Kallar Syedan; elderly lady given lift and then robbed
معمر خاتون کو لفٹ مہنگی پڑی ، نوسربازوں کے بہانے خاتون کو طلائی زیورات اور نقدی سے محروم کر دیا
معمر خاتون کو لفٹ مہنگی پڑی ، نوسربازوں کے بہانے خاتون کو طلائی زیورات اور نقدی سے محروم کر دیا اور ویرانے میں پھینک کر فرار ہو گئے۔کلر سیداں کے نواحی محلہ غوثیہ کے رہائشی جہانگیر مغل کی والدہ کسی فوتگی پر جانے کیلئے مہیرہ اسٹاپ کر گاڑی کا انتظار کر رہی تھی کہ اسی دوران ایک کار اس کے قریب آ کر رکی اور اسے لفٹ دے کر اپنے ساتھ بیٹھا لیا اور راستے میں طلائی انگوٹھی سمیت دیگر طلائی زیورات اتروا لئے اور نقدی بھی چھین لی۔بعد ازاں معمر خاتون کو چھپر اسٹاپ کے قریب ایک ویران جگہ پر گاڑی سے اتار کر فرار ہو گئے۔جہانگیر مغل نے بتایا کہ وہ واقعہ کی رپورٹ درج کروانے تھانہ کلر سیداں پولیس گئے جہاں ڈیوٹی پر موجود پولیس آفیسر نے وقوعہ چوکپنڈوری کی حدود میں ہونے کی وجہ سے پولیس چوکی چوکپنڈوری میں رپورٹ درج کروانے کا مشورہ دے کر جان چھڑا لی۔
بزرگ مسلم لیگی رہنما شیخ محمد اکرم نے کلر سیداں میں بجلی کی غیر منصفانہ لوڈ شیڈنگ پر شدید احتجاج
بزرگ مسلم لیگی رہنما شیخ محمد اکرم نے کلر سیداں میں بجلی کی غیر منصفانہ لوڈ شیڈنگ پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ آئیسکو حکام نے کلر سیداں سے متعصبانہ رویہ اختیار کر رکھا ہے اس وقت ارد گرد کے علاقوں کو نسبت کلر سیداں میں سب سے زیادہ لوڈ شیڈنگ کی جاتی ہے د ن ہو یا رات اکثر اوقات بجلی غائب رہتی ہے سحری او رتراویح کے اوقات میں بھی بجلی بند کر کے کلر سیداں کے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کیا جا رہا ہے ۔آئیسکو حکام کی غیر ذمہ داری اور نا اہلی کی سزا کلر سیداں کے لوگوں کو دینا انصاف نہیں ہے رمضان المبارک کے دوران بجلی کی مسلسل بند ش شہریوں کو خوار کرنے کے سوا کچھ بھی نہیں آئیسکو حکام ہوش کے ناخن لیں ۔
فیصل کالونی مسلم لیگ ن کا گڑھ ہے, عالمگیر خان درانی
وائس چئیر مین یوسی 77عالمگیر خان درانی نے کہا ہے کہ فیصل کالونی مسلم لیگ ن کا گڑھ ہے ن لیگ کے نامزد امیدوار کی کامیابی یقینی ہے انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر ایک افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں جس بھاری اکثریت سے یہاں سے چوہدری نثار علی خان کامیاب ہوتے رہے ہیں اسی طرح آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ کے نامزد امیدوار کی کامیابی یقینی ہے ہم کل کی طرح آنے والے کل میں بھی نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہوں گے اور ن لیگ کے ٹکٹ یافتہ امیدوار کا بھر پور ساتھ دے کر مسلم لیگ ن سے اپنی محبت کا اظہار کریں گے ۔
کلر سیداں میں رمضان سستا بازار عملاً ناکام
کلر سیداں میں رمضان سستا بازار عملاً ناکام ،بلدیہ کے ملازمین نے رمضان سستا بازار کی رونق کو بڑھانے کے لیے گزشتہ روز کلر سیداں کے مختلف بازاروں سے درجن کے قریب ریڑھیاں قبضہ میں لے کر انہیں رمضان سستا بازار منتقل کر دیا۔یاد رہے کہ رمضان سستا بازار کلر سیداں میں دن کوبھی الو بولتے ہیں کوئی خریدار ادھر کا رخ نہیں کرتا جس کی وجہ سے وہاں موجود دوکاندار وقفے وقفے سے وہاں سے کھسکنا شروع ہو جاتے ہیں۔انتظامیہ نے رمضان سستا بازار میں تین سو پچاس روپے فی کلو گوشت کے نرخ مقرر کر رکھے ہیں جہاں اس نرخ میں صرف ہڈیاں ہی فراہم کی جاتی ہیں درست گوشت طلب کرنے پر قصاب قہرآلود نظروں سے آگے چلنے کا حکم سناتا ہے گویا یہ بازار عملاً بری طرح سے ناکام ہو چکا ہے ۔
کلر سیداں اور گردونواح میں بجلی تقریباًنایاب سحری اور تراویح کے اوقات میں بھی بجلی ندارد ،روزے داروں کو شدید ترین مشکلات کا سامنا
کلر سیداں اور گردونواح میں بجلی تقریباًنایاب سحری اور تراویح کے اوقات میں بھی بجلی ندارد ،روزے داروں کو شدید ترین مشکلات کا سامنا ۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی ختم ہونے والی حکومت کا دعوٰی تھا کہ ہم نے 11ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں ڈال کر لوڈ شیڈنگ ختم کر دی مگر صرف کلر سیداں میں لوڈ شیڈ نگ کا دورانیہ 12گھنٹوں سے بھی تجاوز کر گیا ہے ۔ہر نصف گھنٹے بعد بجلی بند کر دی جاتی ہے سحری کے اوقات میں بھی کلر سیداں شہر اور بجلی بند رہتی ہے جس سے سحری کی تیاریوں میں مشکلات کا سامنا ہے دن کے اوقات میں جب سورج سوا نیزے سے زمین پر آگ کے گولے برساتا ہے تو بجلی بند کر دی جاتی ہے اور جو بجلی فراہم کی جا رہی ہے اس کے وولٹیج اس قدر کم ہیں کہ بجلی کے آلات نے جلنا شروع کر دیا۔