Kallar Syedan; Shahid Khaqan Abbassi address in Mankiala
شاہد خاقان عباسی نےمانکیالہ میں اپنے پہلے انتخابی جلسے سے خطاب
سابق وزیر اعظم اور حلقہ این اے 57سے مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ 2013میں جب ہمیں اقتدار ملا تو دہشتگردی پورے عروج پر تھی ،معشیت بیٹھ چکی تھی انرجی بحران سمیت کئی دیگر مسائل ورثے میں ملے ہم نے دن رات محنت کی اور نہ صرف دہشتگردی کا خاتمہ کیا بلکہ انرجی بحران حل کیا بجلی کے کارخانے لگائے ائر پورٹ بنے موٹر ویز بنی ،یونیورسٹیز بنیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کی شام چیئر مین یوسی لوہدرہ محمد نوید بھٹی کی دعوت پر مانکیالہ میں اپنے پہلے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں چیئر مین مغل ملک نور احمد نوری، وائس چیئر مین راشد محمود، وائس چیئر مین راجہ محمد یونس، چیئر مین محمد زبیر کیانی، وائس چیئر مین ظفر عباس مغل کے علاوہ راجہ عبدالقیوم ،مولانا محمد فہیم نے بھی خطاب کیا۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ31برس سے سیاست میں ہوں آٹھ بار الیکشن لڑ چکا ہوں نویں بار حصہ لے رہا ہوں الیکشن کمیشن نے میرا حلقہ تبدیل کیا پرانے حلقے کے لوگوں سے ہمیشہ محبت کا رشتہ قائم رہا میری سیات کا مقصد عوام کی خدمت اور ان کی عزت نفس کا تحفظ ہے جو دوسروں کی عزت نہیں کر سکتا وہ قوم کے مسائل بھی حل نہیں کر سکتا۔میں نے سیاست میں سیاسی رشتوں کو ذاتی رشتوں میں بدلا ،میں دھانگلی جاؤ ں یا بناھل نرڑ جاؤں یا پھگواڑی میں محسوس کرتا ہوں کہ میں اپنے گھر میں ہوں اسی طرح کے رشتے نئے حلقے کے لوگوں کے ساتھ بھی استوار رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن جب بھی اقتدار میں آئی ملک میں ترقیاتی کاموں کے جال بچھے،جنرل مشرف کے نو سال اور آصف زرداری کے پانچ سالوں میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا،ہم نے مشکل حالات میں پانچ سال پورے کئیے ہمارا راستہ روکنے کے لیے دھرنے اور دیگر بحران پیدا کئیے گئے ۔اس کے باوجود ہم نے 1700کلو میٹرز موٹر ویز بنائیں ملک بھر میں سڑکوں کا جال بچھایا معشیت کو بہتر کیا ملک کو دہشتگردی اور انرجی بحرانوں سے نجات دلائی ہم نے نہ صرف گزشتہ منصوبوں کو مکمل کیا بلکہ جو منصوبے ہم نے شروع کئیے ہم نے پانچ سالہ مدت میں انہیں مکمل بھی کیا۔لواری ٹنل کے منصوبے کا آغاز ذوالفقار علی بھٹو نے کیا تھا اس وقت میں پشاور میں میں میٹرک کا طالب علم تھا۔اس منصوبے کو نواز شریف نے 28ارب خرچ کر کے گزشتہ برس مکمل کیا،کچھی کینال کا ساڑھے تین سو کلو میٹرز کا منصوبہ 28برس تک التوا کا شکار رہا اسے بھی نواز شریف حکومت نے مکمل کیا بجلی کے کارخانے لگائے بندرگاہیں بنائیں ائر پورٹ بنائے پہلی حکومتوں کے پاس بھی وسائل تھے انہیں حالات بھی بہتر ملے تھے مگر مشرف اور زرداری نے کوئی منصوبہ شروع نہ کیا۔میں نے 21برس اپوزیشن میں گزارے بڑی مار کھائی ماضی کی طرح آج بھی اپنی قیادت کے ساتھ کھڑا ہوں اور مجھے اس پر کوئی شرمندگی نہیں ہم نے قوم کی خدمت کی اور حالات کو بہتر بنایا۔2013میں جب پاکستان ہمیں ملا تھا آج اس سے بہت بہتر پاکستان چھوڑ کر اقتدار سے الگ ہوئے ہیں اب فیصلے عوام نے کرنے ہیں سیاسی اور انتخابی فیصلے عدالتیں نہیں کرتیں۔