30 June 2026DailyNewsGujarKhanHeadlinePothwar.com
Gujar Khan: Smuggled Timber Worth Millions Seized on GT Road
گوجر خان کے قریب اسمگل شدہ قیمتی لکڑی سے بھرا ٹرک ضبط

گوجر خان (پوٹھوار ڈاٹ کام | 30 جون 2026) — پنجاب محکمہ جنگلات نے خیبر پختونخوا سے مبینہ طور پر اسمگل کی جانے والی قیمتی لکڑی سے بھرا ایک ٹرک گوجر خان کے قریب جی ٹی روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے ضبط کر لیا۔ حکام کے مطابق یہ کارروائی محکمہ جنگلات کی ایک منظم انٹیلی جنس بنیاد پر کی گئی۔
ڈویژنل فاریسٹ آفیسر (ڈی ایف او) راولپنڈی، عامر امتیاز نے بتایا کہ ٹرک مانسہرہ سے روانہ ہوا تھا اور اس میں تقریباً 700 مکعب فٹ چیڑ (پائن) کی قیمتی لکڑی لوڈ تھی، جسے مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر کاٹا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ محکمہ جنگلات کی انفورسمنٹ ٹیم نے خفیہ اطلاع ملنے پر راولپنڈی سے ٹرک کا تعاقب کیا اور گوجر خان کے قریب جی ٹی روڈ پر اسے روک کر تلاشی لی۔ دورانِ چیکنگ ٹرک میں سوار افراد لکڑی کی قانونی ملکیت یا اس کی نقل و حمل سے متعلق کوئی اجازت نامہ یا دستاویزات پیش نہ کر سکے۔
ڈی ایف او عامر امتیاز کے مطابق پاکستان فاریسٹ ایکٹ 1927 کے تحت فوری کارروائی کرتے ہوئے ٹرک اور لکڑی دونوں کو ضبط کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید قانونی کارروائی کے لیے انہیں سہالہ فاریسٹ سیل ڈپو منتقل کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ لکڑی کی غیر قانونی ترسیل میں ملوث افراد پر 55 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
محکمہ جنگلات کے حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ غیر قانونی کٹائی اور لکڑی کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رکھی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگلات قومی اثاثہ ہیں اور ان کے تحفظ کے لیے قانون کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ اسمگلنگ میں ملوث مکمل نیٹ ورک کا سراغ لگایا جا سکے اور تمام ذمہ دار افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔




