Kallar Syedan; Salar Islam, 12 along with sister to campaign for his father
قمر الاسلام راجہ کے 12سالہ فرزند محمد سالار اسلام اپنی ہمشیر ہ کے ہمراہ انتخابی مہم چلائے گا
این اے 59پی پی 10سے مسلم لیگ ن کے نامزد اور گرفتارامیدوار انجنئیر قمر الاسلام راجہ کے 12سالہ فرزند محمد سالار اسلام نے کہا ہے کہ وہ اپنی ہمشیر ہ کے ہمراہ اپنے گرفتار والد قمر الاسلام راجہ کی انتخابی مہم چلائے گا ۔سالار اسلام نے پوٹھوار ڈاٹ کام سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ بیکن میں ساتویں کلاس کا طالب علم ہے وہ اپنے پاپا قمر الاسلام کے ہمراہ مسلم لیگ ن کے ٹکٹ وصول کرنے لاہور گیا تھا جہاں نیب کی جانب سے کال وصول ہونے پر پاپا اسے نیب دفتر کے باہر صبح ساڑھے نو بجے چھوڑ کر اندر گئے اور پھر لوٹ کر نہ آئے۔نیب حکام نے انہیں مجھ سے رابطے تک کی اجازت نہ دی اور میں صبح ساڑھے نو بجے سے شام ساڑھے چھ بجے تک سارا دن نیب دفتر کے باہر سڑک پر کھڑا رہا۔شام ساڑھے چھ بجے مجھے گھر سے اطلاع ملی کہ تمہارے پاپا کو نیب والوں نے گرفتار کر لیا ہے اور تم لوٹ کے گھر آجاؤ جس کے بعد میں وہاں سے ڈائیو اڈہ پہنچا جہاں سے بذریعہ بس رات دو بجے پنڈی اترا ۔انہوں نے کہا کہ اس طرح والد کی گرفتاری ان کے لیے فکر مندی تھی مگر وہ صورتحال سے خوفزدہ نہیں ۔میرے پاپا بے گناہ ہیں ان کا صرف یہی جرم ہے کہ انہوں نے مسلم لیگ ن کا ٹکٹ قبول کیا اور الیکشن لڑنے کا اعلان کیا۔اگر پاپا ن کی بجائے کسی بھی اور جماعت یا آزاد حیثیت میں الیکشن لڑتے تو اس صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑتا مگر میں سمجھتا ہوں کہ میرے پاپا نے درست فیصلہ کیا اور اپنے پارٹی قائد کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے کی بجائے ن لیگ کا امیدوار بن کر قیادت کا سر فخر سے بلند کیا۔انہوں نے ایک سوال کے جوا ب میں کہا کہ این اے 59میں مقابلہ ن لیگ اور پی ٹی آئی کے درمیان ہو گایہاں آزاد امیدوار کی کوئی حیثیت نہیں بعد ازاں انہوں نے راولپنڈی جاتے ہوئے ریلی کی قیادت کی اور شرقا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے پاپا کی انتخابی مہم چلائیں گے نواز شریف شہباز شریف کے پروانے شیر کی کامیابی کے لیے جان لڑا دیں گے ہم میں سے کوئی بھی بکے گا نہ جھکے گا ہم نے مل کر سومنات کا مندر توڑنا ہے کارکن میری طاقت ہوں گے اور میں مخالفین کو چیلنج کرتا ہر مقام پر نظر آؤں گا۔اس موقع پر مسلم لیگ ن کلر سیداں سٹی کے صدر شیخ خورشید احمد، فیصل منور، افتخار بھولا، عبدالجبار بھٹی، جبران صفدر کیانی، حق نواز آرائیں اور دیگر بھی موجود تھے۔
شاہد خاقان عباسی الیکشن نہ بھی لڑ سکے تو ان کی اہلیہ حلقہ سے امیدوار ہوں گی
مسلم لیگ ن کے رہنما وائس چیئر مین یوسی بھلاکھر راجہ طلال خلیل نے کارکنوں پر زور دیا ہے کہ وہ حلقہ این اے57میں اپنی انتخابی مہم بھر پور انداز میں جاری رکھیں شاہد خاقان عباسی الیکشن نہ بھی لڑ سکے تو ان کی اہلیہ حلقہ سے امیدوار ہوں گی شاہد خاقان عباسی اور کارکن مل کر ان کی انتخابی مہم چلائیں گے ۔انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ مسلم لیگ ن پر کڑا وقت ہے نا دیدہ قوتیں نواز شریف اور مسلم لیگ ن کا راستہ روکنے کے لیے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہیں ہمیں اس طرح کے حالات کا مردانہ وار مقابلہ کرنا ہو گا اور شخصیت کی بجائے جو بھی امیدوار نوا زشریف کا نامزد کردہ ہو گا اور جس کے پاس انتخابی نشان شیر ہو گا ہم سب مل کر اس کی کامیابی کے لیے دن رات ایک کریں گے ۔
ریخ میں پہلی بار مرکز قومی بچت کے سٹاف نے اپنے مطالبات کے حق میں غیر معینہ مدت کیلئے احتجاجی تالا بندی
تاریخ میں پہلی بار مرکز قومی بچت کے سٹاف نے اپنے مطالبات کے حق میں غیر معینہ مدت کیلئے احتجاجی تالا بندی ،ملک کے دیگر شہروں کی طرح کلر سیداں میں بھی مرکز قومی بچت نے 27 جون اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی کال دے دی جس کی وجہ سے کلر سیداں کے دور دراز علاقوں سے آنے والے بوڑھے کھاتہ داروں کو اپنا منافع حاصل کئے بغیر ہی خالی ہاتھ واپس لوٹنا پڑا ۔
پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس شاہ خاکی چیک پوسٹ کے سرکاری گاڑی خراب ہو جانے کی وجہ سے گزشتہ تین ماہ سے ایک ورکشاپ میں کھڑی
پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس شاہ خاکی چیک پوسٹ کے سرکاری گاڑی خراب ہو جانے کی وجہ سے گزشتہ تین ماہ سے ایک ورکشاپ میں کھڑی ہے جس کی وجہ سے ان کی کارکردگی صرف ناکوں تک ہی محدود ہو کر رہ گئی ہے۔چیک پوسٹ میں پی ٹی سی ایل نمبر گزشتہ تین ماہ سے بند پڑا ہوا ہے جسے بحال کروانے کی بھی ضرورت محسوس نہیں کی گئی جبکہ شاہ خاکی چیک پوسٹ پر سکیورٹی معاملات کی دیکھ بھال کیلئے لگے دو سی سی ٹی وی کیمرے بھی گزشتہ چار ماہ سے غیر فعال ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے ادارہ کی کارکردگی پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