07 November 2026DailyNewsHeadlineOverseas newsPothwar.com
London; Humaira Batool Jailed for 10 Years Over Friend’s Death in Lamborghini Crash
لندن; دوست کی ہلاکت کا سبب بننے والی حمیرا بتول کو 10 سال قید
لندن (پوٹھوار ڈاٹ کوم، محمد نصیر راجہ، 7 نومبر 2026): برطانیہ میں دوست کی ہلاکت کا سبب بننے والی 26 سالہ حمیرا بتول کو عدالت نے 10 سال قید کی سزا سنا دی۔ ملزمہ نے کرائے پر حاصل کی گئی مہنگی لیمبورگینی گاڑی تیز رفتاری کے باعث شاہراہ پر بے قابو کر دی تھی، جس کے نتیجے میں گاڑی حفاظتی رکاوٹ سے ٹکرا کر الٹ گئی اور آگ لگنے سے اس میں سوار 20 سالہ محمد شان حسین جاں بحق ہو گئے تھے۔
یہ حادثہ دسمبر 2022 میں مغربی یارکشائر کے علاقے رپنڈن کے قریب شاہراہ ایم 62 پر پیش آیا۔ تقریباً دو لاکھ پاؤنڈ مالیت کی لیمبورگینی گاڑی حادثے کے بعد الٹ کر آگ کی لپیٹ میں آگئی تھی۔
عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران جیوری کو بتایا گیا کہ بریڈفورڈ سے تعلق رکھنے والی حمیرا بتول حادثے سے کچھ دیر قبل بارش اور گیلی سڑک کے باوجود گاڑی 140 میل فی گھنٹہ، یعنی تقریباً 230 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلا رہی تھی۔
سزا سناتے ہوئے جج رے سنگھ نے کہا کہ محمد شان حسین کی موت حمیرا بتول کے اس فیصلے کا نتیجہ تھی جس کے تحت اس نے رات کے اندھیرے اور گیلی شاہراہ پر انتہائی طاقتور گاڑی کو غیر معمولی اور خطرناک رفتار سے چلایا۔
جج نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ یہ محض لمحاتی غفلت کا معاملہ نہیں تھا بلکہ ملزمہ نے جان بوجھ کر ایسی رفتار اختیار کی جس سے نہ صرف اس کی اپنی بلکہ گاڑی میں سوار مسافر اور دیگر سڑک استعمال کرنے والوں کی زندگیوں کو بھی شدید خطرہ لاحق تھا۔ افسوسناک طور پر یہی خطرہ ایک نوجوان کی جان لے گیا۔
عدالت کو بتایا گیا کہ محمد شان حسین بھی بریڈفورڈ کا رہائشی تھا اور اس نے یہ گاڑی کرائے پر حاصل کی تھی۔ حادثے سے قبل دونوں دوست لیڈز کی جیل جا رہے تھے تاکہ وہاں سے اپنے ایک دوست کو لے سکیں۔ دوران سفر دونوں نے ڈرائیونگ کی نشستیں تبدیل کیں اور حمیرا بتول کے گاڑی کا اسٹیئرنگ سنبھالنے کے صرف آٹھ سیکنڈ بعد گاڑی شاہراہ سے اتر کر حادثے کا شکار ہوگئی۔
مقدمے کی سماعت کے دوران حمیرا بتول نے حادثے کی ذمہ داری محمد شان حسین پر ڈالنے کی کوشش کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ گاڑی چلاتے ہوئے شان نے اس کی طرف ہاتھ بڑھا کر گاڑی کے کسی کنٹرول کو چھوا تھا، جس سے گاڑی کی رفتار اچانک بڑھ گئی۔ تاہم جیوری نے اس مؤقف کو مسترد کر دیا۔
جج نے کہا کہ مقدمے کے دوران گاڑی میں فنی خرابی، سڑک پر پانی کی وجہ سے پھسلنے اور محمد شان کی جانب سے گاڑی کے نظام میں چھیڑ چھاڑ سمیت مختلف متبادل وجوہات پیش کی گئیں، لیکن جیوری نے تمام دلائل مسترد کر دیے اور عدالت بھی ان وضاحتوں سے اتفاق نہیں کرتی۔
عدالت نے حمیرا بتول کو 10 سال قید کی سزا سنانے کے علاوہ 10 سال کے لیے گاڑی چلانے سے نااہل قرار دے دیا۔ سزا مکمل ہونے کے بعد دوبارہ گاڑی چلانے کی اجازت حاصل کرنے کے لیے اسے خصوصی توسیعی امتحان بھی پاس کرنا ہوگا۔
London (Pothwar.com – Mohammad Naseer Raja, November 7, 2026): Humaira Batool, who caused the death of her friend when she lost control of a rented Lamborghini and crashed into a motorway barrier, has been jailed for 10 years.
Mohammed Shaan Hussain, 20, died when Humaira Batool crashed the £200,000 supercar on the M62, near Ripponden, in West Yorkshire, in December 2022, causing it to flip over and burst into flames.




