London; Legendry Political personality Abdul Qayoum Butt (PPP) of Dhok Makk, Kallar Syedan, passed away in Hounslow, London
یپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کے قریبی ساتھی کلر سیداں سے سابق رکن پنجاب اسمبلی عبدالقیوم بٹ ایڈووکیٹ پچاسی برس کی عمر میں برطانیہ میں انتقال کر گئے
لندن/کلر سیداں ( نمائندہ پوٹھوار ڈاٹ کوم ,اکرام الحق قریشی)پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کے قریبی ساتھی کلر سیداں سے سابق رکن پنجاب اسمبلی عبدالقیوم بٹ ایڈووکیٹ پچاسی برس کی عمر میں برطانیہ میں انتقال کر گئے ان کا شمار پیپلز پارٹی کے بانیوں اور ذوالفقار علی بھٹو کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا انہوں نے 1970کے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی تھی جس کے بعد پنجاب اسمبلی میں عبدالقیوم بٹ اور رانا پھول محمد خان دو ایسی شخصیات تھیں جنہوں نے عوام کی بھر پور نمائندگی کی تھی۔عبدالقیوم بٹ نے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر ہی 1977میں ٹیکسلا سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑا اور 64ہزار 8سو سات ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی اس نشست پر پاکستان قومی اتحاد کے تصدق حسین 34ہزار ایک سو ووٹ حاصل کر سکے تھے۔جنرل محمد ضیا الحق کی طرف سے ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد عبدالقیوم بٹ کو بھی گرفتار کر لیا گیا یہ طویل عرصہ راولپنڈی جیل میں رہے جہاں انہیں پندرہ کوڑے بھی لگائے گئے تھے۔بعد ازاں یہ افغانستان کے راستے یورپ چلے گئے اور برطانیہ میں مقیم ہو گئے۔ذوالفقار علی بھٹو کے بعد ان کے پیپلز پارٹی سے راستے جدا ہو گئے وہ بائیس برس تک جلا وطن رہے انہوں نے متعدد بار برطانیہ میں رہ کر اپنی سیاسی جماعت تشکیل دی جو عوا م میں مقبولیت حاصل نہ کر سکی یہ منگل کے روز برطانیہ میں انتقال کر گئے ان کی نماز جنازہ آج بروز بدھ دن دو بجے لندن کے نواحی علاقے ہنسلو میں ادا کی جائیگی۔