DailyNewsHeadlineOverseas newsPothwar.com
Norway: Pakistani Community Leaders Discuss Language, Youth and Identity Issues at Norway’s Parliament
ناروے میں پاکستانی کمیونٹی کے مسائل، زبان، نوجوانوں اور شناخت پر پارلیمنٹ میں اہم ملاقات

ناروے (نمائندہ پوٹھوار ڈاٹ کوم — عقیل قادر | 27 جنوری 2026ء):
ناروے کی سرد فضاؤں میں پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کی گرمی نمایاں طور پر محسوس کی جا سکتی ہے۔ اسی جذبے کے تحت پاکستانی کمیونٹی کے ممتاز رہنماؤں چوہدری اسماعیل سرور بٹھیاں، راجہ عاشق حسین، چوہدری تنویر احمد میکن، چوہدری وسیم شہزاد، راشد علی اعوان اور عقیل قادر نے پارلیمنٹ ہاؤس میں رکنِ قومی اسمبلی اور لیبر پارٹی کے نمائندے فرخ قریشی سے ملاقات کی۔

یہ ملاقات محض رسمی گفتگو تک محدود نہ رہی بلکہ زبان، شناخت اور نئی نسل کے مستقبل جیسے اہم موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فرخ قریشی نے اردو زبان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ زبان صرف رابطے کا ذریعہ نہیں بلکہ شناخت اور ثقافت کی بنیاد ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے والدین پاکستانی ہیں اور انہوں نے اپنی اولاد کو اردو سکھا کر اپنی جڑوں سے جوڑے رکھا ہے۔
وفد کے دیگر اراکین نے اس بات پر زور دیا کہ زبان اور روایات سے وابستگی نوجوانوں کو معاشرتی طور پر مضبوط بناتی ہے۔ نوجوانوں میں بڑھتے ہوئے جرائم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے رہنماؤں نے واضح کیا کہ صرف سزا اور جرمانے مسائل کا حل نہیں، بلکہ رہنمائی، تعلیم، مثبت سرگرمیاں اور سماجی مدد ہی نوجوانوں کو درست سمت دے سکتی ہیں۔




