DailyNewsHeadline

Dadyal, AJK; Retired employees’ pension files have become a football between the Deputy Secretary Board and the Deputy Secretary of Finance.

ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن بکس اور فائلیں ڈپٹی سیکرٹری بورڈ اور ڈپٹی سیکرٹری مالیات کے درمیان فٹبال بن کر رہ گئی ہیں

ڈڈیال(نمائندہ پوٹھوار ڈاٹ کام) ریاست بھر کے بلدیاتی اداروں کی نما ئندہ تنظیم ” فیڈریشن آف آل ایمپلائز لوکل کونسل آزاد جموں و کشمیر کے مرکزی سیکرٹری جنرل و صدر لوکل کونسل میونسپل کارپوریشن میرپور راحیل احمد بٹ نے نمائیندگان پرنٹ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر نے ریاست بھر کے بلدیاتی اداروں کے ریٹائرڈ اور ضعیف العمر پنشنرز اور ملازمین کی خواہش کے مطابق تنخواہوں سے کنٹری بیوشن کے نام پر %3 کٹوتی کی بندش اور ماہوار بنیادوں پر پنشن کی متعلقہ محکمہ حسابات کے زریعے ادائیگی کی سیکرٹری مالیات آزادکشمیر کو ہدایات اور منظوری قابل ستائش،قابل فخر اور خوش آئیند ہے۔جس پر بلدیاتی ادارواں کے ملازمین وزیر اعظم آزاد کشمیر کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ مرکزی سیکرٹری جنرل راحیل احمد بٹ نے کہا کہ امید کرتے ہیں کہ سیکرٹری مالیات آزاد کشمیر وزیر اعظم آزاد کشمیر کی جانب سے تحریری طور پر جاری کردہ ہدایات و منظوری کو پنشنرز اور ملازمین کی خواہش کے مطابق حل کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے ضعیف العمر اور ریٹائرڈ ملازمین کی دعائیں لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 30 جون 2019 ء تک پنشن کے جملہ بقایاجات کلیئر کرنے کے بعد تاحال پنشنرز کمیوٹیشن،لیو انکیشمنٹ اور ماہوار پنشن کے بقایاجات کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کی تنخواہوں سے ماہوار بنیادوں پر %3فیصد اورادارہ جات کی آمدن پر %15فیصد کنٹری بیوشن کے نام پر کٹوتی کے باوجود ریٹائرڈ غریب،کمزوراور بے بسی کی تصویر بنے ملازمین وزیر اعظم آزاد کشمیر اور سیکرٹری مالیات آزاد کشمیر کی طرف امید بھری نظروں سے دیکھ رہے ہیں۔ مرکزی سیکرٹری جنرل راحیل احمد بٹ نے ریاست بھر کے لوکل کونسل آفیسران کو ٹائم سکیل کی بنیاد پر اگلے سکیل میں ترقیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی اور سیکرٹری مالیات آزاد کشمیر اسی طرح ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے دیگر ملازمین غیر جریدہ لوکل کونسل کو بھی جن کے کیس مختلف محکمہ جات میں زیر کار ہیں کو ٹائم سکیل کی بنیاد پر اگلے سکیل میں ترقیاب کرنے کی منظوری دینے میں اپنا بھرپورکردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ اور ڈپٹی سیکرٹری مالیات پنشنرز کے لیے ڈی ڈی اوکے اختیارات رکھتے ہیں لیکن ڈپٹی سیکرٹری مالیات کے نامناسب اور غیر سنجیدہ رویہ کے باعث ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن بکس اور فائلیں ڈپٹی سیکرٹری بورڈ اور ڈپٹی سیکرٹری مالیات کے درمیان فٹبال بن کر رہ گئی ہیں جن کی وجہ سے ریٹائرڈ ملازمین انتہائی پریشانی اور ذہنی اذیت میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 11دسمبر کو مظفرآباد فیڈریشن کے اجلاس کے بعد سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی سے ملاقات کے دوران لوکل کونسل سروس رولز، پنشنرز کے جملہ مسائل،ضلعی کوٹہ کی پابندی،سکیل گیارہ و بالا کی سلیکشن کمیٹی اور سنیارٹی کے مطابق سینئر موسٹ اہلکاران کی ترقیابیوں میں تاخیر کے حوالے سے فیڈریشن کی تشویش سے آگاہ کیا۔جس پرحکام بالا نے تمام مسائل کو سنیارٹی، میرٹ اور سروس رولز کے مطابق یکسو کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بلدیاتی ادارہ جات کے ملازمین احتجاج اور ہڑتال کا شوق نہیں رکھتے لیکن اگر ان کے حقوق کو دبانے کی کوشش کی جاتی ہے تو پھر احتجاج پر مجبور ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی ادارہ جات کے ملازمین کسی بھی حکومت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور حکومت کی نیک نامی میں اضافہ کا باعث بنتے ہیں لہذا حکومت آزاد کشمیر کو چاہئے کہ پنشنرز کے مسائل کو جلد از جلد یکسو کرتے ہوئے کنٹری بیوشن کے نام پر ملازمین کی تنخواہوں سے %3فیصد کٹوتی کو بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کریں۔

Show More

Related Articles

Back to top button