کہوٹہ: (نمائندہ پوٹھوار ڈاٹ کوم، عمران ضمیر، 20 جون 2026) جی پی او کہوٹہ کے نزدیک نامعلوم افراد کی جانب سے کی گئی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 5 راہگیر گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات جنرل پوسٹ آفس (جی پی او) کہوٹہ کے قریب نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کی، جس کے باعث پانچ راہگیر زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال (THQ) کہوٹہ منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
زخمی ہونے والوں میں عدنان مسعود، محمد عدیل، جواد مغل، حفیظ احمد اور ایک کمسن بچی صائمہ شامل ہیں۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
Kahuta, June 20, 2026 (Pothwar.com– Imran Zamir): Five passersby were seriously injured after unknown assailants opened indiscriminate fire near the General Post Office (GPO) Kahuta late last night.
According to details, unidentified individuals resorted to firing in the vicinity of GPO Kahuta, resulting in gunshot injuries to five pedestrians. The injured were immediately shifted to Tehsil Headquarters Hospital (THQ) Kahuta for medical treatment.
The victims have been identified as Adnan Masood, Muhammad Adeel, Jawad Mughal, Hafeez Ahmed, and a minor girl, Saima. Authorities have launched an investigation into the incident, while efforts are underway to identify and apprehend the suspects.
محکمہ اینٹی کرپشن کا کہوٹہ میں چھاپہ، پٹواری ملک عبرت رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار
Anti-Corruption Department Arrests Patwari Red-Handed While Accepting Bribe in Kahuta
کہوٹہ: (نمائندہ پوٹھوار ڈاٹ کوم، عمران ضمیر، 20 جون 2026)محکمہ اینٹی کرپشن نے کہوٹہ میں کارروائی کرتے ہوئے پٹواری ملک عبرت کو مبینہ طور پر رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن حکام نے شہری اخلاق احمد کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے کہوٹہ کلب کے نزدیک چھاپہ مارا، جہاں پٹواری ملک عبرت کو رشوت وصول کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔
گرفتاری کے بعد ملزم پٹواری ملک عبرت کو سول جج درجہ اول ایاز محمود بھٹی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ اینٹی کرپشن حکام کے مطابق مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ واقعے سے متعلق قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
علاقہ مکینوں نے اینٹی کرپشن کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے سرکاری اداروں میں شفافیت اور احتساب کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
Hours-Long Traffic Gridlock at Sihala Railway Crossing Causes Severe Hardship for Commuters
سہالہ پھاٹک بند ہونے سے گھنٹوں ٹریفک جام، مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا
کہوٹہ: (نمائندہ پوٹھوار ڈاٹ کوم، عمران ضمیر، 20 جون 2026)سہالہ ریلوے پھاٹک بار بار بند ہونے کے باعث گھنٹوں تک ٹریفک جام رہنے لگی، جس سے مریضوں، طلبا و طالبات، ملازمین، بزرگوں، خواتین اور دیگر مسافروں کو شدید مشکلات اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
