DailyNewsOverseas news
Norway; Deputy speaker Qasim Khan Saori addresses to Pakistani community on independence day celebrations in Oslo
ناروے۔ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کا پاکستان کمیونٹی ناروے کی یوم آزادی کی تقریب سے خطاب
اوسلو(عقیل قادر) پاکستان کمیونٹی ناروے ایک معروف سماجی تنظیم ہے جس کے روح رواں چوہدری اظہر اقبال رندھیر ہیں۔ وہ گذشتہ کئی سالوں سے یوم آزادی پاکستان کی تقریب کو بڑے پیمانے پر شان و شوکت سے مناتے چلے آ رہے ہیں۔ اس سال بھی یوم پاکستان کو عقیدت و محبت سے منایا گیا جس میں پاکستان سے خصوصی طور پر قاسم خان سوری ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے شرکت کی جبکہ معروف تاجر اور سماجی رہنما شیخ فواد انور نے تقریب کی صدارت کی۔ دیگر مہمانوں میں سفیر پاکستان ظہیر پرویز خان، لورن سکوگ کی مئیر رَنگ ہیلد برگ ہائم ، اور کالم نگار منصور آفاق شامل ہیں۔یوم پاکستان کی تقریب کا آغاز نوجوان مذہبی اسکالر مفتی طاہرعزیز نے تلاوت قرآن پاک سے کیا اور سب نے کھڑے ہو کر قومی ترانہ سنا۔ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے اور وہ ہندوستان سمیت تمام ممالک سے برابری کی سطح پر تعلقات چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہندوستان کے پائلٹ کو چھوڑ کر پوری دنیا کو امن کا پیغام دیا۔ انہوں نے نریندر مودی کو آج کے دور کا ہٹلر قرار دیتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پر جاری مظالم کی پُرزور مذمت کی۔ سفیر پاکستان ظہیر پرویز خان نے خطاب کرتے ہوئے نارویجن پاکستانی کمیونٹی کی تعریف کی اور کہا کہ نارویجن حکام سے ان کی ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں اور وہ پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کے معترف ہیں۔معروف کالم نگار منصور آفاق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی خاص نعمتوں میں سے ایک نعمت ہے اور اسکی سب سے بڑی نشانی یہ ہے کہ پاکستان 27 رمضان المبارک کو معرض وجود میں آیا۔قاسم خان سوری کی طرف سے پاکستان کمیونٹی ناروے کے صدر چوہدری اظہر اقبال کو کمیونٹی کی بہترین خدمات سر انجام دینے پر خصوصی شیلڈ پیش کی گئی۔ تقریب سے ناصراقبال، نوجوان سیاسی رہنما حسن نواز، رَنگ ہیلد برگ ہائم اور سفارتخانہ پاکستان کے ویلفیئر اتاشی خالد محمود نے بھی خطاب کیا۔پاکستان سے گلوکار فہیم علی شیر اور ممتاز علی نے اپنے فن کا بھرپور مظاہرہ کر کے تقریب کی رونق کو چار چاند لگادیئے۔ معروف نوجوان شاعر آفتاب وڑائچ نے تقریب کی نقابت کے فرائض احسن انداز میں سرانجام دیئے۔