04 July 20226DailyNewsGujarKhanHeadlinePothwar.com
Gujar Khan: Aero Thrust Drone Emerges as a Powerful Surveillance Solution, Bilal Malik
گوجر خان: ایرو تھرسٹ ڈرون جدید فضائی نگرانی میں اہم پیش رفت، بلال ملک

گوجر خان (پوٹھوار ڈاٹ کام | 4 جولائی 2026): جدید فضائی نگرانی (سرویلنس)، صنعتی مانیٹرنگ اور ہنگامی صورتحال میں فوری معلومات کے حصول کی بڑھتی ہوئی ضرورت کے پیش نظر ایرو تھرسٹ سسٹمز پرائیویٹ لمیٹڈ نے ایک جدید لانگ رینج سرویلنس ڈرون متعارف کرایا ہے، جو جدید مواصلاتی ٹیکنالوجی سے لیس ہونے کے باعث دور دراز علاقوں میں مؤثر نگرانی کی صلاحیت رکھتا ہے۔
گوجر خان کے نواحی گاؤں با نٹھ سے تعلق رکھنے والے محمد بلال ملک، جو ایرو تھرسٹ سسٹمز پرائیویٹ لمیٹڈ کے شریک بانی (کو فائونڈر) ہیں، نے بتایا کہ کمپنی نے اس ڈرون کو جدید تقاضوں کے مطابق تیار کیا ہے تاکہ سکیورٹی ادارے، صنعتی شعبہ، زرعی ماہرین اور دیگر ادارے طویل فاصلے تک نگرانی کے فرائض مؤثر انداز میں انجام دے سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ ایرو تھرسٹ ڈرون کی نمایاں خصوصیت اس کا اور فائیو جی موبائل کمیونیکیشن نیٹ ورکس کے ذریعے آپریٹ ہونے کا نظام ہے، جس کی بدولت روایتی ریڈیو فریکوئنسی سسٹمز کی حدود سے کہیں زیادہ فاصلے پر بھی ڈرون کو کنٹرول اور مانیٹر کیا جا سکتا ہے۔
محمد فصیح ملک جو کالج سٹوڈنٹ ہیں، کے مطابق یہ ڈرون جہاں بھی موبائل نیٹ ورک دستیاب ہو، وہاں سے آسانی سے آپریٹ کیا جا سکتا ہے اور آپریٹر سے 50 سے 60 کلومیٹر تک کے فاصلے پر پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس خصوصیت کے باعث یہ ڈرون سرحدی نگرانی، اہم تنصیبات کے معائنے، زرعی زمینوں کی نگرانی، قدرتی آفات کے دوران صورتحال کا جائزہ لینے، سکیورٹی آپریشنز اور صنعتی نگرانی جیسے متعدد شعبوں میں مؤثر ثابت ہو سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جدید سیلولر کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کی بدولت ڈرون سے حاصل ہونے والی ویڈیو فیڈ اور دیگر معلومات بغیر تعطل کے حقیقی وقت میں کنٹرول روم تک پہنچتی ہیں، جس سے متعلقہ اداروں کو بروقت اور درست فیصلے کرنے میں مدد ملتی ہے۔
ماہرین کے مطابق فائیو جی پر مبنی ڈرون ٹیکنالوجی بغیر پائلٹ فضائی نظام میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ جدید موبائل نیٹ ورکس کی زیادہ بینڈوڈتھ اور کم تاخیر بہتر ویڈیو کوالٹی، تیز ردعمل اور زمینی صورتحال سے فوری آگاہی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے، جو حساس سکیورٹی اور ہنگامی آپریشنز میں نہایت مفید ثابت ہوتی ہے۔
محمد بلال ملک نے اس موقع پر کہا کہ ایرو تھرسٹ سسٹمز مقامی سطح پر جدید ڈرون ٹیکنالوجی کی تحقیق اور ترقی کے لیے سرگرم عمل ہے۔ کمپنی کا مقصد ایسے قابل اعتماد اور جدید فضائی نظام متعارف کرانا ہے جو سرکاری و نجی اداروں کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرتے ہوئے سکیورٹی، آپریشنل کارکردگی اور ڈیٹا پر مبنی فیصلوں کو مزید مؤثر بنا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت، جدید مواصلاتی نظام اور لانگ رینج آپریشن کی بدولت ایرو تھرسٹ سرویلنس ڈرون پاکستان میں جدید فضائی نگرانی کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔ فور اورفائیو جی نیٹ ورکس کے ذریعے 60 کلومیٹر تک آپریٹ ہونے کی صلاحیت رکھنے والا یہ نظام مستقبل کی سرویلنس ٹیکنالوجی کی جانب ایک اہم قدم تصور کیا جا رہا ہے۔