شہریوں کے مطابق پھاٹک کی بندش کے دوران گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ جاتی ہیں، جس کے باعث روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ مری سے راولپنڈی اور کہوٹہ کو ملانے والی اہم شاہراہ پر ٹریفک کا دباؤ مسلسل بڑھ رہا ہے، تاہم اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے تاحال مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے۔
علاقہ مکینوں نے یاد دلایا کہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی جانب سے پنڈی۔کہوٹہ روڈ کو موٹروے طرز کی شاہراہ بنانے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم کئی سال گزرنے کے باوجود اس منصوبے پر عملدرآمد نہ ہو سکا۔ شہریوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ سہالہ اوور ہیڈ برج کی تعمیر کے متعدد اعلانات کیے گئے، مگر وہ تاحال عملی شکل اختیار نہیں کر سکے۔
مقامی افراد کے مطابق ماضی میں بعض مریض پھاٹک کی طویل بندش کے باعث بروقت ہسپتال نہ پہنچ سکے، جس پر شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ شہریوں نے وزیراعظم پاکستان اور وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس لینے اور سہالہ پھاٹک کے مسئلے کا مستقل حل نکالنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔
Residents Protest Over Inflation, Water Shortage, Encroachments and Poor Civic Services in Kahuta
کہوٹہ میں مہنگائی، پانی کی قلت، تجاوزات اور ناقص بلدیاتی سہولیات پر شہریوں کا شدید احتجاج
کہوٹہ: (نمائندہ پوٹھوار ڈاٹ کوم، عمران ضمیر، 20 جون 2026)کہوٹہ اور گردونواح کے علاقوں میں مصنوعی مہنگائی، تجاوزات، ریڑھی بانوں کے بڑھتے ہوئے قبضے او بنیادی شہری سہولیات کی عدم دستیابی کے خلاف عوامی بے چینی میں اضافہ ہو گیا ہے۔ شہریوں نے انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
مقامی افراد کے مطابق شدید گرمی کے موسم میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے اور شہری بوند بوند پانی کو ترس رہے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد علاقوں میں سٹریٹ لائٹس خراب ہونے اور صفائی ستھرائی کا نظام درہم برہم ہونے کے باعث عوام کو روزمرہ زندگی میں مشکلات کا سامنا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بازاروں اور سڑکوں پر تجاوزات اور ریڑھیوں کی بھرمار کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے جبکہ مصنوعی مہنگائی نے عام آدمی کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
عوامی حلقوں نے دعویٰ کیا ہے کہ “صاف ستھرا پنجاب پروگرام” تحصیل کہوٹہ میں صرف تصویری سرگرمیوں اور فوٹو سیشن تک محدود نظر آتا ہے جبکہ زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔ شہریوں نے متعلقہ اداروں پر مسائل کے حل کے بجائے سب اچھا ہے کی رپورٹس دینے کا الزام بھی عائد کیا۔
مقامی افراد نے کہا کہ حلقے کے منتخب نمائندوں کو عوامی مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہیے۔ شہریوں کے مطابق پینے کے صاف پانی سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی فوری توجہ کی متقاضی ہے، تاہم عوام خود کو نظرانداز محسوس کر رہے ہیں۔
شہریوں نے حکومت پنجاب، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ پانی کی فراہمی، صفائی ستھرائی، تجاوزات کے خاتمے اور مہنگائی کے سدباب کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔
MNA Raja Usama Ashfaq Sarwar Assures Early Start of Kahuta Bypass Project During Meeting with Local PML-N Leaders
راجہ اسامہ اشفاق سرور کی کہوٹہ بائی پاس منصوبے پر جلد کام شروع ہونے کی یقین دہانی، مقامی مسلم لیگی رہنماؤں سے ملاقات
مٹور ( نمائندہ پوٹھوار ڈاٹ کوم کبیر احمد جنجوعہ ،20جون2026) راجہ گلزار گلزاری اور سجاد ستی کی ایم این اے راجہ اسامہ اشفاق سرور سے ملاقات ، کہوٹہ بائی پاس اور دیگر ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ، راجہ اسامہ اشفاق سرور نے تمام کام کر نے کی مکمل یقین دہانی کرائی ،راجہ گلزار گلزاری اور سجاد ستی نے ایم این اے راجہ اسامہ اشفاق سرورکا شکریہ ادا کیا ، تفصیل کے مطابق گذشتہ مسلم لیگی شخصیات سابق جنرل کونسلر یوسی ہوتھلہ اور سابق چیئرمین یوسی کھڈیوت سجاد ستی نے پاکستان مسلم لیگ ن حلقہ این اے اکاون کے ممبر قومی اسمبلی راجہ اسامہ اشفاق سرورسے ان کے آفس میں ملاقات کی انہوں نے راجہ اسامہ اشفاق سرورکہوٹہ بائی پاس کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی اور ان کو بتایا کہ عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ٹریفک کی وجہ سے بھی بہت سے مسائل ہیں جس پر راجہ اسامہ اشفاق سرورنے ان کو یقین دیلایا ہے کہ بجٹ میں اس حوالے سے فنڈز رکھا گیا ہے انشاء اللہ جلد کام شروع ہو گا عوام کا سب سے بڑا مسلہ حل ہو جائے گا انہوں نے کہاکہ اس کے علاوہ بھی حلقے میں جہاں بہت سے ترقیاتی کام شروع ہیں اس کے علاوہ بھی ترقیاتی کام شروع ہونگے ، بجلی ، گیس اور ایجوکیشن کے حوالے سے سب مسلے حل ہونگے ۔
Dr. Muhammad Arif Qureshi Appointed Member Board of Law College Kahuta
ڈاکٹر محمد عارف قریشی کو لاء کالج کہوٹہ کے بورڈ آف لاء کا ممبر نامزد کر دیا گیا
مٹور ( نمائندہ پوٹھوار ڈاٹ کوم کبیر احمد جنجوعہ ،20جون2026) کہوٹہ کی معروف سیاسی وسماجی شخصیت ڈاکٹر محمد عارف قریشی کو ممبربورڈ آف لاء کالج کہوٹہ نامزد کر دیا گیا ،عوامی سماجی و سیاسی حلقوں کی طرف سے ڈاکٹر محمد عارف قریشی کو مبارکبا د ،تفصیل کے مطابق گذشتہ روز ممتاز مذہبی اسکالر پروفیسر ڈاکٹر ساجد الرحمن آستانہ عالیہ بگہار شریف، چیئرمین لاء کالج کہوٹہ نے کہوٹہ کی معروف سیاسی وسماجی شخصیت ڈاکٹر محمد عارف قریشی کو علاقے بھر کے تمام شعبوں بلخصوص تعلیم کے فروغ کے لیے گراں قدر خدمات کے اعتراف پر پاکستان کے اسٹیٹ آف دی آر ٹ لاء کالج کہوٹہ کے لیے ممبربورڈ آف لاء کالج کہوٹہ نامزد کر دیا گیا ،ڈاکٹر محمد عارف قریشی نے اپنے اوپر اعتماد کا اظہار کرنے پر ممتاز مذہبی اسکالر پروفیسر ڈاکٹر ساجد الرحمن آستانہ عالیہ بگہار شریف، چیئرمین لاء کالج کہوٹہ کا شکر یہ ادا کیا کہوٹہ کے عوامی سماجی و سیاسی حلقوں کی طرف سے ڈاکٹر محمد عارف قریشی کو مبارکبا د پیش کی ہے یا د رہے ڈاکٹر محمد عارف قریشی وہ عظیم شخصیت ہیں جنہیں محسن پاکستان ڈاکٹر عبد القدید خان کے ساتھ گورنمنٹ کہوٹہ ڈگری کالج کا عرصہ 15سال تک ممبربورڈ آف گورنر کا بھی اعزاز حاصل ہے ۔
