Qamar Ul Islam’s 12 year old son to head election campaign
قمر الاسلام راجہ کی گرفتاری کے بعد ان کا 12سالہ بیٹا سالار اسلام ان کی انتخابی مہم چلائے گا
حلقہ این اے 59سے مسلم لیگ ن کے امیدوار انجنئیر قمر الاسلام راجہ کی گرفتاری کے بعد ان کا 12سالہ بیٹا سالار اسلام ان کی انتخابی مہم چلائے گا وہ آج بروز بدھ صبح دس بجے کلر سیداں کے نواحی قصبے چوکپنڈوری سے کارکنوں کی ایک ریلی کے ساتھ راولپنڈی جا کر ریٹرننگ آفیسر کو اپنے والد انجنیر قمر الاسلام راجہ کی این اے 59اور پی پی 10سے ن لیگ کی نامزدگی کے ٹکٹ پیش کریں گے ۔انہوں نے کل کے واقع کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے والد قمر الاسلام کے ہمراہ صبح ساڑھے نو بجے نیب دفتر پہنچے ابو انہیں سڑ ک پر چھوڑ کر نیب کے دفتر کے اندر چلے گئے اور وہ باہر سڑک پر شام گئے تک ابو کی واپسی کا انتظار کرتا رہا مگر ان کے والد کو انہیں صورتحال سے مطلع کرنے کی بھی اجازت نہ دی گئی۔سالا ر اسلام کا کہنا تھا کہ وہ حالات سے خوفزدہ نہیں این اے59اور پی پی 10کی غیور عوام اور بزرگ میری طاقت ہیں ہر صورت الیکشن لڑیں گے عوام اس عمل میں میرا ساتھ دیں ہم سب قمر الاسلام ہیں ۔ادھرحلقہ این اے59سے مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار انجنئیر قمر الاسلام راجہ کی گرفتاری اور 14روزہ ریمانڈ پر کلر سیداں کے قریب چوکپنڈوڑی میں کارکنوں نے احتجاج کیا ،تین سو کے قریب کارکن ان کے دفتر میں جمع ہوئے جنہوں نے اس سارے واقع کو انتقامی کاروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ قمر الاسلام کو ن لیگ کا ٹکٹ قبول کرنے کی سزا دی گئی ۔نیب نے چند ایام قبل خود انہیں کلین چٹ دی جس کے بعد ان کے کاغذات نامزدگی درست قرار دئیے گئے مسلم لیگ ن کا ٹکٹ ملتے ہی انہیں گرفتار کر لیا گیا۔
آئندہ انتخابات میں انتخابی مہم چلانے پر پابندی عائد
لوکل گورنمنٹ پنجاب نے صوبہ بھر کے تمام میرز ،ڈپٹی میرز،ضلع کونسل ہائے ،میونسپل کمیٹیز اور یونین کونسلوں کے چیئر مین وائس چیئر مین پر آئندہ انتخابات میں انتخابی مہم چلانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ایک سرکلر میں کہا گیا ہے کہ صوبہ بھر کا کوئی بھی میر ڈپٹی میر ،چیئرمین،وائس چیئرمین کسی بھی الیکشن مہم میں شمولیت نہیں کر سکتا۔بلدتاتی ارکان 2018کی انتخابی مہم کا حصہ بننے سے گریز کریں ورنہ ان کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
حضرت سید بابا پیر کرم شاہ بادشاہ بخاری کا سالانہ عرس مبارک
حضرت سید بابا پیر کرم شاہ بادشاہ بخاری کا سالانہ عرس مبارک مورخہ یکم تا 3 جولائی بمقام لٹوال سیداں (بھلاکھر) میں منعقد ہو رہا ہے ۔یکم جولائی کی صبح دربار شریف کو غسل دیا جائے گا اور چادر چڑھائی جائے گی جہاں پیر بشیر حسین شاہ دعا کریں گے۔2 جولائی سید بادشاہ بخاری (مرحوم) کے گھر دعا ہو گی اور لنگر تقسیم کیا جائے گا جبکہ 3 جولائی کی شام سیداں میراں شادہ بخاری (مرحوم) کے گھر دعا ہو گی اور لنگر تقسیم کیا جائے گا۔
بااثر افراد کی ملی بھگت سے مظلوم پارٹی کا ساتھ دینے کی بجائے پانچ افراد کیخلاف جھوٹا مقدمہ درج
