DailyNewsKallar Syedan

Kallar Syedan, Condemnation and fake allegation after arrest of Qamar Ul Islam

دونوں کی مذمت ضروری ہے‘قید کی بھی اور جھوٹے الزام کی بھی!

کلر سیداں،الزام یہ ہے کہ انجینئرقمرالاسلام نے84واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کاٹھیکہ غیرقانونی طورپر مہنگے داموں دیا۔واٹرپلانٹس چارتحصیلوں میں لگائے جانے تھے، بدنیتی کے ذریعے بولی کے کاغذات میں انجینئرقمرالاسلام راجہ نے مالی تخمینہ بڑھا کر ظاہر کیا اور پروکیورمنٹ کمیٹی کے انچارج کی حیثیت سے ایس بی پمپس نامی کمپنی کو102واٹر فلٹریشن پلانٹس کامہنگے داموں ٹھیکہ دیا، جسے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے منظوری دی۔
یہ الزامات درست ہیں یا غلط، میرا اس سے کوئی سروکار نہیں لیکن جس طرح ان کی گرفتاری کی گئی وہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔ وہ الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے نامزد امیدوار تھے، وہ ایک قومی اور دوصوبائی حلقوں سے الیکشن میں حصہ لے رہے تھے، وہ سابق وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان کے مقابلے میں میدان میں تھے۔ ایسے وقت میں جب پولنگ کو ایک ماہ سے بھی کم عرصہ رہ گیاہے، ایک امیدوار کی گرفتاری الیکشن سے قبل دھاندلی سمجھی جائے گی۔ نیب پر عوام کااعتماد پہلے ہی اٹھا ہواہے۔ جس طرح اس نے ماضی قریب میں احتساب کوجاری رکھا، اور خاص خاص اشخاص کونشانے پر دھرا، اس کی کریڈی بلٹی ختم ہوکررہ گئی ہے، رہی سہی کسر اس گرفتاری نے پوری کردی۔ الیکشن شیڈول کے اعلان کے بعد اس معاملے کو التواء میں ڈالا جاسکتاتھا، جیسے میاں شہبازشریف کومہلت دی گئی ، ایسے ہی انھیں بھی مہلت دی جاسکتی تھی لیکن نہ جانے نیب کو ایسی کیاجلدی تھی کہ یہ گرفتاری کرکے اس نے اپنی ناک کٹوا لی۔ انجینئرقمرالاسلام کی گرفتاری کی جس قدرمذمت کی جائے کم ہے اور اس گرفتاری کو دیگرسیاسی جماعتیں بھی اچھی نظر سے نہیں دیکھ رہیں۔
دوسری جانب اس گرفتاری کاالزام سابق وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان پر لگانا، بددیانتی کی انتہاہے۔ بغیرکسی شہادت وثبوت کے چوہدری نثارعلی خان پر لعن طعن کرنے سے لوگوں کی ذہنی پستی سامنے آرہی ہے۔ چوہدری نثارنے خود بھی اس گرفتاری کی شدیدالفاظ میں مذمت کرکے یہ ثابت کیاہے کہ وہ اس عمل سے بیزار ہیں۔ یہ سوال انتہائی اہم ہے کہ کیا نیب کے سرابرہ چوہدری نثارعلی خان کے بھائی یا ان کے چہیتے ہیں؟ کیا نیب کاادارہ چوہدری نثارعلی خان کے اشارے پر چل رہاہے؟ کیا نیب میں یہ معاملہ ٹکٹ تقسیم کے بعد لایاگیاہے؟ کیا نیب چوہدری نثارعلی خان کے حکم کے تابع ہے؟ اگران سوالات کا جواب نفی میں ہے تواس گرفتاری کاکیچڑچوہدری نثارعلی خان پر ڈالنا کسی طورمناسب نہیں۔ 
درست بات یہ ہے کہ ہم ہر معاملے کو سیاست کی نظرسے دیکھنے کے شوقین ہوگئے ہیں۔ کسی پر الزام لگانا ہماری عادت بن چکی ہے اور ہم بغیرکسی ڈر اور خوف کے اپنے مخالف پر ہرالزام عائد کرنے کے لئے تیار رہتے ہیں۔ میرے خیال میں جہاں انجینئرقمرالاسلام راجہ کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت ضروری ہے ، وہیں ایسے عناصرکی مذمت بھی ضروری ہے جو اس گرفتاری کاالزام چوہدری نثارعلی خان پرلگاتے ہیں۔ نیب کی اس سے بڑی زیادتی کیاہوسکتی ہے کہ اس منصوبے کے سربراہ اور حقیقی منصوبہ ساز میاں شہبازشریف کوتو الیکشن کے اختتام تک وقت دے دیاگیااور اس منصوبے کے ایک چھوٹے سے کردار کوگرفتارکرکے ان کی سیاسی زندگی کوداؤ پر لگادیاگیا۔

 

Show More

Related Articles

Back to top button