51st Annual Urs of Pir Syed Altaf Shah Gilani Bhakri Observed with Devotion and Respect
خانقاہ الطافیہ گیلانیہ بھکر شریف میں پیر سید الطاف شاہ گیلانی کا 51واں سالانہ عرس عقیدت و احترام سے منایا گیا
مٹور (نمائندہ پوٹھوار ڈاٹ کو م کبیر احمد جنجوعہ،20جون2026) 51واں سالانہ عرس مبارک پیر سید الطاف شاہ گیلانی بھکروی عقیدت و احترام سے منایا گیا خانقاہ الطافیہ گیلانیہ بھکر شریف میں الشیخ پیر سید الطاف شاہ گیلانی رزاقی قادری سہروری بھکروی کا 51واں سالانہ عرس مبارک پیر سید ابرار شاہ گیلانی رزاقی قادری سہروری بھکروی کی صدارت اور پیر سید نعمان الطاف گیلانی کی نگرانی میں نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔عرس کے آخری روز کی تقریبات کا آغاز اہلیان ڈھوک چوہدریاں کی جانب سے بابو لطیف کے گھر خصوصی دعا سے ہوا، جہاں سید عامر سعید شاہ کاظمی نے پیر سید الطاف شاہ گیلانی کے ایصالِ ثواب اور پیر سید ابرار شاہ گیلانی کی درازی عمر کے لیے خصوصی دعا کرائی۔دعا کے بعد عقیدت مندوں نے روایتی ڈالی کو خوبصورت انداز میں سجایا جبکہ مختلف رنگوں کے جھنڈے بھی ڈالی کے ساتھ آراستہ کیے گئے۔ بعد ازاں مریدین قافلوں کی صورت میں دربار شریف کی جانب روانہ ہوئے۔ راستے میں بیور، ہوتھلہ اور دیگر علاقوں کے قافلے بھی شامل ہوتے گئے، جبکہ ڈھوک کشمیریاں میں قافلے کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور شرکاء کی شربت سے تواضع کی گئی۔ نمازِ ظہر کی ادائیگی کے بعد قافلہ کلمہ طیبہ اور درودِ پاک کے نذرانے پیش کرتا ہوا دربار شریف پہنچا۔دربار شریف میں پیر سید ابرار شاہ گیلانی نے شہزادہ غوث الوریٰ سید ساران گیلانی کے ہمراہ قافلوں، ڈالیوں اور جھنڈوں کا استقبال کیا اور اپنی سربراہی میں چادر پوشی کی روحانی تقریب انجام دی۔ اس موقع پر قوال حضرات بھی موجود تھے۔مرکزی محفل کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ عمیر مصطفیٰ نے حاصل کی جبکہ حافظ قمر رضا قادری نے نعتِ رسول مقبول ﷺ پیش کی۔ نقابت کے فرائض حافظ ممتاز قادری نے انجام دیے۔ سید عامر سعید شاہ کاظمی نے عرس مبارک کی اہمیت پر خطاب کیا، جبکہ معروف مقرر میر اشتیاق ایڈووکیٹ نے اولیائے کرام کے فیوض و برکات اور کرامات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ بعد ازاں عالمی شہرت یافتہ مصنف، محقق اور اینکر پرسن پروفیسر ڈاکٹر عمر ریاض عباسی نے خطاب کرتے ہوئے خانقاہ کی روحانی خدمات کو سراہا اور کہا کہ یہ درگاہ حضرت شیخ عبدالقادر جیلانیؒ کی تعلیمات کے مطابق دینی و روحانی خدمات انجام دے رہی ہے۔اختتامی دعا پیر سید ابرار شاہ گیلانی نے کرائی، جس کے بعد شرکائے محفل کے لیے وسیع لنگر کا اہتمام کیا گیا جو نمازِ مغرب تک جاری رہا۔ رات کو محفلِ سماع منعقد ہوئی جس میں عالمی شہرت یافتہ قوال سکندر میاں داد اور ان کے گروپ نے روح پرور کلام پیش کر کے حاضرین کو وجد میں لے آئے۔ آخر میں پیر سید ابرار شاہ گیلانی نے دعا کرائی اور یوں 51ویں سالانہ عرس مبارک کی تقریبات اختتام پذیر ہو گئیں۔
