اور تالا بھی ساتھ لے گئے۔دریں اثناء لیبارٹری کے قریب ہی واقع میڈیکل سنٹر کے تالے توڑے گئے۔ ڈاکٹر عابد خان کے مطابق چوروں کو یہاں سے کچھ بھی ہاتھ نہ آسکا جس کی وجہ سے انہیں خالی ہاتھ واپس جانا پڑا۔ ادھر کلر سیداں کے تاجررہنماؤں حاجی ریاست حسین اور راجہ ظفر محمود نے صورتحال پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کلر سیداں میں بلا ناغہ وارداتیں ہو رہی ہیں اور پولیس انہیں روکنے میں بری طرح سے ناکام ہے گزشتہ شب چوکپنڈوری میں پانچ دوکانو ں کے تالے توڑے گئے جس کے اگلے ہی روز کلر سیداں میں بھی ایک ہی رات میں متعدد دوکانوں کے تالے توڑ کر چوری کی وارداتیں کی گئیں انہوں نے سی پی او راولپنڈی سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
کلرسیداں (نمائندہ پوٹھوار ڈٖاٹ کوم,اکرام الحق قریشی) انجمن تاجراں مغل بازار کے سابق صدر راجہ شاہد پکھڑال نے کلر سیداں میں چوری کی وارداتوں پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ تاجراور شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں آئے روز وارداتیں ہو رہی ہیں ملزمان دندناتے پھر رہے ہیں اور پولیس وارداتوں کو روکنے میں ناکام ہے۔انہوں نے کلر سیداں کی تاجر تنظیموں پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کا رویہ بھی غیر ذمہ دارانہ ہے انہیں تاجروں کے تحفظ کے لیے کھل کر سامنے آنا چاہئیے مگر لگتا یہی ہے کہ انہوں نے بھی انتظامیہ کے قدم سے قدم ملا لیے ہیں۔
پنجاب گروپ آف کالجز کلر سیداں کیمپس میں رنگا رنگ سپورٹس گالا پروگرام کے تحت منعقدہ تقریب
Punjab Group of Colleges organized a colorful sports gala program on the campus
کلرسیداں (نمائندہ پوٹھوار ڈٖاٹ کوم,اکرام الحق قریشی) ڈائریکٹر پنجاب گروپ آف کالجز چوہدری محمد اکرام نے کہا ہے کہ طلبہ و طالبات کی ذہنی و جسمانی نشونما کیلئے جسمانی تعلیم اور کھیل وقت کی اہم ضرورت اور اہم تقاضا ہیں۔کھیل نہ صر ف بچوں کی نشوونما میں معاون ثابت ہوتے ہیں بلکہ ان کی کردار سازی اور نفسیاتی تربیت میں بھی مدد دیتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پنجاب گروپ آف کالجز کلر سیداں کیمپس میں رنگا رنگ سپورٹس گالا پروگرام کے تحت منعقدہ تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔پرنسپل کالج طارق حسین،گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کلر سیداں کے ہیڈ ماسٹر خالد محمود قریشی اور سینئر ٹیچر چوہدری تصور حسین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈائریکٹر نے خطاب کرتے ہوئے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو تعلیم دینے کیساتھ ساتھ کھیلوں کا جذبہ بھی پیدا کریں۔درس و تدریس کا ایساطریقہ اختیار کیا جائے کہ بچے لطف اندوزہوتے ہوئے کھیل کھیل میں بہت کچھ سیکھ جائیں۔تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر رائل کنگز ٹیم ہاؤس آف دی ائیر قرار پائی۔سال کی بہترین کھلاڑی کا اعزاز بی ایس سی دوئم کی طالبہ نمرہ عابد نے حاصل کیا۔پرنسپل کالج طارق حسین نے مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں مختلف تحائف کیساتھ رخصت کیا۔