پولیس گردی کی انتہا،تھانہ کلر سیداں پولیس کے سب انسپکٹر ملک کرامت علی نے بھاری رشوت لے کر اور بااثر افراد کی ملی بھگت سے مظلوم پارٹی کا ساتھ دینے کی بجائے پانچ افراد کیخلاف جھوٹا مقدمہ درج کر دیا۔محمد رمضان نے کلر سیداں میں صحافیوں کو بتایا کہ محمد ظریف اور اس کے دو بیٹوں فہد ظریف اور شہر یار ظریف نے گھر میں داخل ہو کر اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور پولیس سے ملی بھگت کر کے میرے سمیت ، مقامی صحافی راجہ انوار الحق،احترام الحق،نعمان عزیر،امیر حمزہ اور رئیس احمد جو موقع پر موجود ہی نہیں تھے کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کروا دیا۔ رمضان حسین سکنہ سکوٹ نے تھانہ کلر سیداں میں دی گئی درخواست میں تحریر کیا تھا کہ میں بسلسلہ روزگار سعودی عرب مقیم ہوں اور آج کل تعطیلات گزارنے پاکستان آیا ہوا ہوں۔گزشتہ روز شام چھ بجے اپنے گھر کے باہر بارش کے پانی کی نکاسی کر رہا تھا کہ مسمی شہر یارموٹر سائیکل پر تیزی سے گزرا جس سے میرے کپڑے خراب ہو گئے۔میں نے اسے کہا کہ بارش کے دنوں میں آرام سے موٹر سائیکل چلایا کروجس پر وہ مجھے برا بھلا کہتا ہوا گھر روانہ ہو گیااور اپنے والد ظریف اور بھائی فہد کو ڈنڈوں سے مسلح کر کے میرے گھر بھیجوا دیا۔میں گھر کے دروازے سے جونہی باہر نکلا ،تینوں نے ڈنڈوں سے مجھ پر حملہ کر دیاجس سے میں گر پڑا اور اسی دوران انہوں نے مجھ گرے ہوئے کو لاتوں اور مکوں سے تشدد کا نشانہ بنایاور گھر کی خواتین کو بھی گندیاں گالیاں دیں۔رمضان نے بتایا کہ ملزمان کیخلاف تھانہ کلر سیداں میں درخواست دی اور میری درخواست پر کارروائی کرنے کی بجائے الٹا ہمیں ہی ملزم بنا دیا گیا ۔ادھر راجہ محمد ظریف نے مقدمہ درج کراتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ میں مسمی راجہ ظریف اور میرا بیٹا محمد جنید ظریف وکالت کے پیشے سے منسلک ہیں۔گزشتہ روز ہم دونوں کچہری راولپنڈی سے فارغ ہو کر گھر آ رہے تھے اور شام ساڑھے چھ بجے ہم اپنے گھر کے قریب گلی میں پہنچے تو وہاں محمد رمضان ،نعمان ،عزیز الحق،حمزہ ،احترام الحق ،رئیس اور انوار الحق موجود تھے،محمد رمضان نے للکارا لگایا آج تمہیں میرے بہنوئی رئیس کیساتھ مقدمے بازی کا مزہ چکھاتا ہوں اور ساتھ ہی رمضان نے میری بائیں آنکھ پر آہنی مکہ دے مارا اور باقی اشخاص نے لاتوں مکوں سے پٹائی کی۔ رمضان حسین نے چیف جسٹس آف پاکستان سمیت آر پی او راولپنڈی ریجن اور سی پی او سے صورتحال کا سختی سے نوٹس لینے اور ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کروانے کی ہدایت جاری کرنے کی اپیل کی ہے۔
کلر سیداں کے نواحی علاقہ میں تین بچوں کی ماں مبینہ طور پر کرنٹ لگنے سے جاں بحق
کلر سیداں کے نواحی علاقہ میں تین بچوں کی ماں مبینہ طور پر کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گئی۔پولیس کے مطابق 30 سالہ مسماۃ (ح) خالد اپنے گھر واقع گنگوٹھی میں واشنگ مشین آن کر کے کپڑے دھو رہی تھی کہ اسی دوران کرنٹ لگنے سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی ،اس موقع پر ماں کو بچانے کیلئے بچی آگے لپکی تو اسے بھی کرنٹ کا جھٹکا لگا تا ہم وہ بچ گئی۔ادھر واقعہ کو مشکوک قرار دیتے ہوئے متوفیہ کے والد صوبیدار (ر) خالق سکنہ کہوٹہ نے پولیس کو پوسٹمارٹم کی درخواست دے دی جس پر پولیس نے نعش کو قبضہ میں لے کر ٹی ایچ کیو ہسپتال کلر سیداں میں پوسٹمارٹم کروانے کے بعداسے خاوند کی بجائے اس کے والد کے حوالے کر دیا۔پولیس کے مطابق 8 برس قبل متوفیہ کی شادی چوکپنڈوری کے نواحی علاقہ کے رہائشی خالد محمود سے ہوئی تھی جس کے بطن سے دو بیٹیاں اور ایک بیٹا بھی ہے۔