Umar Farooq (RA) Exemplified Justice and Leadership for All Times: Molana Qari Usman Usmani
حضرت عمر فاروقؓ کی زندگی قیامت تک حکمرانوں کے لیے عدل و دیانت کا روشن مینار ہے: مولانا قاری عثمان عثمانی
مٹور (نمائندہ پوٹھوار ڈاٹ کو م کبیر احمد جنجوعہ،20جون2026) کہوٹہ کے معروف عالم دین مولانا قاری عثمان عثمانی نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خلیفہ دوم حضرت عمر ؓبن خطاب کی زندگی قیامت تک آنے والے حکمرانوں کے لیے عدل، دیانت، شجاعت اور تقویٰ کا روشن مینار ہے حضرت عمر فاروق ؓکی شہادت تاریخ اسلام کا وہ الم ناک باب ہے جس نے امت کو غمگین کر دیا لیکن ان کے نظام خلافت، کردار اور اصولوں نے رہتی دنیا تک انسانیت کے لیے ہدایت کا چراغ جلا دیا۔انہوں نے کہا کہ حضرت عمرؓ کا دور خلافت اسلامی ریاست کاسنہری دور تھا، جس میں عدل ایسا تھا کہ دریا کے کنارے ایک کتا بھی بھوکا مر جائے تو وہ خود کو جواب وہ سمجھتے تھے۔ ان کا نظام حکومت رفاہ عامہ انصاف اور احتساب کی بنیاد پر قائم تھا، جو آج کے حکمرانوں کے لیے عملی نمونہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج جب امت مسلمہ ظلم و جبر، کرپشن اور نا انصافی کے اندھیروں میں گری ہوئی ہے، تو ہمیں حضرت عمر ؓجیسے حکمرانوں کے نقش قدم پر چلنے کی ضرورت ہے معاشرے میں عدل و انصاف کے قیام اور اسلامی اصولوں پر مبنی نظام کے نفاذ کے لیے اپنی جد و جہد جاری رکھیں گے۔
Successful Sufi Evening at Sobia Mahal Bahara Kahu, Organisers Praised for Event
ثوبیہ محل بہارہ کہو میں صوفیانہ شام کی کامیاب تقریب، منتظمین کو خراجِ تحسین
مٹور (نمائندہ پوٹھوار ڈاٹ کوم کبیر احمد جنجوعہ،20جون2026) ثوبیہ محل بہارہ کہو میں منعقدہ شاندار صوفیانہ شام کی کامیابی پر سینئر رپورٹر سید الماس نقوی کی طرف سے منتظمین کو مبارکباد،تفصیل کے مطابق گذشتہ روز قبل بہارہ کہو کے معروف مقام ثوبیہ محل میں منعقدہ شاندار صوفیانہ شام کی کامیاب انعقاد پر معروف کاروباری شخصیت اور سماجی رہنما سید رضوان شاہ اور دنیا نیوز کے سینئر رپورٹر سید الماس نقوی نے منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر سید رضوان شاہ اور سید الماس نقوی نے ٹیم جنجوعہ کے اراکین عتیق جنجوعہ، شہریار جنجوعہ اور آصف جنجوعہ کو کامیاب اور یادگار ایونٹ کے انعقاد پر پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور ان کی کاوشوں کو سراہااس موقع پر جنجوعہ راجپوت خاندان کے معروف مصنف راجہ مشتاق احمد جنجوعہ،زاہد بٹ (ثوبیہ محل کے مالک)ایڈووکیٹ ملک سلیم جنجوعہ،راجہ صغیر احمد جنجوعہ اور دیگر افراد بھی موجود تھے انہوں نے کہا کہ صوفیانہ محافل محبت، اخوت، رواداری اور روحانی اقدار کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ ثوبیہ محل میں منعقدہ یہ تقریب نہ صرف حاضرین کے لیے روحانی تسکین کا باعث بنی بلکہ ثقافتی اور سماجی سرگرمیوں کے فروغ میں بھی اہم سنگِ میل ثابت ہوئی۔تقریب کے شرکاء نے کامیاب پروگرام کے انعقاد پر ٹیم جنجوعہ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مستقبل میں بھی ایسی مثبت اور معیاری تقریبات کے انعقاد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