ہم نے بہت تجربات کر لئیے اقتدار کے فیصلے صرف پولنگ سٹیشنوں پر ہوتے ہیں ،عوام کو آزادانہ فیصلہ کرنے کا موقع دیا جائے تو وہ ملک کی تقدیر بدلنے کے لیے فیصلہ دیتے ہیں اور اس کے دورس اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ہم نے ہمیشہ شرافت خدمت اور عزت کی سیاست کی ہمارے پانچ سالہ دور حکومت میں ہم پر بہت سے الزامات لگے مگر کوئی بھی مسلم لیگ ن اور نواز شریف پر کرپشن کا الزام نہیں لگا سکتا کیوں کے ہم نے روز اول سے ہی فیصلہ کر لیا تھا کہ کرپشن قبول نہیں کریں گے ماضی میں کرپشن ہوتی رہی اس بار بھی سندھ،بلوچستان اور کے پی کے کی حکومتوں میں کرپشن ہوتی رہی وفاق اور پنجاب کی حکومت پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔میں دس ماہ تک وزیر اعظم رہا میں اپنی جماعت پر لگنے والے ہر الزام کا جواب دینے کے لیے حاضر ہوں اگر کسی نے کام کا موازنہ کرنا ہے تو وہ مشرف زرداری کے ساتھ ہمارے پانچ سالہ دو ر کا بھی موازنہ کرے ۔میں ہر قسم کے مناظرے کے لیے حاضر ہوں ،کسی کام پر شرمندہ نہیں اپنی بساط کے مطابق قوم کی خدمت کی معشیت کو مضبوط کیا سرحدوں کو مضبوط کیا انتشار کا خاتمہ کیا کراچی دنیا کے پانچ خطرناک شہروں میں شامل تھا یہ ہماری معشیت کی ریڑھ کی ہڈی ہے ہم نے اس کی روشنیاں بحال کیں اور اسے امن کا گہواہ بنایا۔مغربی سرحد پر ہماری مسلح افواج نے بڑی قربانیاں دے کر دہشتگردی کا خاتمہ کیا فاٹا ری فارمز مشرف اور زرداری نے نہیں ہماری حکومت نے کی ۔ہم نے لوگوں کے ووٹوں کی پاسداری کی اور ملک کے مستقبل کو بہتر اور محفوظ بنایا ،دعوؤں اور وعدوں سے نوجوانوں کو روزگار فراہم نہیں کیا جا سکتا روزگار کا واحد ذریعہ معشیت کی مضبوطی ہے اور یہ دنیا کا آزمودہ نسخہ ہے ۔ہم نے تباہی کے دہانے پر کھڑی معشیت کو مضبوط کیا اور تین فیصد گروتھ ملنے والی معشیت کو چھ فیصد پر چھوڑ کر آئے ہیں انہوں نے کہا کہ ووٹ کو عزت دینا ہو گی اور اس کے لیے غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد ضروری ہے ۔غیر جمہوری قوتوں کے ذریعے ملک ترقی نہیں کر سکتا جو حکومت منصفانہ انتخابات کے نتیجے میں عوام کی پرچی سے قائم ہو گی وہی ملک کے مسائل حل کر سکے گی ۔ملک کی کوئی بھی سیاسی جماعت ملک کے خلاف نہیں مگر مسلم لیگ ن ہی واحد جماعت ہے جو ملک کو استحکام دے سکتی ہے ۔دیگر جماعتوں کے پاس وہ صلاحیت اہلیت اور نیت نہیں جس سے مسائل حل ہوں ۔25جولائی کا فیصلہ عوام کی امانت ہے ،بلاشبہ اس کے نتیجے میں مسلم لیگ ن ایک بار پھر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کر گی ،انہوں نے عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ جس پارٹی لیڈر کی تقریر کا نوے فیصد حصہ دوسروں کو گالیاں دینے میں گزرے آپ اس سے کوئی توقع وابستہ نہیں کر سکتے ،یہ بے بنیاد الزام لگا تے ہیں ہمارہ دعوی ہے کہ مسلم لیگ ن ہی ملک اور قوم کے مسائل حل کر سکتی ہے ۔
راجہ شاہ رخ پرویز نے,کلر سیداں کی یوسی کنوہا کے گاؤں موہڑہ وینس میں راجہ کامران کی رہائش گاہ پر عمائدین علاقہ سے گفتگو
پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کے صاحبزادے بریسٹر راجہ شاہ رخ پرویز نے کہا ہے کہ ان کے والد نے اپنی وزارت عظمی کے مختصر ترین دور میں بھی گوجر خان تحصیل میں کروڑوں روپے کے منصوبے مکمل کروائے اور ہزاروں کی تعداد میں بے روزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کلر سیداں کی یوسی کنوہا کے گاؤں موہڑہ وینس میں راجہ کامران کی رہائش گاہ پر عمائدین علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے یقین دلایا کہ راجہ پرویز اشرف منتخب ہونے کے بعد علاقہ کی پسماندگی کو ترجیح بنیادوں پر ختم کریں گے اور ان علاقوں کو تحصیل گوجر خان کے ہم پلہ بنانے پر اپنے وسائل استعمال کریں گے۔اس موقع پر انہوں نے یونین کونسل کنوہا کے مختلف دیہات کا بھی دورہ کیا اور بلدیاتی نمائندوں سمیت دیگر سیاسی شخصیات سے ملاقات کی اور انہیں درخواست کی کہ وہ 25 جولائی کے اپنی ووٹ کی پرچی کا صیح استعمال کر کے راجہ پرویز اشرف جیسے ایک با صلاحیت اور عوام دوست نمائندے کا انتخاب کریں تا کہ علاقہ کی پسماندگی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔اس دوران متعدد برادریوں اور سماجی و سیاسی شخصیات نے ان کے والد راجہ پرویز اشرف کی حمایت اور سپورٹ کا اعلان کیا۔
این اے59اور پی پی 10سے مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار انجنیئر قمر الاسلام راجہ
این اے59اور پی پی 10سے مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار انجنیئر قمر الاسلام راجہ کا تعلق کلر سیداں کی یوسی گف کے گاؤں بکھڑال سے ہے یہ 2008میں ق لیگ کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے تھے بعد ازاں پنجاب میں گورنر راج کے نفاذ کے ساتھ ہی یہ مسلم لیگ ن کی حمایت میں ق لیگ کے فارورڈ بلاک میں شامل ہو گئے تھے۔انہوں نے 2013میں مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا اور پنجاب بھر میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی یہ اعلیٰ تعلیم یافتہ اور بیورو کریٹ نوجوان ہیں یہ انجنیرنگ یونیورسٹی لاہور کی سٹوڈنٹ تنظیم کے صدر بھی رہے ۔پنجاب میں انرجی کارخانوں کی تعمیر اور بطور چیئر مین ایجوکیشن فاؤنڈیشن تیس لاکھ بچوں کو مدارس میں داخل کرایا۔یہ سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے ساتھ رکن پنجاب اسمبلی تھے چوہدری نثار علی خان اور لیگی قیادت کے درمیان اختلافات کے نتیجے میں مسلم لیگ ن نے انہیں این اے59اور پی پی 10سے اپنا امیدوار نامزد کیا ہے یاد رہے کہ ان دونوں نشستوں پر چوہدری نثار علی خان بھی امیدوار ہیں پی ٹی آئی نے این اے59میں غلام سرور خان کوامیدوار نامزدکر رکھا ہے جبکہ پی ٹی آئی کے کرنل اجمل صابر نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرا رکھے ہیں ۔
تاحال پی ٹی آئی نے پی پی 7میں کسی کو امیدوار نامزد نہیں کیا
پی ٹی آئی کے رہنما سابق تحصیل ناظم راجہ طارق محمو د مرتضیٰ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے تاحال حلقہ پی پی 7میں کسی امیدوار کی نامزدگی کا اعلان نہیں کیا ہے اس بارے میں کارکن افواؤں پر کان نہ دھریں ۔پی ٹی آئی جب امیدوار نامزد کرے گی تو وہ از خود اس کا اعلان کرے گی۔انہوں نے کہا کہ تاحال پی ٹی آئی نے پی پی 7میں کسی کو امیدوار نامزد نہیں کیا۔